| 90944 | زکوة کابیان | سامان تجارت پر زکوۃ واجب ہونے کا بیان |
سوال
کاروبار کی زکوٰۃ اور شیئرز کی زکوٰۃ میں کیا فرق ہے؟ میرا سوال یہ ہے کہ اگر میرے پاس پہلا منظرنامہ یہ ہو کہ میں نے اسٹاک مارکیٹ میں ایک کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہو، اور ایک سال بعد بھی اس سرمایہ کاری کی مالیت ایک کروڑ روپے ہی ہو، تو میں اس پر ڈھائی فیصد یعنی ڈھائی لاکھ روپے زکوٰۃ ادا کروں گا۔ اگر اس کی مارکیٹ ویلیو بڑھ جائے یا کم ہو جائے تو زکوٰۃ بھی اسی حساب سے کم یا زیادہ ہوگی۔ لیکن اگر یہی ایک کروڑ روپے میں نے اپنے کاروبار میں لگائے ہوں، اور اس سرمایہ کاری سے کچھ رقم مشینری میں، کچھ دکان یا عمارت میں، اور صرف تیس یا چالیس لاکھ روپے مالِ تجارت میں لگے ہوں، تو زکوٰۃ صرف اس تیس یا چالیس لاکھ روپے کے مالِ تجارت پر واجب ہوگی، حالانکہ پورے کاروبار کی مارکیٹ ویلیو ایک کروڑ روپے ہے۔ اسی طرح اگر کسی شخص کی ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی ہو جس کی مجموعی مالیت ایک کروڑ روپے ہو، تو کیا وہ پوری ایک کروڑ روپے کی مالیت پر زکوٰۃ ادا کرے گا یا صرف اس مالِ تجارت اور دیگر زکوٰۃ کے قابل اثاثوں پر زکوٰۃ دے گا؟ اگر دونوں صورتوں میں مجموعی مالیت ایک ہی ہے تو پھر کاروبار اور شیئرز کی زکوٰۃ کے احکام میں یہ فرق کیوں پایا جاتا ہے؟ مزید یہ کہ میں نے ایک مولانا صاحب کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ شیئرز کی زکوٰۃ کا طریقہ یہ ہے کہ اگر کسی کمپنی کی مجموعی مالیت دس کروڑ روپے ہو اور کسی شخص نے اس کمپنی کے دس فیصد شیئرز خرید رکھے ہوں، جن کی مالیت ایک کروڑ روپے بنتی ہو، تو وہ شخص براہِ راست اپنے ایک کروڑ روپے کی سرمایہ کاری پر زکوٰۃ ادا نہیں کرے گا۔ بلکہ وہ پہلے کمپنی کی سالانہ مالیاتی رپورٹس دیکھے گا اور یہ معلوم کرے گا کہ کمپنی کے پاس مالِ تجارت، یعنی فروخت کے لیے موجود سامان، کتنی مالیت کا ہے۔ مثال کے طور پر اگر کمپنی کے پاس مالِ تجارت ایک کروڑ روپے کا ہو، تو چونکہ سرمایہ کار کمپنی کے دس فیصد حصے کا مالک ہے، اس لیے اس کے حصے میں اس مالِ تجارت کا دس فیصد، یعنی دس لاکھ روپے آئیں گے۔ اس صورت میں وہ اپنے پورے ایک کروڑ روپے کی سرمایہ کاری پر زکوٰۃ ادا نہیں کرے گا، بلکہ صرف دس لاکھ روپے پر زکوٰۃ ادا کرے گا، جس کی مقدار پچیس ہزار روپے بنتی ہے۔ میرا سوال یہ ہے کہ اگر شیئرز کی زکوٰۃ کا اصول یہی ہے، تو پھر کاروبار، پرائیویٹ کمپنی اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے درمیان زکوٰۃ کے احکام میں اصل فرق کیا ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
کاروبار اور شیئرز کی زکوٰۃ میں فرق کی وضاحت:
