03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
طلاقِ رجعی کے بعد مشروط رجوع اور حقوقِ زوجیت و نفقہ سے دستبرداری کا شرعی حکم
90020طلاق کے احکامطلاق سے رجو ع کا بیان

سوال

کیافرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ

شوہر نے کئی سال تک بیوی کی بد اخلاقیوں کے باوجود نبھانے کی کوشش کی ۔ بالآخر ڈپریشن اور دیگر بیماریوں کا مریض ہوگیا لیکن بیوی کا مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی ۔ بالآخر تنگ آکر شوہر نے علیحدگی اختیار کرلی۔ اور علیحدگی کے چھ ماہ سے زائد کے بعد ایک طلاق رجعی دی۔ اس درمیان تمامتر نان نفقہ گھر اور دیگر اخراجات کی مد میں دیتا رہا اور مدت عدت میں بھی یہ جاری رہا۔ اب تک عورت کی طرف سے اسکی نافرمانیوں اور من مانیوں کی کوئی اصلاح کرنے یا توبہ کرنے کی کوئ حالت نہیں۔ طلاق کے بعد تیسرے حیض کے شروع ہونے پر بیوی نے شوہر کو میسیج کیا کہ وہ کوئ سپورٹ نہیں مانگے گی بس طلاق نہ دیں بچوں اور گزشتہ وقت کی خاطر  لیکن نہ تو معافی یا توبہ کی کوئ بات کی اور مختلف امور اور مواقع میں اس گزشتہ دو ماہ بیس دن میں بچوں کو باپ اور اسکے خاندان کے خلاف بہکاتی اور ورغلاتی رہی۔ سپورٹ اس لئے نہیں مانگے گی کیونکہ یہاں ملکی قانون کے تحت اکیلی ماں کو گھر، مینٹیننس، اور بچوں کےضروری اخراجات کے لئے قابل گزارہ رقم ماہانہ ملتی ہے۔ اسی طرح شوہر دو نابالغ بچوں ( لڑکا، لڑکی) کی مد میں کچھ رقم ماہانہ دیگا۔ اس پس منظر میں:

١۔ اگر عورت خود کہے کہ میں لکھ کر دونگی کہ کبھی کوئ سپورٹ نہیں مانگوں گی ۔ اور دور رہوں گی ۔ تو کیا شوہر  اس طرح کے معاہدے کی بنیاد پہ رجوع کر سکتا ہے تاکہ بچوں کی ملاقات اور کچھ دینی تربیت ممکن رہے ؟ کیا اس طرح کا معاہدہ شرعاً جائز ہے ؟ کیا اس طرح سے صرف حق زوجیت ساقط ہوگا یا بیوی کے ایسا کہنے لکھنے کی وجہ سے نان نفقہ بھی شوہر کے ذمہ سے ساقط ہوسکتا ہے؟

۲۔اگر کچھ عرصہ کے بعد یہ عورت کہے کہ حالات بدل گئے اور اب مجھے حقوق چاہئیں تو شوہر کے لئے ایسی صورت میں کیا حکم ہوگا؟ شوہر دوبارہ طلاق دے سکتا ہے؟ کیا طلاق دینے کی وجہ سے نئی مدت عدت ہوگی؟ کیا اس مدت عدت میں نان نفقہ شوہر سے ساقط ہوگا جبکہ رجوع ہی عورت کے اپنے حقوق چھوڑنے کی بنیاد پہ کیا گیا تھا؟

۳۔کیا اگر شوہر مدت عدت میں عورت کے حقوق چھوڑنے کے باوجود بھی مصلحتاً تادیبا رجوع نہ کرے اور بعد میں مدت عدت گزرنے کےکچھ عرصہ بعد اس بنیاد پہ کہ اولاً ایک طلاق رجعی دی گئی تو نکاح دوبارہ ان ہی حقوق ساقط کی بنیاد پہ کیا جاسکتا ہے؟

۴۔ کیا شوہر اس رجوع سے پہلے عورت سے کہ سکتا ہے کہ وہ لکھ کر دے کہ اپنی بداعمالیوں سے باز آئے گی؟ کیا شوہر لسٹ بنا کر عورت کو دے سکتا ہے اور عورت تمام یا کچھ امور پہ اپنی رضامندی لکھ کر دے تو یہ شرعاً بالجبر تو شمار نہیں ہوگا ؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

