| 85929 | خرید و فروخت کے احکام | خرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل |
سوال
کرپٹو کرنسی کی ٹریڈنگ میں بغیر آپشن کے شارٹ پوزیشن لینا جائز ہے؟اس میں یہ ہوتا ہے کہ پہلے آپ کسی چیز کو ادھار لیتے ہیں اورفوراً بیچ دیتے ہیں،تاکہ بعد میں جب اس کی قیمت کم ہو تو اسے کم قیمت پرخرید کر واپس کر سکیں۔ مثال کے طور پر فرض کریں کہ آپ نے ایک بٹ کوائن $10,000 پر ادھار لیا اورفوراً اسے مارکیٹ میں بیچ دیا۔ اب جب بٹ کوائن کی قیمت $7000ہو جاتی ہے،تو آپ وہی بٹ کوائن $7000 میں خرید کر واپس کر دیتے ہیں،چونکہ آپ نے پہلے اسے $10,000 میں بیچا تھا اور اب $7000 میں خریداتو آپ کو$3000 کانفع ہوا۔جیسے ہی ہم کوئی Short پوزیشن open کرتے ہیں تو اس کوائن کا پرافٹ یا لاس ہمیں دکھائی دے رہا ہوتا ہےلہٰذاجیسے جیسے اس کوائن کی قیمت بڑھتی یا گھٹتی رہتی ہی تو ویسے ہی پرافٹ یا لاس ایک اندازے سے ہمیں اس پرسنٹیج (Percentage) کے حساب سے دکھائی دیتا رہتاہےاورپوزیشن Close کرتے ہی وہ پرافٹ ہمارے Wallet میں آجاتا ہے۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
ہماری معلومات کے مطابق کرپٹو کرنسی کی ٹریڈنگ میں بغیر آپشن کے شارٹ پوزیشن کی صورت یہ ہوتی ہے کہ فرض کریں آج 5 دسمبر 2024 کو ایک بٹ کوائن کی قیمت 100000 ڈالر ہے،ایک شخص کا خیال ہے کہ یہ قیمت 1 جنوری 2025 کو 95000 ڈالر تک کم ہوجائے گی،چنانچہ وہ ٹریڈنگ میں شارٹ پوزیشن کا بٹن دباکرپوزیشن اوپن کردیتا ہے،اسے شارٹ پوزیشن لینا کہتے ہیں،اب تین صورتیں ممکن ہیں :
1 جنوری 2025 کو قیمت 100000 ڈالر برقرار رہے تو اس شخص کو نہ نفع ہوگا اور نہ نقصان۔
1 جنوری 2025 کو قیمت ایک لاکھ ڈالر سے کم ہوکر 95000 ڈالر یا اس کے درمیان ہوگئی تو جتنی قیمت کم ہوئی، اتنا اسے نفع ہوگا۔
1 جنوری 2025 کو قیمت ایک لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 105000ڈالر یا اس کے درمیان ہوگئی تو جتنی قیمت بڑھی،اتنا اسے نقصان ہوگا۔
بہرحال کرپٹو جوکہ عقد بیع کا معقود علیہ (subject matter) ہے،اس کا تبادلہ کسی بھی صورت میں نہیں ہوتا،فقط متعلقہ ایکسچینج(جس کے ذریعے کرپٹو کا لین دین کیا جاتا ہے) سےفرق برابر کیا جاتا ہے۔ چونکہ مذکورہ صورت فیوچر ٹریڈنگ ہی کی ایک شکل ہے اور فیوچر ٹریڈنگ متعدد شرعی خرابیوں کے پائے جانے کی وجہ سے ناجائز ہے،لہٰذا کرپٹو ٹریڈ کی مذکورہ صورت بھی ناجائز ہے۔
حوالہ جات
محمد حمزہ سلیمان
دارالافتا ء،جامعۃالرشید ،کراچی
۰۷.جمادی الآخرۃ۱۴۴۶ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد حمزہ سلیمان بن محمد سلیمان | مفتیان | مفتی محمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