کاروبار اور شیئرز کی زکوٰۃ میں فرق سمجھنے کے لیے سب سے پہلے یہ اصول ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ زکوٰۃ ہر چیز کی مجموعی قیمت پر لازم نہیں ہوتی، بلکہ صرف ان اموال پر واجب ہوتی ہے جو شرعاً زکوٰۃ کے قابل ہوں۔ اس لیے اگر کسی شخص کے کاروبار یا کمپنی کی مجموعی مالیت ایک کروڑ روپے ہو، تو صرف ایک کروڑ ہونے کی وجہ سے پورے ایک کروڑ پر زکوٰۃ لازم نہیں ہو جاتی۔ پہلے یہ دیکھا جائے گا کہ اس ایک کروڑ میں کون کون سی چیزیں شامل ہیں۔
زکوٰۃ کے قابل مال :
کاروبار یا کمپنی میں عام طور پر درج ذیل چیزیں زکوٰۃ کے قابل ہوتی ہیں:
ہاتھ میں موجود نقد رقم،بینک میں موجود رقم، فروخت کے لیے موجود سامان، خام مال اور تیار شدہ مال، اگر وہ آگے فروخت ہونا ہے،گاہکوں یا دوسرے لوگوں سے وصول ہونے والی رقم، بشرطیکہ اس کی وصولی کی امید ہو، سونا، چاندی اور اسی نوعیت کی نقدی یا تجارتی چیزیں۔
مذکورہ اشیاء کو اس لیے زکوٰۃ میں شامل کیا جاتا ہے کہ یہ یا تو خود نقد مال ہیں، یا بیچنے(سامان تجارت) کے لیے موجود ہیں، یا ان کی رقم وصول ہونی ہے۔
اس کے برعکس دکان، دفتر، فیکٹری کی عمارت، زمین، مشینری، گاڑی، کمپیوٹر، فرنیچر، اور دیگر آلات پر زکوٰۃ نہیں ہوتی، کیونکہ یہ چیزیں فروخت کے لیے نہیں، بلکہ کاروبار چلانے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ مثلاً کپڑوں کی دکان میں کپڑے فروخت کے لیے ہیں، اس لیے ان پر زکوٰۃ ہوگی؛ لیکن کپڑوں کو رکھنے کے لیے جو ریک، الماریاں، کاؤنٹر اور کمپیوٹر استعمال ہو رہے ہیں، ان پر زکوٰۃ نہیں ہوگی۔
یہی اصول فقہ کی کتابوں میں مالِ تجارت کے عنوان سے بیان ہوا ہے۔ بدائع الصنائع میں مالِ تجارت کی زکوٰۃ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا گیا ہے:
"وأما أموال التجارة فتقدير النصاب فيها بقيمتها ..."
(بدائع الصنائع، کتاب الزکاۃ، فصل أموال التجارة، 2/20-21)
یعنی مالِ تجارت میں نصاب کا اعتبار اس کی قیمت سے کیا جاتا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ زکوٰۃ اس مال پر ہوتی ہے جو تجارت کے لیے ہو۔ جو چیز تجارت کے لیے نہیں بلکہ استعمال کے لیے ہو، وہ مالِ تجارت میں داخل نہیں۔
ذاتی کاروبار کی صورت:
اگر کسی شخص نے ایک کروڑ روپے اپنے ذاتی کاروبار میں لگائے ہوں لیکن اس میں کچھ رقم دکان ،مشین اور فرنیچر وغیرہ میں لگی ہواور کچھ رقم فروختی سامان ،نقدی اور گاہکوں سے وصول ہونے والی رقم میں ہو ،تو زکوۃ پورے ایک کروڑ پر نہیں ہوگی۔زکوۃ صرف فروختی سامان ،نقدی،بینک بیلنس اور قابل وصول رقم پرادا کی جائے گی، جبکہ دکان ، مشینری ،گاڑی اور فرنیچرپر زکوۃ نہیں ہوگی؛کیونکہ یہ اشیاءفروخت کے لیےنہیں ،بلکہ کاروبار چلانےکےلیےاستعمال ہوتی ہیں۔
پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کی صورت:
