شرعی مسائل میں رہنمائی بصورت

  • بذریعہ اخبار ضرب مؤمن
  • بذریعہ ای میل
  • بذریعہ ڈاک
  • تحریری فتویٰ
  • بالمشافہہ رہنمائی

کال سینٹر

کچھ لوگ فون پر مسائل دریافت کرتے ہیں ،دارالافتاء سے فون پر شرعی مسائل کی رہنمائی کے لیے کال سینٹرکی سہولت موجود  ہے، اس مقصد کے لئے صبح آٹھ بجے سے رات دس بجے تک کھانے اور نماز کے اوقات کے علاوہ میں مفتیان کرام مخصوص فون نمبر پر موجود رہتے ہیں، اس دورانیہ میں عوام کی طرف سے کئے جانے والے  سوالات کا بالعموم فوری جواب دیدیا جاتاہے ،البتہ کبھی مسئلے کے قابل غور ہونے کی صورت میں سائل کو دوسرے وقت میں دوبارہ فون کے لئے کہدیا جاتاہے۔ ان شاء اللہ عنقریب یہ کال سینٹرہفتہ کے سات دن  چوبیس گھنٹے یعنی 24/7 خدمات سر انجام دے گا۔

کاروباری تنازعات اور عائلی جھگڑوں کا شرعی حل

بالمشافہہ طور پر سائلین کو شرعی مسائل کاحل بتانے میں کاروباری تنازعات کا تصفیہ اور عائلی جھگڑوں کا شرعی حل نکالنا بھی شامل ہے ۔یہ دارالافتاء جامعة الرشید سے انجام دی جانے والی دوسری بڑی خدمت ہے ،اس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ عائلی یا کاروباری تنازعہ کے دونوں فریق اپنا مسئلہ لیکر”دارالافتاء “   آجاتے ہیں، جہاں مفتیان کرام فریقین کی بات سن کران کو  شرعی حکم سے آگاہ کردیتے ہیں،یوں فریقین کے درمیان دارالافتاء سے بتائے گئے شرعی حکم پر اعتماد کی وجہ سے  صلح وصفائی ہوجاتی ہے ۔دارالافتاء اپنی دیگر خدمات کی طرح اس خدمت پر بھی فریقین سے کوئی معاوضہ وصول نہیں کرتا۔

فلکیات سے متعلقہ مسائل کا حل

دارالافتاء جامعة الرشید سے انجام دی جانے والی خدمات میں سے ایک یہ خدمت بھی ہے ،کہ مختلف علاقوں کےلوگوں کو اپنے علاقوں کے اوقات نماز کےجو نقشےدرکار ہوتے ہیں ،دارالافتاء ان کے لئے فن فلکیات کے اصولوں کے مطابق ایسے نقشےتیار اور فراہم کرتاہے ۔اسی طرح اگر کسی جدید یا قدیم مسجد کی قبلہ کی سمت درست کرنی ہوتو اس کے لئےبھی دارالافتاء سے مفتیان کرام تشریف لے جاتے ہیں اورعلم فلکیات کے  اصولوں اور آلات کی مدد سےسمت قبلہ  درست کرنے کی خدمت انجام دیتے ہیں

قومی اور اجتماعی مسائل کے حل کے لئے فقہی اجتماعات کا انعقاد

قومی اور اجتمامی نوعیت کے مسائل  کے حل کے لئے  دارالافتاء جامعة الرشیدبین المدارس فقہی اجتماعات منعقد کرانے کا بھی اہتمام کراتاہے ۔ایسے اجتماعات میں بالعموم کراچی کے بڑے جامعات اور دارالافتاؤں کے اکابر اہل علم شرکت فرماتے ہیں ،تاہم کبھی اہم قومی نوعیت کے مسائل پرکراچی کے علاوہ ملک  کے دیگرشہروں سے بھی بڑے دینی  جامعات اور دارالافتاؤں کے حضرات مفتیان کرام کو مدعو کرلیا جاتاہے۔مثلاگزشتہ سے پیوستہ سال  حلال غذاؤں اور دواؤں کے موضوع پر ایک فقہی اجتماع ہو اجس میں ملک بھر کے لگ بھگ پچاس جامعات کے حضرات مفتیان کرام نے شرکت فرمائی۔

تخصصات کے طلبہ کی تربیت اور تمرین

دارالافتاء جامعة الرشیدمیں طلبہ تخصصات کے فتوی اور تحقیق کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔اس سلسلے میں افتاء کے طلبہ سے ابتدائی طورپرحضرات اکابر رحمہم اللہ تعالی اور دارالافتاء جامعة الرشید کے سابقہ فتاوی کی تخریج کا کام کروایا جاتاہے ،دوسرے مرحلے میں ان سے دارالافتاء سے کئے جانے والےحقیقی استفتاءات کو حل کروایاجاتاہے ۔تیسرے مرحلے میں بعض تخصصات کےطلبہ کرام سے باقاعدہ ایک نصابی سرگرمی کے طور پر مخصوص فقہی موضوع پر مفصل علمی مقالے لکھوانے کا کام کرایا جاتاہے۔