| 81346 | ہبہ اور صدقہ کے مسائل | کئی لوگوں کو مشترکہ طور پرکوئی چیز ہبہ کرنے کا بیان |
سوال
میرے والد صاحب 2009 میں الله تعالیٰ کو پیارے ہو گئے تھے۔جس مکان میں والد صاحب رہائش پزیر تھے وہ پلاٹ انہوں نے قریباً 2004 میں خریدا تھا۔ اور پھر اس میں خود مکان تعمیر کروایا تھا۔والد صاحب نے جب پلاٹ خریدا تو بقیہ قیمت کی ادائیگی کے وقت رجسٹری مشترکہ طور پر چار بڑے بیٹوں کے نام کروائی تھی،البتہ کس کا کتنا حصہ ہے یہ مذکور نہیں۔ والد صاحب کی وفات کے وقت ان کی ایک اہلیہ پانچ بیٹے اور تین بیٹیاں حیات تھیں۔والد صاحب کی دو شادیاں ہوئی تھیں۔ پہلی اہلیہ جو کہ ان کی زندگی میں ہی وفات پا گئی تھیں سے دو بیٹیاں ہیں اور دوسری اہلیہ سے پانچ بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔دونوں بڑی بہنوں کی شادی والد صاحب کی زندگی میں ہی ہو گئی تھی۔ اور اس وقت اپنے اپنے گھروں میں آباد ہیں۔دیگر افراد (اہلیہ، پانچوں بیٹے اور ایک بیٹی) اسی گھر میں والد صاحب کے زیر کفالت رہائش پزیر تھے۔اور ان کا ارادہ کچھ اس طرح تھا کہ رواج کے مطابق بڑی بیٹیوں کی تو شادیاں کر دی ہیں۔چار بیٹوں کے نام یہ والا پلاٹ کر دیا ہے۔ الله تعالیٰ نے وسعت دی تو چھوٹے بھائی کے لیے کوئی اور معاملہ کر لیں گیں اور چھوٹی بیٹی کو شادی کے موقع پر جو دینا ہوا دے دیں گیں۔پلاٹ کی خریداری اور رجسٹری کے وقت چاروں بیٹوں کی عمریں 17 ، 15، 7 اور 6 سال تھیں۔ سب بیٹے والد صاحب کی وفات تک انہیں کے ہی زیر کفالت تھے اور کوئی بیٹا خودمختار نہیں تھا اور ابھی بھی سب اکٹھے ہی رہتے ہیں۔پلاٹ میں تعمیرات کا سارا سلسلہ والد صاحب خود کرتے رہے۔جب والد صاحب نے جگہ رجسٹری کے ذریعے سے نام کروائی تھی تو کیا وہ صرف نام کروانا چاہتے تھے یا بچوں کو باقاعدہ دے دیا تھا اس بات کی وضاحت الگ سے کہیں موجود نہیں ہے اور چونکے بچے غیر شادی شدہ اور چھوٹے تھے اور وہ والد کے ہی زیر کفالت تھے تو یہ اب یہ معلوم کرنا بھی ناممکن ہے کہ انہوں نے بچوں کو تمام تر اختیارات و تصرفات کرنے کی نیت کی تھی یا نہیں، البتہ اگر وہ خود اس مکان کو فروخت کرنا چاہتے تو ظاہرا بچوں نے انکار نہیں کرنا تھا ،لیکن فروخت کا یہ عمل بچوں کی شمولیت کے بغیر ناممکن تھا کیونکہ رجسٹری بچوں کے نام پر ہی تھی۔
پلاٹ کا کل رقبہ 7 مرلہ ہے۔لمبائی قریبا 57 فٹ اور چوڑائی قریباً 27 فٹ ہے۔اس گھر سے ایک گلی لگتی ہے 27 فٹ والے رخ پر۔گھر کے ایک طرف 6 مرلہ کا مکان دوسری طرف بڑا مکان شاید 12 ، 13 مرلہ ہو۔فرنٹ پر گلی کے دوسری طرف 10 مرلہ کا ایک گھر اور ساتھ 13 مرلہ کا ایک پلاٹ تھا جسے گزشتہ سال چار حصوں میں تقسیم کر دیا گیا۔پلاٹ کے پچھلی طرف بھی 5 مرلہ سے بڑے گھر ہیں۔ہمارے مذکورہ بالا پلاٹ کو اگر چار حصوں میں تقسیم کیا جائے تو راستہ نکال کر قریبا 1.5 مرلہ کا ایک حصہ بنے گا جو کہ اردگرد کے لحاظ سے قابل رہائش محسوس نہیں ہوتا۔ تاہم انتہائی مجبوری میں رہائش رکھنی پڑے تو شاید کوئی رکھ ہی لے۔ایسی صورت میں گھر کا مرکزی دروازہ تو ایک ہی رکھنا ہوگا اور باقی تمام گھروں تک پہنچنے کے لیے ایک راہداری چھوڑنی ہوگی،جہاں سے ہر گھر والے اپنے اپنے گھر میں آجاسکیں گے۔ والد صاحب کے اس پراپرٹی کے علاوہ بھی دو اور پلاٹ ہیں جو کہ اس سے پہلے کے ہیں وہ والد صاحب کے ہی نام ہیں۔