اگر کسی شخص کی اپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی ہو، تو اس کا اصول بھی ذاتی کاروبار جیسا ہی ہے۔ کمپنی کی مجموعی مالیت خواہ ایک کروڑ ہو یا دس کروڑ، زکوٰۃ پوری مجموعی مالیت پر نہیں ہوگی، بلکہ کمپنی کے قابلِ زکوٰۃ اثاثوں پر ہوگی۔
مثلاً کمپنی کی مجموعی مالیت ایک کروڑ روپے ہے، مگر اس میں 60 لاکھ روپے کی مشینری اور عمارت ہے، جبکہ 40 لاکھ روپے نقدی، فروختی سامان اور قابلِ وصول رقم ہے، تو زکوٰۃ صرف 40 لاکھ روپے پر ہوگی۔اگر کمپنی میں کئی شریک ہوں تو ہر شریک اپنی ملکیت کے تناسب سے قابلِ زکوٰۃ مال میں اپنا حصہ نکالے گا۔ مثلاً کمپنی کے قابلِ زکوٰۃ اثاثے 40 لاکھ روپے ہیں اور کسی شریک کا حصہ 10 فیصد ہے، تو اس کے حصے میں 4 لاکھ روپے آئیں گے اور وہ 4 لاکھ روپے کا ڈھائی فیصد زکوٰۃ ادا کرے گا۔
شیئرز کی حقیقت:
شیئر دراصل کمپنی میں حصہ داری کی علامت ہے۔ جب کوئی شخص کسی کمپنی کا شیئر خریدتا ہے تو وہ کمپنی کے اثاثوں، نفع اور نقصان میں اپنے تناسب سے شریک ہوتا ہے ۔ کمپنی کے پاس عمارت، مشینری، نقدی، فروختی سامان اور دیگر چیزیں ہوتی ہیں، اور شیئر ہولڈر ان سب میں اپنے حصے کے مطابق شریک ہوتا ہے۔ چوں کہ شیئرز مال تجارت کی نمائندگی کرتی ہے اور مال تجارت میں زکوۃ واجب ہے ، اس لیے حصص یعنی شیئرزمیں اس کی مارکیٹ کی قیمت کے لحاظ سے زکوۃ واجب ہوگی۔
لیکن شیئرز کی زکوٰۃ میں ایک اہم فرق یہ ہے کہ شیئرز خریدنے والے کی نیت کیا ہے؟اسی نیت کے مطابق زکوٰۃ کا طریقہ مختلف ہوگا۔
اگرشیئرز خرید و فروخت کے لیے ہوں:
اگر کسی شخص نے شیئرز اس نیت سے خریدے ہوں کہ قیمت بڑھے گی تو انہیں بیچ کر نفع کماؤں گا، یعنی اس کا اصل مقصد شیئرز کی خرید و فروخت اورCapital Gain (سرمایہ پرنفع کمانا) حاصل کرنا ہو، تو ایسے شیئرز اس کے لیے مالِ تجارت شمار ہوں گے۔
اس صورت میں زکوٰۃ کے سال مکمل ہونے پر شیئرز کی پوری موجودہ مارکیٹ ویلیو پر ڈھائی فیصد زکوٰۃ واجب ہوگی۔
مثلاً کسی شخص نے ایک کروڑ روپے کے شیئرز خریدے اور زکوٰۃ کی تاریخ پر ان کی مارکیٹ ویلیو ایک کروڑ روپے ہو، تو زکوٰۃ ڈھائی لاکھ روپے ہوگی۔اگر قیمت بڑھ کر ایک کروڑ بیس لاکھ روپے ہو جائے تو زکوٰۃ تین لاکھ روپے ہوگی، اور اگر قیمت کم ہو کر 80 لاکھ روپے رہ جائے تو زکوٰۃ دو لاکھ روپے ہوگی۔
اس صورت میں کمپنی کی مشینری، عمارت یا دیگر اثاثوں کی تفصیل الگ سے دیکھنے کی ضرورت نہیں؛ کیونکہ اس شخص کے لیے شیئرز خود فروخت کے لیے رکھا ہوا تجارتی مال ہیں۔
اگر شیئرز منافع اور طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے ہوں:
لہٰذا جب شیئرز منافع لینے اور طویل مدت تک رکھنے کی نیت سے خریدے ہوں کہ وہ کمپنی سے سالانہ منافع حاصل کرے گا اور انہیں بار بار خرید کر بیچنا مقصود نہیں،تو زکوٰۃ کا حساب کمپنی کے اندر موجود اثاثوں کی نوعیت دیکھ کر کیا جائے گا۔ کمپنی کی نقدی، بینک بیلنس، فروختی سامان، خام مال، تیار شدہ مال اور قابلِ وصول یقینی رقم، قابلِ زکوٰۃ اموال ہیں، لہٰذا شیئر ہولڈر ان میں اپنے حصے کے مطابق زکوٰۃ ادا کرے گا۔
