| 90472 | وقف کے مسائل | مسجد کے احکام و مسائل |
سوال
کیافرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ
ایک شخص اپنی ذاتی زمین پر اپنی ہی زکوٰۃ کی رقم سے مسجد، مدرسہ اور ٹیوب ویل بنانا چاہتا ہے، تو آیا یہ اس شخص کے لیے جائز ہے یا نہیں؟ اس کا جواب مطلوب ہے۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
مسجد، مدرسہ اور رفاہی ٹیوب ویل کی تعمیر—خواہ اپنی ذاتی زمین میں ہو یا وقف شدہ زمین پر—اس میں زکوٰۃ کی رقم لگانا شرعاً جائز نہیں ہے؛ کیونکہ زکوٰۃ کی ادائیگی کے لیے "تملیکِ فقیر"(کسی مستحقِ زکوٰۃ کو مال کا مالک بنانا) شرط ہے، جبکہ مسجد، مدرسہ اور ٹیوب ویل کی تعمیر میں یہ شرط نہیں پائی جاتی بلکہ یہ عوامی و رفاہی کام ہوتے ہیں۔لہٰذا، ان تعمیرات کے لیے نفلی صدقات، خیرات اور عطیات استعمال کیے جائیں، جبکہ زکوٰۃ کی رقم صرف مستحق فقراء و مساکین کو (مالک بنا کر) دی جائے تاکہ زکوٰۃ شرعی اصولوں کے مطابق ادا ہو سکے۔
البتہ اگر مستحق فقراء و مساکین زکوٰۃ کی رقم پر قبضہ کرنے کے بعد اپنی رضامندی سے وہ رقم مسجد، مدرسہ اور ٹیوب ویل کی تعمیر میں دے دیں، تو ایسی صورت میں اس رقم کا استعمال ان تعمیرات میں جائز ہوگا۔
حوالہ جات
الھندیة: (188/1، ط: دار الفکر)
ولا يجوز أن يبني بالزكاة المسجد، وكذا القناطر والسقايات، وإصلاح الطرقات، وكري الأنهار والحج والجهاد وكل ما لا تمليك فيه.
وفیہ ٲیضا:
إذَا أَرَادَ أَنْ يُكَفِّنَ مَيِّتًا عَنْ زَكَاةِ مَالِهِ لَا يَجُوزُ (وَالْحِيلَةُ فِيهِ أَنْ يَتَصَدَّقَ بِهَا عَلَى فَقِيرٍ مِنْ أَهْلِ الْمَيِّتِ) ، ثُمَّ هُوَ يُكَفِّنُ بِهِ الْمَيِّتَ فَيَكُونُ لَهُ ثَوَابُ الصَّدَقَةِ وَلِأَهْلِ الْمَيِّتِ ثَوَابُ التَّكْفِينِ، وَكَذَلِكَ فِي جَمِيعِ أَبْوَابِ الْبِرِّ الَّتِي لَا يَقَعُ بِهَا التَّمْلِيكُ كَعِمَارَةِ الْمَسَاجِدِ وَبِنَاءِ الْقَنَاطِرِ وَالرِّبَاطَاتِ لَا يَجُوزُ صَرْفُ الزَّكَاةِ إلَى هَذِهِ الْوُجُوهِ. (وَالْحِيلَةُ أَنْ يَتَصَدَّقَ بِمِقْدَارِ زَكَاتِهِ) عَلَى فَقِيرٍ، ثُمَّ يَأْمُرَهُ بَعْدَ ذَلِكَ بِالصَّرْفِ إلَى هَذِهِ الْوُجُوهِ فَيَكُونَ لِلْمُتَصَدِّقِ ثَوَابُ الصَّدَقَةِ وَلِذَلِكَ الْفَقِيرِ ثَوَابُ بِنَاءِ الْمَسْجِدِ وَالْقَنْطَرَةِ.(كِتَابُ الْحِيَلِ، الْفَصْلُ الثَّالِثُ فِي مَسَائِلِ الزَّكَاةِ، ٦ / ٣٩٢، ط: دار الفكر)
سیدحکیم شاہ عفی عنہ
دارالافتاء جامعۃ الرشید
01/12/1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | سید حکیم شاہ | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