۱۔ اگر شوہر رجوع کو اس شرط پر معلق کرے کہ "بیوی اپنے حقوق کا مطالبہ نہیں کرے گی"، تو شرعاً یہ رجوع صحیح نہیں ہوگا،اس لیے کہ رجوع درحقیقت نکاح کی ملکیت کو برقرار رکھنے (استدامتِ ملک)کا نام ہے، لہٰذا اس کا حکم وہی ہوگا جو نکاح کی ملکیت کو شروع کرنے (ابتدائے ملک)کا ہے۔لہذا جس طرح نکاح کو کسی شرط پر معلق کرنا جائز نہیں، اسی طرح اسے برقرار رکھنا یعنی رجوع کرنا بھی شرط پر معلق کرنا جائز نہیں۔

اوراگر رجوع کو مشروط نہ کیا جائے بلکہ رجوع کے بعد میاں بیوی کے درمیان باہمی مفاہمت سے حقوق سے دستبرداری کی بات ہو، تو رجوع صحیح ہو جائے گا۔ جہاں تک بیوی کے حقوق (نفقہ اور حقِ زوجیت) سےدستبرداری کا تعلق ہے، تو اس میں  درج ذیل تفصیل ہے:

نفقہ بیوی کا حق ہے، اگر وہ اپنی خوشی سے اسے وصول نہ کرنا چاہے تو وہ ایسا کر سکتی ہے، لیکن ایسی کسی شرط یا وعدے کی پابندی اس پر شرعاً لازم نہیں ہوگی،اس کی وجہ یہ ہے کہ نفقہ سے براءت (معافی) صرف اسی صورت میں معتبر ہوتی ہے جب وہ واجب ہو چکا ہو۔ مستقبل کا نفقہ ابھی واجب ہی نہیں ہوا، کیونکہ نفقہ کا سبب "احتباس"یعنی شوہر کی زوجیت میں رہنا ہے، جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہر لمحہ نیا پیدا ہوتا ہے۔ اورقاعدہ  ہے کہ جو حق ابھی وجود میں ہی نہ آیا ہو، اس سے پیشگی براءت یا معافی شرعاً ممکن نہیں ہے۔

اسی طرح حقِ زوجیت بھی بیوی کا شرعی حق ہے۔ اگر وہ وقتی طور پر اسے استعمال نہ کرنا چاہے تو اسے اختیار ہے، مگر اس کی پابندی بھی اس پر لازم نہیں ہوگی۔ وہ جب چاہے اپنے اس حق کا دوبارہ مطالبہ کر سکتی ہے اور شوہر پر اسے پورا کرنا لازم ہوگا۔

۳۔ طلاق رجعی کی عدت کےدوران رجوع نہ کرنے سے وہ طلاقِ رجعی "طلاقِ بائن" میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ یعنی نکاح ختم ہو جاتاہے،اس کے بعد ساتھ رہنے کے لیے "تجدیدِ نکاح" (نیا مہر اور گواہوں کی موجودگی میں نیا ایجاب و قبول) ضروری ہوتا ہے۔باقی جہاں تک عدت کے بعد نئے نکاح کاتعلق ہے تووہ کیاتوجاسکتاہے، لیکن اس میں شرائط رکھنے میں وہی تفصیل ہوگی جو پہلے جواب میں گزرچکی  ہے۔

۴۔ شوہر کا یہ کہنا کہ “اگر تم یہ شرائط نہیں مانو گی تو میں رجوع نہیں کروں گا” شرعاً جبر(اکراہ) میں داخل نہیں، کیونکہ بیوی کے پاس مکمل اختیار موجود ہے کہ وہ ان شرائط کو قبول کر کے نکاح برقرار رکھے یا انکار کر کے عدت مکمل ہونے دے جس کے بعد نکاح ختم ہو جائے گا، اور محض اس انجام کی خبر دینا جبر نہیں بلکہ  نزاع ختم کرنے کاایک طریقہ ہے ؛ البتہ اہم اصول یہ ہے کہ رجوع کو کسی شرط پر معلق کرنا درست نہیں، اس لیے صحیح طریقہ یہ ہےاولاً شوہر واضح اور غیر مشروط الفاظ میں رجوع کا اعلان کرے اورپھربیوی سے تحریری یا زبانی طور پر ان امور پر رضامندی لے؛ مزید یہ کہ فہرست میں درج شرائط اگر وہی ہوں جو شریعت نے پہلے سے لازم کی ہیں (مثلاً حسنِ سلوک، جائز اطاعت، بداعمالیوں سے اجتناب) تو وہ درست اور قابلِ التزام ہیں، لیکن اگر ان میں بیوی کے بنیادی شرعی حقوق (جیسے نان و نفقہ یا دیگر واجبات) کو ساقط کرنے کی شرط شامل ہو تو وہ شرط باطل ہوگی، اور بیوی کو رجوع کے بعد بھی اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے کا پورا حق حاصل رہے گاجیسے کہ پہلے جوابات میں لکھاجاچکاہے۔

حوالہ جات

تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق وحاشية الشلبي (4/ 132)

والرجعة استدامة الملك فيكون معتبرا بابتدائه، فلا يجوز تعليقه بالشرط كما لا يجوز تعليق ابتداء الملك به،

تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق وحاشية الشلبي (4/ 132)

(قوله والرجعة) قال العيني بأن قال لمطلقته الرجعية راجعتك على أن تقرضيني كذا أو إن قدم زيد؛ لأنها استدامة الملك فيكون معتبرا بابتدائه فكما لا يجوز تعليق ابتدائه فكذا لا يجوز تعليقها أيضا اهـ.