اس کے برعکس کمپنی کی زمین، عمارت، مشینری، گاڑیاں، فرنیچر اور دیگر آلاتِ کار پر زکوٰۃ نہیں ہوگی، کیونکہ یہ اشیاء کمپنی کے کاروبار کو چلانے کے لیے ہیں، فروخت کے لیے نہیں یعنی مال تجارت نہیں۔ اس طریقے میں کمپنی کی مشینری، عمارت، زمین اور دیگر استعمالی اثاثوں میں سرمایہ کار کے حصے پر زکوٰۃ نہیں ہوگی، کیونکہ یہ چیزیں کمپنی کے کاروبار کو چلانے کے لیے ہیں، فروخت (تجارت)کے لیے نہیں۔
مثلاً کمپنی کی مجموعی مالیت 10 کروڑ روپے ہے، ایک شخص کے پاس کمپنی کے 10 فیصد شیئرز ہیں، جن کی مارکیٹ ویلیو ایک کروڑ روپے ہے۔ لیکن کمپنی کے قابلِ زکوٰۃ اثاثے، یعنی نقدی، فروختی سامان اور قابلِ وصول رقم، صرف ایک کروڑ روپے ہیں۔ تو اس شخص کا حصہ ان قابلِ زکوٰۃ اثاثوں میں 10 فیصد، یعنی 10 لاکھ روپے ہوگا۔ لہٰذا اس پر 10 لاکھ روپے کا ڈھائی فیصد، یعنی 25 ہزار روپے زکوٰۃ ہوگی۔
اصل فرق اور اصول:
اصل فرق کاروبار اور شیئرز کے نام کا نہیں، بلکہ نیت اور اثاثوں کی نوعیت کا ہے۔اگر کوئی چیز فروخت کے لیے رکھی گئی ہے تو وہ مالِ تجارت ہے اور اس پر زکوٰۃ ہوگی۔
لیکن اگر کوئی چیز کاروبار چلانے کے لیے استعمال ہو رہی ہے تو وہ استعمالی اثاثہ ہے نہ تجارتی اور اس پر زکوٰۃ نہیں ہوگی۔
اسی طرح اگر شیئرز خود خرید و فروخت کے لیے رکھے گئے ہوں تو وہ مالِ تجارت ہیں، اس لیے پوری مارکیٹ ویلیو پر زکوٰۃ ہوگی، لیکن اگر شیئرز صرف کمپنی سے منافع لینے کے لیے رکھے گئے ہوں تو شیئر ہولڈر کمپنی کے قابلِ زکوٰۃ اثاثوں میں اپنے حصے کے مطابق زکوٰۃ ادا کرے گا۔
مذکورہ بالاجواب کاحتمی خلاصہ:
لہٰذا اگر ایک کروڑ روپے کاروبار میں لگے ہوں تو زکوٰۃ صرف اس حصے پر ہوگی جو نقدی، مالِ تجارت یا قابلِ وصول رقم کی صورت میں ہو۔ اگر ایک کروڑ روپے کے شیئرز تجارت کی نیت سے رکھے گئے ہوں تو پورے ایک کروڑ کی موجودہ مارکیٹ ویلیو پر زکوٰۃ ہوگی۔ لیکن اگر یہی شیئرز منافع اور طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے ہوں تو کمپنی کے قابلِ زکوٰۃ اثاثوں میں اپنے حصے کے مطابق زکوٰۃ ادا کی جائے گی۔
لہذایہی وجہ ہے کہ مجموعی مالیت ایک کروڑ ہونے کے باوجود زکوٰۃ کی رقم مختلف ہے۔
حوالہ جات
(كتاب الزكاة، فصل أموال التجارة، ج:2، ص:20 -21 ، ط: دار الكتب العلمية)
وأما مقدار الواجب من هذا النصاب فما هو مقدار الواجب من نصاب الذهب والفضة وهو ربع العشر؛ لأن نصاب مال التجارة مقدر بقيمته من الذهب والفضة فكان الواجب فيه ما هو الواجب في الذهب والفضة وهو ربع العشر، ولقول النبي: - صلى الله عليه وسلم - «هاتوا ربع عشور أموالكم» من غير فصل.
وأما صفة الواجب في أموال التجارة فالواجب فيها ربع عشر العين وهو النصاب في قول أصحابنا، وقال بعض مشايخنا: هذا قول أبي يوسف ومحمد وأما على قول أبي حنيفة فالواجب فيها أحد شيئين. إما العين أو القيمة فالمالك بالخيار عند حولان الحول إن شاء أخرج ربع عشر العين وإن شاء أخرج ربع عشر القيمة."
) (حاشیۃ ابن عابدین ،کتاب الزکاۃ، باب زکاۃ الغنم، 2/ 285، ط:سعید)
(وجاز دفع القيمة في زكاة وعشر وخراج وفطرة ونذر وكفارة غير الإعتاق) وتعتبر القيمة يوم الوجوب، وقالا يوم الأداء. وفي السوائم يوم الأداء إجماعا، وهو الأصح.
(قوله وهو الأصح) أي كون المعتبر في السوائم يوم الأداء إجماعا هو الأصح فإنه ذكر في البدائع أنه قيل إن المعتبر عنده فيها يوم الوجوب، وقيل يوم الأداء. اهـ.
وفي المحيط: يعتبر يوم الأداء بالإجماع وهو الأصح اهـ فهو تصحيح للقول الثاني الموافق لقولهما، وعليه فاعتبار يوم الأداء يكون متفقا عليه عنده وعندهما.
(درر الحكام شرح غرر الأحكام ،355/2، ط: دار إحياء الكتب العربية)
والخلاف في زكاة المال ،فتعتبر القيمة وقت الأداء في زكاة المال على قولهما، وهو الأظهر. وقال أبو حنيفة: يوم الوجوب كما في البرهان .وقال الكمال: والخلاف مبني على أن الواجب عندهما جزء من العين، وله ولاية منعها إلى القيمة ،فيعتبر يوم المنع كما في منع رد الوديعة ،وعنده الواجب أحدهما ابتداء ،ولذا يجبر المصدق على قبولها.
(کتاب النوازل،557/6، ط: المرکز العلمی للنشر والتحقیق، لال باغ مراد آباد)
اگر کوئی سنار اور سونے کی تجارت کرنے والا صراف اپنی دکان میں موجود برائے فروخت زیورات کی زکوٰۃ کا قیمت سے حساب لگانا چاہے، تو اس میں وہ جس قیمت پر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اسی مقدار پر زکوٰۃ فرض ہوگی.... درج بالا تفصیل سے سونے کے علاوہ دیگر اشیاء کا حکم بھی معلوم ہوگیا کہ تاجر اپنی دکان میں جو چیز جتنی قیمت میں فروخت کرتا ہے وہ سب زکوٰۃ میں لگائے گا۔
(الفتاوى الهندية ، کتاب الزکاة 1/175-179 ط: رشیدیة)
الزكاة واجبة في عروض التجارة كائنةً ما كانت إذا بلغت قيمتها نصاباً من الورق والذهب، كذا في الهداية. ويقوم بالمضروبة، كذا في التبيين۔ وتعتبر القيمة عند حولان الحول بعد أن تكون قيمتها في ابتداء الحول مائتي درهم من الدراهم الغالب عليها الفضة، كذا في المضمرات.
وفیه أیضاً:
و من کان له نصاب فاستفاد في أثناء الحول مالاً من جنسه، ضمه إلی ماله و زکاه سواء کان المستفاد من نمائه أولا، و بأي وجه استفاد ضمه.
(بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع للكاساني 61/2، ط:دار الكتب العلمية)
لأن الواجب الأصلى عندهما هو ربع عشر العين ،وإنما له ولاية النقل إلى القيمة يوم الأداء، فيعتبر قيمتها يوم الأداء، والصحيح أن هذا مذهب جميع أصحابنا.
فداءالرحمن بن ضیاءالرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
08/محرم الحرام/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / سعید احمد حسن صاحب |


