| 87769 | پاکی کے مسائل | پانی کے مسائل |
سوال
ہمارے گھر کی ٹینکی میں ناپاکی گری تھی ،اْن دنوں میں ہمارے یہاں بورنگ کی پائپ نکال کر اس کی صفائی بھی کی تھی اور اسے بھی اس ناپاک پانی سے دھو کر واپس بورنگ میں ڈال دیا تھا۔ تو کیا اب بورنگ کا پانی پاک ہے یا نہیں؟ اگر نہیں، تو کیا کچھ دیر بورنگ کی مشین کھول کر پانی ضائع کرنے سے بورنگ کا پانی پاک ہوجائے گا؟
نوٹ: بورنگ 120 فٹ کی ہے اور دوبارہ پائپ وغیرہ نکال کر پاک کرنا بہت زیادہ مشکل ہے۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
واضح رہے کہ ناپاک پانی پائپ کو لگنے سے پائپ ناپاک ہو گیا ، پھر پلاسٹک کے پائپ میں چونکہ گندگی سرایت نہیں کرتی لہذا اس کی پاکی کا درست طریقہ یہ تھا کہ اس کو دھو لیا جاتا یا کم از کم کسی گیلے کپڑے سے اسے صاف کیا جاتا تو بھی پائپ پاک ہو جاتا۔
مذکورہ معاملے میں پائپ پاک کیے بغیر جب بورنگ کے پانی میں ڈالا گیا ، تو پانی ناپاک ہو گیا، اب چونکہ اس بات کا علم نہیں ہو سکتا کہ بورنگ کا پانی قلیل ہے یا کثیر ، لہذا احتیاط اسی میں ہے کہ قلیل کے حکم میں بورنگ کا تمام پانی نکالا جائے ، لیکن مذکورہ صورت میں بورنگ کا تمام پانی نکالنا بھی تقریبا ناممکن ہے،لہذا فقہاء کرام نے اس کا حکم یہ لکھا کہ ایسی صورت میں تین سو ڈھول پانی نکال لیا جائے ، تو بور پاک ہو جائے گا۔
حوالہ جات
الفتاوى العالمكيرية = الفتاوى الهندية» (1/ 43):
(ومنها المسح) إذا وقع على الحديد الصقيل الغير الخشن كالسيف والسكين والمرآة ونحوها نجاسة من غير أن يموه بها فكما يطهر بالغسل يطهر بالمسح بخرقة طاهرة. هكذا في المحيط ولا فرق بين الرطب واليابس ولا بين ما له جرم وما لا جرم له. كذا في التبيين وهو المختار للفتوى.
الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار» (ص31):
وبتغير أحد أوصافه) من لون أو طعم أو ريح (بنجس) الكثير ولو جاريا إجماعا، أما القليل فينجس وإن لم يتغير خلافا لمالك.
(وإن تعذر) نزح كلها لكونها معينا (فبقدر ما فيها) وقت ابتداء النزح.قاله الحلبي (يؤخذ ذلك بقول رجلين عدلين لهما بصارة بالماء) به يفتى، وقيل يفتى بمائة إلى ثلاثمائة وهذاأيسر، وذاك أحوط.
حسن علی عباسی
دارالافتاء جامعۃ الرشید،کراچی
05/ذی الحجہ /1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | حسن علی عباسی ولد ذوالفقار علی عباسی | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


