03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
خود عمل نہ ہونے کی صورت میں دوسروں کو دعوت دین اور نصیحت کرنے کا حکم
90629علم کا بیانتبلیغ کا بیان

سوال

مفتی صاحب! آپ کیسے ہیں؟ مفتی صاحب! خود نماز صحیح سے نہ پڑھنااور لوگوں کو نماز کی دعوت دینا،تو کیا یہ  طریقہ صحیح ہے؟ اور خود دین پر صحیح سے عمل نہ کرنا  اور لوگوں کو دین کی دعوت دینا  ، اور خود تبلیغ میں اتنا وقت نہ لگانا جتنا رائیونڈ میں بزرگ کہتے ہیں اور لوگوں کو کہنا کہ وقت لگاؤ  ۔کیایہ طریقہ جائز ہے۔

اور مفتی صاحب! خود 100 فیصد  دین پر عمل نہ کرنا اور لوگوں کو کہنا کہ نماز پڑھو، لوگوں کو دین کی دعوت دواور لوگوں کو کہنا کہ مسجد میں ڈھائی  گھنٹے دو، روزانہ گشت کرو وغیرہ وغیرہ ۔مفتی صاحب یہ سب طریقے جائز ہیں ؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

واضح رہے کہ شریعت مطہرہ  انسان کو نہ صرف اپنی اصلاح کا حکم دیتی ہے بلکہ دوسروں کی اصلاح اور بھلائی کی دعوت دینے کی بھی تاکید کرتی ہے۔ اسی لیے شریعتِ مطہرہ میں "امر بالمعروف" اور "نہی عن المنکر" یعنی نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا ایک عظیم دینی فریضہ قرار دیا گیا ہے۔ بے شک دعوتِ دین میں اصل تاثیر عمل سے پیدا ہوتی ہے اور جو شخص خود نیکی پر عمل کرتا ہو اس کی بات دلوں پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہے، لیکن اگر کوئی شخص اپنی کمزوری یا کوتاہی کی وجہ سے کسی نیکی پر مکمل عمل نہ کرپارہا ہو، تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ دوسروں کو بھی نیکی کی دعوت دینا چھوڑ دے۔

بلکہ اپنی اصلاح کرنا ایک مستقل فرض ہے اور دوسروں کو نیکی کی دعوت دینا دوسرا مستقل فرض۔ اگر کوئی شخص ایک فرض میں کوتاہی کا شکار ہو، تو اسے دوسرے فرض کو ترک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اور ایسے       ہی اگر کوئی شخص خود کسی برائی میں مبتلا ہو تب بھی اس پر لازم ہے کہ وہ اس برائی سے دوسروں کو روکے، تاکہ کم از کم ایک ذمہ داری سے تو بری ہو سکے۔

قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:

"أَتَأْمُرُونَ النَّاسَ بِالْبِرِّ وَتَنْسَوْنَ أَنْفُسَكُمْ"

"کیا تم لوگوں کو نیکی کا حکم دیتے ہو اور اپنے آپ کو بھول جاتے ہو؟"

اور دوسری جگہ ارشاد فرمایا:

"يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لِمَ تَقُولُونَ مَا لَا تَفْعَلُونَ"

"اے ایمان والو! تم وہ بات کیوں کہتے ہو جو خود نہیں کرتے؟"

ان آیاتِ مبارکہ کا اصل مقصد یہ ہے کہ انسان اپنے قول اور عمل میں مطابقت پیدا کرے اور دوسروں کو نصیحت کرنے کے ساتھ خود بھی اس پر عمل کرے۔ہرگز  یہ مقصد نہیں کہ اگر کسی سے عمل میں کمی ہو تو وہ وعظ و نصیحت اور دعوتِ دین کا کام ہی چھوڑ دے۔

چنانچہ حضرت مفتی محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ تعالی  سورۃ البقرہ کی آیت:

"أَتَأْمُرُونَ النَّاسَ بِالْبِرِّ وَتَنْسَوْنَ أَنْفُسَكُمْ"

کی تفسیر میں فرماتے ہیں:

"یہ نہ سمجھ لیا جائے کہ بے عمل یا فاسق کے لیے دوسروں کو وعظ و نصیحت کرنا جائز نہیں، اور جو شخص کسی گناہ میں مبتلا ہو وہ دوسروں کو اس گناہ سے باز رہنے کی تلقین نہ کرے، کیوں کہ کوئی اچھا عمل الگ نیکی ہے، اور اس اچھے عمل کی تبلیغ دوسری مستقل نیکی ہے، اور ظاہر ہے کہ ایک نیکی کو چھوڑنے سے یہ ضروری نہیں ہوتا کہ دوسری نیکی بھی چھوڑ دی جائے، جیسے ایک شخص نماز نہیں پڑھتا تو اس کے لیے ضروری نہیں کہ وہ روزہ بھی ترک کردے، بالکل اسی طرح اگر کوئی شخص نماز نہیں پڑھتا تو اس کے لیے یہ ضروری نہیں کہ دوسروں کو نماز پڑھنے کے لیے بھی نہ کہے۔"       (معارف القرآن، ج:1، ص:218-219)

