| 89682 | شرکت کے مسائل | شرکت سے متعلق متفرق مسائل |
سوال
زید کی گاڑی ہے ( جس کی قیمت 50 لاکھ روپے ہے ) زید نے یہ گاڑی بکر کو شراکت پر دی ( اِس طور پر ) کہ تم یہ گاڑی ڈراٸیونگ پر چلاؤ اور مجھے اس کی کُل قیمت ( یعنی 50 لاکھ روپے ) کما کر دے دو ، جب تم نے مجھے گاڑی کی موجودہ کُل قیمت ادا کر دے دی تب یہ گاڑی میرے اور تمہارے درمیان مشترک ہوگی۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ : 1) اِس معاملہ کاتعلق کسعقد کے ساتھ ہے ، کیا یہ شرکت ہے یا اِجارہ وغیرہ ؟ 2) کیا یہ معاملہ شرعاً درست ہے؟ 3) اگر درست نہیں تو اس کی جاٸز صورت بتاکر ممنون فرماٸیں۔ شمس الزمان ۔ کوٸٹہ
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
معاملہ کی موجودہ شکل شرعا درست نہیں ،کیونکہ یہ شراکت تو ہے نہیں۔اور اگر اجارہ مانیں تو اجرت اور مدت دونوں میں جہالت ہے۔نیز ایک ہی عقد میں دو مختلف معاملات (بیع اور اجارہ )کیا ہے ۔لہذا یہ معاملہ فاسد قرار پاتاہے۔
درست طریقہ یہ ہوسکتا ہے کہ زید بکر کواپنی گاڑی کا نصف حصہ متعین رقم مثلا تیس لاکھ روپے کے عوض بیچ دے،جب یہ شراکت ہو جائے تو زید گاڑی میں اپنے شراکتی حصے کو متعین مدت اور متعین اجرت کے بدلے بکرکو کرائے پر دےدے۔اس صورت میں دونوں فریق ابتداء سے شریک ہوں گے ۔بکر متعین رقم مثلا تیس لاکھ روپے اور کرایہ ماہانہ بنیادوں پردینے کا پابند ہوگا۔اگر الگ ہونا چاہیں تو ایک بڑی مدت مثلا ایک سال گزرنے کے بعد زید بکر کاحصہ آپس کی رضامندی سے خریدکر حساب کی بے باقی کرسکےگا۔
حوالہ جات
بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع:۵/۱۶۹
(ومنها) شرط لايقتضيه العقد وفيه منفعة للبائع أو للمشتري أو للمبيع إن كان من بني آدم كالرقيق وليس بملائم للعقد ولا مما جرى به التعامل بين الناس نحو ما إذا باع دارًا على أن يسكنها البائع شهرًا ثم يسلّمها إليه أو أرضًا على أن يزرعها سنةً ۔۔ونحو ذلك؛ فالبيع في هذا كلّه فاسد؛ لأنّ زيادة منفعة مشروطة في البيع تكون ربا؛ لأنها زيادة لايقابلها عوض في عقد البيع وهو تفسير الربا".
الدر المختار مع رد المحتار : ۷۷/۹
(تفسد الإجارة بالشروط المخالفة لمقتضى العقد فكل ما أفسد البيع ) ممامر (يفسدها) كجهالة مأجور أو أجرة أو مدة أو عمل، و كشرط طعام عبد و علف دابة ومرمة الدار أو مغارمها وعشر أو خراج أو مؤنة ،
عبداللہ المسعود
دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی
۱۵/رجب /۱۴۴۷ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | عبدالله المسعود بن رفيق الاسلام | مفتیان | شہبازعلی صاحب / فیصل احمد صاحب |