وصورة أخرى لفساد الرجعة بالشرط الفاسد بأن قال راجعتك إن انقضت عدتك فإنها تفسد؛ لأنها لا تصح إلا في العدة إجماعا.

الفتاوى الهندية (1/ 553)

المرأة إذا أبرأت الزوج عن النفقة بأن قالت: أنت بريء من نفقتي أبدا ما كنت امرأتك، فإن لم يفرض لها القاضي النفقة فالبراءة باطلة، وإن كان فرض لها القاضي كل شهر عشرة دراهم يصح الإبراء من نفقة الشهر الأول، ولم يصح من نفقة ما سوى ذلك الشهر، ولو قالت بعد ما مكثت شهرا: أبرأتك من نفقة ما مضى، وما يستقبل يبرأ من نفقة ما مضى، ومن نفقة ما يستقبل بقدر نفقة شهر، ولا يبرأ زيادة على ذلك كذا في الفتاوى الكبرى وهكذا في التجنيس والمزيد ولو قالت: أبرأتك من نفقة سنة لا يبرأ إلا من شهر إلا أن يكون فرض لها كل سنة كذا في فتح القدير.

البحر الرائق شرح كنز الدقائق ومنحة الخالق وتكملة الطوري (4/ 192)

قالوا الإبراء عن النفقة لا يصح إلا إذا وجبت بالقضاء أو الرضا ومضت مدة فحينئذ يصح الإبراء، كذا في البدائع وفي البزازية أنت بريء من نفقتي ما دمت امرأتك فإن لم يفرض القاضي النفقة فالإبراء باطل وإن فرض لها القاضي النفقة كل شهر عشرة دراهم صح الإبراء من نفقة الشهر الأول دون ما سواها اهـ.

المبسوط للسرخسي (5/ 186)

ألا ترى أنها لو أبرأته عن النفقة لم تسقط بذلك نفقتها،المحيط البرهاني في الفقه النعماني (3/ 546)

بدائع الصنائع میں ہے:

"ولو وهبت إحداهما قسمها لصاحبتها أو رضيت بترك قسمها؛ جاز؛ لأنه حق ثبت لها، فلها أن تستوفي، ولها أن تترك، وقد روي أن سودة بنت زمعة - رضي الله عنها - لما كبرت، وخشيت أن يطلقها رسول الله - صلى الله عليه وسلم - جعلت يومها لعائشة - رضي الله عنها -."(کتاب النکاح،فصل فی وجوب العدل بین النساء،ج:2،ص:333، ط: دارالکتب العلمیۃ)

فی الھندیۃ  (۳۴۱/۱):کتاب النکاح الباب الحادی عشر فی القسم:

ولو وهبت إحدى المرأتين القسم لصاحبتها جاز ولها أن ترجع متى شاءت كذا في السراج الوهاج۔
وفی الدرالمختار (۲۰۶/۳):  کتاب النکاح باب القسم:

( ولو تركت قسمها ) بالكسر أي نوبتها (لضرتها صح ولها الرجوع في ذلك ) في المستقبل لأنه ما وجب فما سقط.

إحكام الأحكام شرح عمدة الأحكام (2/ 174)

[حديث إن أحق الشروط أن توفوا به ما استحللتم به الفروج]ذهب قوم إلى ظاهر الحديث، وألزموا الوفاء بالشروط، وإن لم تكن من مقتضى العقد كأن لا يتزوج عليها، ولا يتسرى، ولا يخرجها من البلد لظاهر الحديث، وذهب غيرهم: إلى أنه لا يجب الوفاء بمثل هذه الشروط التي لا يقتضيها العقد فإن وقع شيء منها فالنكاح صحيح، والشرط باطل، والواجب مهر المثل وربما حمل بعضهم الحديث على شروط يقتضيها العقد مثل: أن يقسم لها، وأن ينفق عليها ويوفيها حقها، أو يحسن عشرتها، ومثل: أن لا تخرج من بيته إلا بإذنه، ونحو ذلك، مما هو من مقتضيات العقد.

سیدحکیم شاہ عفی عنہ

دارالافتاء جامعۃ الرشید

23/10/1447ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

سید حکیم شاہ

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب