| 89185 | طلاق کے احکام | طلاق کے متفرق مسائل |
سوال
زید نے بکرکوایک بستر بطور تحفہ دیا،بکرنے وہ بستر عمرکواستعمال کے لئے دیا اورکہا آپ اس کواستعمال کرو،جب مجھے ضرورت پڑے گی تومیں آپ سے لے لوں گا،عمرنے وہ بسترخالدکواستعمال کے لئے دے دیا اورکہا کہ استعمال کرو،جب مجھے ضرورت پڑے گی تومیں لے لوں گا،اب عمراورخالدکے درمیان جھگڑاہوگیا اورخالدنے عمرسے کہا کہ میں اگرتمہارے اس بستر میں سوگیایامیں نے اگرتمہارایہ بستراستعمال کیا تومجھ پرمیری بیوی طلاق ہے،معلوم یہ کرناہے کہ اگر خالد یہ بستراستعمال کرتاہے تو توطلاق واقع ہوگی یانہیں اورکونسی طلاق واقع ہوگی؟ طلاق رجعی واقع ہوگی یاطلاق بائن؟واضح رہے کہ یہ بستر بکرکی ملکیت ہے،عمرکی ملکیت نہیں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
خالد کے ان الفاظ”میں اگرتمہارے اس بستر میں سوگیایامیں نے اگرتمہارایہ بستراستعمال کیا تومجھ پرمیری بیوی طلاق ہے“ سے مذکورہ بستر استعمال کرنے پر ایک طلاق رجعی معلق ہوگئ ہے، اگرخالد اس بستر کواستعمال کرتاہے توخالد کی بیوی پرایک طلاق رجعی واقع ہوجائے گی، جس کاحکم یہ ہے کہ عدت میں رجوع ہوسکتاہے ،رجوع کے لئے قول (یعنی ایسے الفاظ جورجوع پردلالت کریں جیسے خالدیہ کہےکہ میں تجھ سےرجوع کرتاہوں یایہ کہے کہ میں نے اپنی عورت سے رجوع کیاوغیرہ)یافعل (ایساعمل جورجوع پردلالت کرے جیسے بیوی سے ازداوجی تعلق قائم کرلے یابیوی کوشہوت کے ساتھ ہاتھ لگالے وغیرہ ) ان دونوں میں سے کسی ایک کاپایاجاناضروری ہے اگرخالدنے زبانی یاعملی طورپر رجوع کرلے تو یہ رجوع ہوجائے گا،نکاح کی ضرورت نہیں ہوگی،اوراگرعدت کے اندررجوع نہیں کیا اورعدت گزرگئی تواب یہ طلاق رجعی بائن ہوجائے گی،اب رجوع کے لئے دوعاقل بالغ مسلمان گواہوں کی موجودگی میں نکاح کرناضروری ہوگا، واضح رہے کہ دونوں صورتوں میں (عدت میں رجوع کرلےیاعدت کے بعد نکاح کرکے)آئندہ دوطلاقوں کااختیارباقی رہ جائے گا۔
حوالہ جات
فی الفتاوى الهندية (ج 9 / ص 213):
"إذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا مثل أن يقول لامرأته : إن دخلت الدار فأنت طالق."
الفتاوى الهندية (ج 13 / ص 153):
ولو حلف لا يدخل دار فلان ولم ينو شيئا فدخل دارا يسكنها بإجارة أو بإعارة ذكر الناطفي أنه يحنث في يمينه وإن دخل دارا مملوكة لفلان وفلان لا يسكنها حنث أيضا وكذا لو حلف لا يدخل بيتا لفلان فدخل بيتا وفلان فيه ساكن بإعارة أو بإجارة كان حانثا كذا في فتاوى قاضي خان .
محمد اویس
دارالافتاء جامعة الرشید کراچی
۸/جمادی الثانی۱۴۴۷ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد اویس صاحب | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


