70578 | ہبہ اور صدقہ کے مسائل | ہبہ کےمتفرق مسائل |
سوال
میری امی اپنی وصیت بنوانا چاہتی ہیں اور میرے ابّو بھی حیات ہیں ہم 2 بہنیں اور 1 بھائی ہے میری امی کے نام پر گھر اور گاڑی ہے،اس کو ہم شرعی طور پر کس طرح تقسیم کریں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
زندگی میں اپنی جائیداد اولاد میں تقسیم کرنا ہبہ کے حکم میں ہےاور اس کے حوالے سے تفصیل درج ذیل ہے:
1۔عام حالات میں اولاد کے درمیان ہبہ کرنے میں برابری مستحب ہے ،یعنی سب کو ،چاہے لڑکا ہو یا لڑکی برابر حصہ دیا جائے۔
2۔بغیر کسی معقول وجہ ترجیح کے، محض نقصان پہنچانے کی غرض سے بعض کو کم اور بعض کو زیادہ دینا ناجائز ہے۔
3۔ اگرکمی بیشی کی کوئی معقول وجہ ہو،جیسےاولاد میں سے کسی کا زیادہ تنگدست ہونا، زیادہ عیالدار ہونا،بعض کا خدمت گار ہونا اور بعض کا نافرمان ہوناوغیرہ توایسی صورت میں جو زیادہ تنگدست،عیالدار یا خدمت گار ہو اسے زیادہ دیا جاسکتا ہے،لیکن کسی کو بالکل محروم کردینا جائز نہیں۔
4۔ایسی بے دین اولاد کوجسے دینے کی صورت میں غالب گمان ہو کہ وہ اس مال کو ناجائز کاموں میں صرف کرے گی وقتی ضرورت سے زیادہ نہیں دینا چاہیے،بلکہ ایسی صورت میں سارا ان میں تقسیم کرنے کے بجائےاضافی مال دینی کاموں میں خرچ کردینا مستحب ہے۔
واضح رہے کہ چونکہ زندگی میں جائیداد کی تقسیم ہبہ ہے،اس لیے اس میں یہ بھی ضروری ہے کہ والدہ اولاد میں سے جس کو جو مال دے وہ اس کے نام کرکے باقاعدہ اس کے قبضے میں بھی دے،کیونکہ اگر صرف نام کروایا اور قبضہ نہیں دیا تو ایسا ہبہ پورانہیں ہوگا اور والد ہ کے انتقال کے بعد ایسا مال بھی میراث کا حصہ بن کر سب ورثہ میں شرعی حصوں کے مطابق تقسیم ہوگا۔
نیز مذکورہ صورت میں چونکہ آپ کے والد بھی حیات ہیں،اس لیے تقسیم کے وقت کل مال کا چوتھائی یاکچھ کم زیادہ حصہ انہیں بھی دینا چاہیے،البتہ اگر وہ بخوشی اپنا حصہ نہ لینے پر آمادہ ہوں تو پھر سارا مال اولاد کے درمیان تقسیم کرنے میں حرج نہیں۔ (احسن الفتاوی:9/310)
حوالہ جات
"البحر الرائق شرح كنز الدقائق ": (ج 20 / ص 110) :
"يكره تفضيل بعض الأولاد على البعض في الهبة حالة الصحة إلا لزيادة فضل له في الدين وإن وهب ماله كله الواحد جاز قضاء وهو آثم، كذا في المحيط.
وفي فتاوى وفي الخلاصة المختار التسوية بين الذكر والأنثى في الهبة, ولو كان ولده فاسقا فأراد أن يصرف ماله إلى وجوه الخير ويحرمه عن الميراث, هذا خير من تركه؛ لأن فيه إعانة على المعصية، ولو كان ولده فاسقا لا يعطي له أكثر من قوته".
"الدر المختار للحصفكي ": (ج 5 / ص 265) :
وفي الخانية: لا بأس بتفضيل بعض الاولاد في المحبة لانها عمل القلب، وكذا في العطايا إن لم يقصد به الاضرار، وإن قصده فسوى بينهم يعطي البنت كالابن عند الثاني، وعليه الفتوى ولو وهب في صحته كل المال للولد جاز وأثم".
"البزازیہ علی ھامش الہندیۃ"(6/237):
"الافضل فی ھبۃ الابن والبنت التثلیث کالمیراث وعند الثانی التنصیف وھوالمختار،ولووھب جمیع مالہ من ابنہ جاز ،وھو آثم ،نص علیہ محمد ،ولو خص بعض اولادہ لزیادۃ رشدہ لاباس بہ ،وان کانا سواءلایفعلہ".
محمد طارق
دارالافتاءجامعۃالرشید
27/ربیع الاول1442ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد طارق غرفی | مفتیان | آفتاب احمد صاحب / سعید احمد حسن صاحب |