اب ہمیں اس مسئلہ میں رہنمائی چاہیے کہ شرعی طور پر یہ گھر ان چار بچوں کی ملکیت ہے یا والد صاحب کے ترکہ میں
شامل ہوکر تمام بچوں میں تقسیم کی جائے گا؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
والد کا اپنی زندگی میں بچوں کو بلاعوض کوئی چیز دینا شرعی طور پر ہبہ یعنی گفٹ کہلاتا ہے۔ہبہ کے درست ہونے کے لیے ضروری ہے کہ جس شخص کو ہبہ کیا جارہا ہو اگر وہ ہبہ کرنے والے کی نابالغ اولاد نہ ہو مثلا کوئی اجنبی شخص ہو یا اس کی اولاد تو ہو لیکن بالغ ہو تو وہ اس ہبہ کردہ چیز پر اس طرح قبضہ کرلے کہ اس چیز میں خود ہبہ کرنے والا یا اس کا کوئی ساز و سامان وغیرہ قبضہ کرتے وقت نہ باقی رہے۔صورت مسئولہ میں بالغ بچوں کے حق میں اس طرح کا قبضہ نہ پائے جانے کی وجہ سے ہبہ فاسد ہوگیا اور عقد ہبہ چونکہ ایک ہی تھا ، لہذا بالغ و نابالغ کسی کے حق میں بھی ہبہ درست نہیں ہوا اور گھر بدستور والد صاحب کی ملکیت میں رہا۔چنانچہ اب یہ ان کے ترکے میں شامل ہوکر ان کے شرعی ورثہ کے درمیان شرعی حصوں کے بقدر تقسیم ہوگا۔
حوالہ جات
درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (2/ 417)
(إذا وهب أحد لابنه الكبير العاقل البالغ شيئا يلزم التسليم والقبض) .
قبض العاقل البالغ في الهبة شرط ولا يكفي قبض الآخرين فضولا كالأب والزوج وعليه لو وهب أحد لولده الكبير أي ابنته أو ابنه العاقل البالغ شيئا سواء أكان ذلك الشيء في يد الشخص أم في يد المستودع أم الغاصب أم المستأجر فيلزم تسليم الواهب وقبض الموهوب له ولو كان الولد الموهوب له لا يزال في عيال ذلك الشخص يعني يلزم التسليم والقبض في الهبة للولد الكبير كما في الهبة لأجنبي إذ لا يجري في ذلك حكم المادة الآتية فلا يكفي أن يكون المال الموهوب في يد الأب الواهب أو أن يجدد الأب بعد الهبة القبض (منلا مسكين) انظر المادة (838) .وعليه لو وهب أحد دارا لابنيه أحدهما صغير في عياله وثانيهما كبير كانت فاسدة في الكل؛ لأن ذلك الشخص كما أنه قد وهب فهو قابض لحصة الصغير بمقتضى المادة الآتية ثم بما أنه يلزم بمقتضى هذه المادة قبض الكبير بالذات والهبة وقت القبض مشاع وهبة المشاع فاسدة
درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (2/ 448)
أما هبة المشغول فلا تجوز أي لا تجوز هبة المال المشغول بمتاع الواهب وملكه (البهجة) ؛ لأن الموهوب إذا كان مشغولا بمتاع الواهب كان كالمشاع وفي حكمه. مثلا لو وهب أحد داره المشغولة بأمتعته وسلمه إياها فلا تجوز. إلا إذا سلمها بعد تخليتها من الأمتعة المذكورة… ويلزم أن يكون الإذن بالقبض بعد التخلية والتسليم.ولا اعتبار للإذن الذي يكون قبل التخلية. كما لا اعتبار للتسليم قبل التخلية… مستثنيات، تجوز هبة ثلاثة أنواع للمشغول…لو وهب الأب المشغول لطفله جازت (الدر المختار) .مثلا لو وهب أحد داره المشغولة بأمتعته أو مزرعته المشغولة بزرعه أو تصدق بهما عليه وأشهد على ذلك كان ذلك صحيحا أما لو وهب أحد ولده الكبير الساكن معه في منزل مملوك، ذلك المنزل، وهو مشغول بمتاعه فلا تصح الهبة بلا تخلية وتسليم (علي أفندي) .
شیرعلی
دارالافتاء جامعۃ الرشید
09صفر 1444ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | شیرعلی بن محمد یوسف | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


