| 83983 | جائز و ناجائزامور کا بیان | خریدو فروخت اور کمائی کے متفرق مسائل |
سوال
آج کل Telegram پر TapSwap,Yescoin,BDF coin کی اپلیکیشن چلتی ہے جس کو اوپن کر کے بار بار کلک کرنا ہوتا ہے جسکی وجہ سے کوائن ملتے ہیں۔ بعد میں ان کوائن کے حساب سے پیسے ملیں گے۔ کیا یہ جائز ہے کہ نہیں؟ سائل کو اس سے زیادہ معلومات نہیں۔
نوٹ : بی ڈی ایف کوائن کے بارے میں معلومات نہ مل سکے، اس لیے اس کا جواب نہیں دیا گیا۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
یس کوائن (Yes Coin) ایپ پر کوائن کمانے کے درج ذیل تین طریقے ہیں :
1. ایپ کھول کر پہلا آپشن ارن(Earn) کا آتا ہے جس کے تحت دن میں مختلف گروپس اور پیج کو جوائن اور وزٹ کرنے کا ٹاسک مکمل کرنے پر کوائن ملتے ہیں۔ ایپ روزانہ استعمال کرنے پر ریوارڈ ملتا ہے ، انویسٹمنٹ کرنے پر اضافی ریوارڈ بھی ملتاہے۔
2. دوسرا آپشن بوسٹ) (Boostکا آتاہے جس میں سکرین پر موجود کوائن پر کلک کرکے کوائن ملتے ہیں ، تاہم سنگل اور ملٹی ٹچ کے آپشن کا انتخاب کرنے پر ملنے والے کوائن کی تعداد مختلف ہوتی ہیں۔ اسی میں ٹاپ بوٹ کا آپشن بھی آتا ہے ، اس کو ایکٹیو کرنے کےلیے کوائن کی ایک مخصوص تعداد کا ہونا ضروری ہے ، اس کو ایکٹیو کرنے کےبعد روزانہ کچھ کیے بغیر ایک لاکھ بہتر ہزار کوائن ملتے ہیں۔
3. تیسرا آپشن فرینڈ ((Friend کا آتا ہے جس میں دوستوں کو انوائٹ کرنے پر پچیس ہزار کوائن ملتے ہیں۔
ٹاپ سواپ(TapSwap) میں بھی یہی ہوتا ہے ، البتہ وہاں آپشنز کے نام مختلف ہیں : ریفرل ، ٹاسک ، ٹاپ ، بوسٹ ۔ ریفرل کا مطلب دوستوں کو دعوت دینا ہوتا ہے۔ ٹاسک کا مطلب مختلف گروپس اور پیج کو جوائن اور وزٹ کرنا ہے۔ ٹاپ کے تحت سنگل ٹچ کا آپشن ہوتا ہے جبکہ بوسٹ کے تحت ملٹی ٹچ ، ٹاپ بوٹ(TapBot) ، ٹیپنگ گرو(Taping Guru) وغیرہ کے آپشنز ہوتے ہیں۔ٹیپنگ گرو کا انتخاب کرنے پر ایک کلک پر پانچ کوائن ملتے ہیں، دن میں ایک مخصوص وقت کےلیے تین مرتبہ یہ سہولت میسر ہوتی ہے۔ملٹی ٹچ میں ایک کلک پر دوکوائن ملتےہیں ۔ ٹاپ بوٹ کا مطلب گز ر گیا۔
مذکورہ تفصیل کی روشنی میں دونوں ایپ پر کوائن کمانے کا حکم یہ ہےکہ مذکورہ بالا تینوں طریقوں سے اس پر کوائن کمانا بوجوہ جائز نہیں، جو درج ذیل ہیں:
1. روزانہ ٹاسک کےنام پر گروپ جوائن کرنا اور پیج کا وزٹ کرکے منشورات دیکھنا یہ شرعا اجارہ کا معاملہ ہے اور اجارہ کے صحیح ہونے کے لیے یہ شرط ہےکہ وہ کام شرعا ، عرفا اور عقلا جائز ، مقصود اور مفید ہے ۔ گروپ جوائن کرنا اور پیج کا وزٹ کرنا کوئی مقصود ی اور مفید منفعت نہیں ،بلکہ اس کا مقصد کوائن کی لالچ دے کر یہ دکھا نا ہوتا ہے کہ اس گروپ کےفالور ز اور پیج کے وزٹ کرنے والے کافی زیادہ ہے ، اس لیے اس پر اجرت لینا جائز نہیں۔مزید یہ کہ ایپ کھول کر اس پر کام کرنا جائز نہیں، لہذا اس پر ڈیلی ریوارڈ کےنام سے ملنے والےکوائن بھی ناجائز ہے، اس طرح انویسٹمنٹ پر اضافی ریوارڈ دراصل قرض پر سود ہے جوکہ جائز نہیں۔
2. کلک کرنا کوئی مقصودی اور مفید منفعت نہیں ، اس کا مقصد نئے لانچ شدہ کوائن کی جعلی طریقے سے اشتہار بازی ہوتی ہے تاکہ ان کو عالمی ایکسچنج یا بلاک چینز پر لایا جاسکے ، اس لیے اس پر بطور اجرت کوائن لینا جائز نہیں۔ مزید یہ کہ ٹاپ بوٹ میں بلاکسی محنت کے مفت میں روزانہ کوائن مل رہے ہوتےہیں ، یہ اجرت بلا عمل بھی جائز نہیں۔
3. مذکورہ بالا وجوہ کی بناء پر ان ا یپلیکیشنز کے ذریعے کوائن کمانا جائز نہیں ،اس لیے کسی کو دعوت دے کر اس پر بطور ریفرل کمیشن کوائن لینا بھی جائز نہیں۔
حوالہ جات
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) 6/ 4
هي لغة: اسم للأجرة وهو ما يستحق على عمل الخير ولذا يدعى به، يقال أعظم الله أجرك. وشرعا (تمليك نفع) مقصود من العين (بعوض) حتى لو استأجر ثيابا أو أواني ليتجمل بها أو دابة ليجنبها بين يديه أو دارا لا ليسكنها أو عبدا أو دراهم أو غير ذلك لا ليستعمله بل ليظن الناس أنه له فالإجارة فاسدة في الكل، ولا أجر له لأنها منفعة غير مقصودة من العين بزازية۔
سنن الترمذي ت بشار (2/ 597)
عن أبي هريرة، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم مر على صبرة من طعام، فأدخل يده فيها، فنالت أصابعه بللا، فقال: يا صاحب الطعام، ما هذا؟، قال: أصابته السماء يا رسول الله، قال: أفلا جعلته فوق الطعام حتى يراه الناس، ثم قال: من غش فليس منا۔
نعمت اللہ
دارالافتاء جامعہ الرشید،کراچی
23/ذی قعدہ/1445ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | نعمت اللہ بن نورزمان | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