اسی طرح  محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ تعالی سورۃ الصف کی آیت:

"يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لِمَ تَقُولُونَ مَا لَا تَفْعَلُونَ"

کی تفسیر میں لکھتے ہیں:

"اس آیت نے امر بالمعروف اور وعظ و نصیحت کرنے والوں کو اس بات پر شرمندہ کیا ہے کہ لوگوں کو ایک نیک کام کی دعوت دو اور خود اس پر عمل نہ کرو، حلانکہ مقصد یہ ہے کہ جب دوسروں کو نصیحت کرتے ہو تو خود اپنے آپ کو نصیحت کرنا اس سے مقدم ہے، جس کام کی طرف لوگوں کو بلاتے ہو خود بھی اس پر عمل کرو۔ لیکن یہ نہیں فرمایا کہ جب خود نہیں کرتے تو دوسروں کو کہنا بھی چھوڑ دو، اس سے معلوم ہوا کہ جس نیک کام کے خود کرنے کی ہمت و توفیق نہیں ہے، اس کی طرف دوسروں کو بلانے اور نصیحت کرنے کا سلسلہ نہ چھوڑے، امید ہے کہ وعظ و نصیحت کی برکت سے کسی وقت اس کو بھی عمل کی توفیق ہو جاوے۔"  (معارف القرآن، ج:8، ص:425)

مذکورہ تمہید کی روشنی میں اگر کوئی شخص دوسروں کو نیکی کے کاموں کی دعوت  دیتا ہے مگر خود اس پر عمل نہیں کرتا تو اس کے لیے دعا کرکرنی چاہیے اور  اس کو احسن طریقے سے  تقوی ، اخلاص اور اپنے عمل کی اصلاح کی طرف متوجہ کرنا چاہیے۔

لیکن اگر کسی شخص میں عمل کی کمی ہو تب بھی اس کے لیے دعوت و نصیحت چھوڑنا درست نہیں ؛ کیونکہ عمل اور 

دعوت دونوں مستقل دینی فرائض ہیں ۔

لہٰذا کسی شخص کا خود عمل میں کمزور ہونا اس بات کی دلیل نہیں کہ وہ دوسروں کو نیکی کی دعوت دینے سے رک جائے، بلکہ اسے چاہیے کہ اپنی اصلاح کے ساتھ ساتھ دعوت و تبلیغ کا کام بھی جاری رکھے۔

حوالہ جات

(المنهاج شرح  الصحيح  لمسلم، كتاب الإيمان،باب بيان كون النهي عن المنكر من الإيمان،ج:2،ص:23،ط:دار احياء التراث العربي)

والله أعلم قال العلماء ولا يشترط في الآمر والناهي أن يكون كامل الحال ممتثلا ما يأمر به مجتنبا ما ينهى عنه بل عليه الأمر و إن كان مخلا بما يأمر به والنهي و إن كان متلبسا بما ينهى عنه فإنه يجب عليه شيئان أن يأمر نفسه وينهاها ويأمر غيره وينهاه فإذا أخل بأحدهما كيف يباح له الإخلال بالآخر قال العلماء ولا يختص الأمر بالمعروف والنهي عن المنكر بأصحاب الولايات بل ذلك جائز لآحاد المسلمين.

(فتح الباری شرح صحیح البخاری كتاب الفتن، قوله باب الفتنة التي تموج كموج البحر، ج:13، ص:53، ط: دار المعرفة)

وقال غيره يجب الأمر بالمعروف لمن قدر عليه ولم يخف على نفسه منه ضررا ولو كان الآمر متلبسا بالمعصية لأنه في الجملة يؤجر على الأمر بالمعروف ولا سيما إن كان مطاعا وأما إثمه الخاص به فقد يغفره الله له وقد يؤاخذه به وأما من قال لا يأمر بالمعروف إلا من ليست فيه ‌وصمة فإن أراد أنه الأولى فجيد وإلا فيستلزم سد باب الأمر إذا لم يكن هناك غيره.

فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن

دارالافتاء  جامعہ الرشید کراچی

  22/ذوالحجہ/1447ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب