03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
سافٹ ویئر اور ویب سائیٹ کی مالی حیثیت اور ان کی خرید و فروخت کا حکم
92949خرید و فروخت کے احکامخرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل

سوال

میں ایک ویب سائٹ اور سافٹ ویئر ڈویلپر ہوں۔ مجھے یہ جاننا ہے کہ کیا ویب سائٹ اور سافٹ ویئر شرعی طور پر مال شمار ہوتے ہیں ، اور کیا پیسوں کے بدلے کسی کو بناکردینا یا فروخت کرنا جائز ہے؟ کیونکہ آج کل کرپٹو کرنسی کی وجہ سے بہت سے اعتراضات ہورہے ہیں کہ غیر مرئی چیزیں مال نہیں اور انہیں خریدنا بیچنا درست نہیں۔ برائے کرم راہنمائی فرمائیں۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

واضح رہے کہ حضرات احناف کے ہاں مال کی تعریف کیا ہے ؟ اور شرعا کوئی چیز مال کیسے بنتی ہے ؟ اس سلسلے میں فقہاء احناف کی عبارات مختلف ہیں۔ علامہ ابن عابدین رحمہ اللہ نے مال کی تعریف اور کسی چیز کے مال بننے کا ضابطہ درج ذیل بیان فرمایا ہے:

"المراد بالمال ما يميل إليه الطبع، ويمكن ادخاره لوقت الحاجة،

والمالية تثبت بتمول الناس كافة أو بعضهم."

"مال سے مراد وہ قابل انتفاع چیز ہے جس کی طرف انسانی طبیعت مائل ہو اورضرورت کے وقت کے لیے اس کو محفوظ رکھنا ممکن ہو؛ اور کسی چیز کے 'مال بننے ' کا ثبوت تمام یا بعض لوگوں کے اس کو مال بنانے (یعنی بطور مال برتنے اور استعمال کرنے)سے ہوتاہے۔"

اس عبارت میں کسی چیز کے اندر مالیت کی صفت پیدا ہونے کے لئے دو باتیں ضروری قرار دی گئی ہیں جن کی وضاحت درج ذیل ہے:

1۔ تقوم عرفی /فائدے کی چیز ہونے کی وجہ سے انسانی طبائع کے لئے مرغوب ہونا:

اس کا مطلب یہ ہے کہ مال اس چیز کو کہا جائے گا جو اپنے اندر انسان کے منافع و مصالح کو پورا کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہو چنانچہ اس میں موجوداسی فائدے اورمنفعت کے پیشِ نظرانسانی طبائع اس کی طرف راغب ہو ں۔

اس قید کی رو ح کسی چیز کا "معاشی افادیت اور قدر "والا ہونا ہےلہذا جس چیز کی کوئی معاشی افادیت اور قدر Economic utility & value ) ) نہ ہو یعنی وہ انسان کی کوئی ضرورت و حاجت پوری نہ کرے، وہ مال نہیں۔

یہاں یہ امر قابل وضاحت ہے کہ کسی بھی چیز میں ایسی معاشی افادیت یا قدر موجود ہے یا نہیں ؟ فقہاء کرام کے ہاں اس کا فیصلہ لوگوں کے عرف سے کیا جاتاہے ،چنانچہ اسی لئے اس معاشی افادیت کو فقہاء کی اصطلاح میں تقوم عرفی سے بھی تعبیر کیا جاتاہے ،اور اسی بنیاد پر علامہ شامی ؒ نے اپنی عبارت:"والمالية تثبت بتمول الناس كافة أو بعضهم."میں کسی چیز کے مال بننے کا معیار لوگوں کے تعامل کو قراردیا ہے ۔

لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کسی قسم کی معاشی افادیت اور قدر کے بغیر بھی لوگ کسی چیز کو محض اپنی اصطلاح اور اعتبار سے مال بناسکتے ہیں ۔بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی چیز میں ایسی معاشی افادیت اور قدر موجود ہو کہ اس کی بنیاد پر سب لوگ یا لوگوں کا کوئی ایک طبقہ اس کے ساتھ اس طرح مال والا معاملہ کرے کہ اس میں موجود فائدے کے حصول کے لئے اس چیز کو اپنے پاس روک کررکھے یااس کو حاصل کرنے کے لئے مال خرچ کرے تو وہ چیز مال قراردی جائے گی ۔

2۔ احراز و ادخار (ذخیرہ کئے جانے کے قابل حقیقی /مستقل وجود رکھنا):

فقہاء احناف ؒ کے ہاں کسی چیز کے مال بننے کے لئے قابلِیت انتفاع (یعنی افادیت کا حامل ہونے) کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ وہ چیز ایساحقیقی اور مستقل وجود رکھتی ہو جس کو ضرورت کے وقت کے لئے محفوظ یا ذخیرہ کیا جاسکتاہو۔

مال کی تعریف میں یہ قید فقہائے احنافؒ نے منافع کو مال کی تعریف سے نکالنے کےلیے لگائی ہے ،کیونکہ کسی بھی چیز کے منافع تدریجی طور پر پیدا ہوکر فورا ختم ہوجاتے ہیں اس لیے ان کا کوئی ایسا حقیقی یا مستقل وجود نہیں ہوتا جس کو ضرورت کے وقت کے لیے محفوط اور ذخیرہ کیا جاسکے۔

اس قید کے حوالے سے بھی یہ امر قابل وضاحت ہے کہ اگر چہ بظاہر احراز وادخار اعیان یعنی مادی وجود رکھنے والی چیزوں کی صفت ہے ،لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ فقہاء احناف ؒ کےہاں اس بناء پر مالیت صرف مادی اعیان میں منحصر ہوگئی ہے کہ ان کے ہاں مال کے لئے احراز وادخار کی صلاحیت شرط ہے اور یہ صلاحیت صرف مادی اور حسی وجود والی چیزوں میں ہوتی ہے ، کیونکہ احراز وادخار کی گزشتہ تشریح سے واضح ہے کہ ان فقہا ء کرام ؒ نے یہ قید محض منافع وغیرہ ایسی چیزوں کو مال کی تعریف سے نکالنے کے لئے لگائی ہے جن کا کوئی حقیقی یا مستقل وجود نہیں ہوتا،چنانچہ منافع کی بیع جائز نہیں (اگرچہ ضرورت کے باعث منافع پر عقد اجارہ درست ہوتا ہے)۔

لہذا حقیقی وجود رکھنے والی کوئی بھی چیز اگر ایسی ہو کہ اس پر ایسا"اختصاصی قبضہ اور کنٹرول" ممکن ہو جس کے ذریعے اس چیز سے انتفاع کو ضرورت کے وقت کے لئے مؤخر کیا جاسکےتو وہ چیز فقہاء ؒ کے ہاں مال بن سکتی ہے ۔چنانچہ اسی بنیادپر متاخرین احناف ؒ نے بجلی اور گیس جیسی معاشی قدر اور حقیقی وجود رکھنے والی ایسی چیزوں کو مال قراردیا ہے جن کا دیگر مادی اشیاء کی طرح کوئی ظاہری مجسم یا حسی وجود تو نہیں ہوتا مگر ان پر ایسا اختصاصی قبضہ اور کنڑول ممکن ہوتاہے،جس کی مدد سے ان میں تصرف واستعمال کو دوسرے وقت تک مؤخر کیا جاسکتاہے۔

اس ساری بحث کا حاصل یہ ہے کہ فقہاء احناف ؒ کے ہاں "مال سے مراد حقیقی وجود والی ہر وہ چیز ہے جو معاشی منفعت رکھتی ہو، اور مادی یا تکنیکی کسی بھی طورپر انسان کے اختصاصی قبضے اور کنٹرول میں آ سکتی ہو۔"

اس تفصیل کی روشنی میں جدید دور کےان معنوی یا غیر مادی اثاثوں (Intangible Assets) کی مالیت یا عدم مالیت کو بھی سمجھا جاسکتاہے،جن کی قدر کسی مادی جسم میں منحصر نہیں ہوتی ،یعنی وہ معاشی قدر کے حامل ،قابلِ اختصاص توہوتے ہیں،لیکن حقیقی اور مستقل وجود کے حامل کبھی ہوتے ہیں اور کبھی نہیں ۔کیونکہ دورجدید میں معنوی اثاثوں میں مختلف نوعیت کی چیزیں شامل ہوتی ہیں؛ جن میں سے بعض کی بنیاد محض قانونی یا تحفظاتی حقوق پر ہوتی ہے جیسے Patent، Copyright، Trademark اور License، ایسی چیزیں فقہاء احناف ؒ کی تشریح کی روشنی میں حقوق شمار ہوتے ہیں ( اور متاخرین اہلِ علم نے مخصوص شرائط کے تحت ان حقوق کی خرید وفروخت کی گنجائش دی ہے)۔لیکن حقیقی و مستقل وجود نہ رکھنے کی وجہ سے یہ حقوق مال کی حقیقت میں داخل نہیں(چنانچہ اسی لیے بیع کے علاوہ مثلا زکوۃ وغیرہ مال کے احکام ان حقوق سے متعلق نہیں ہوتے)۔

جبکہ بعض امعنوی اثاثے بذاتِ خود ایک ایسا حقیقی وجود اور مخصوص افادیت رکھتے ہیں جوصرف ان ہی معنوی اثاثوں سے حاصل ہوسکتا ہے ،جیسے سافٹ ویئر اور ویب سائٹس وغیرہ۔ ایسی اشیاء فقہاء احناف کی تشریح کے مطابق مال میں داخل ہیں ۔کیونکہ ایساسافٹ ویئر اگرچہ کسی مادی عین کی طرح مادی چیز نہیں، لیکن اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ وہ محض ایک معدوم شی یا خیالی تصور یا تصوراتی حق ہے۔ سافٹ ویئر کی حقیقت یہ ہے کہ یہ انسان کا تیار کردہ ایک منظم طور پر قائم، اور قابلِ تنفیذ و قابلِ عمل نظام ہے جو کمپیوٹر یا ڈیجیٹل آلات کے ذریعے متعین افعال انجام دینے کے لیے بنایا جاتا ہے۔ اس میں متعین ہدایات، منطقی ترتیب اور ایسا محاسباتی ڈھانچہ (Computational Structure) ہوتا ہے جس سے مطلوبہ نتائج حاصل ہوتے ہیں۔اسے ڈیجیٹل ذرائع سے محفوظ کیا جا سکتا ہے، ایک آلے سے دوسرے آلے میں منتقل کیا جا سکتا ہے اور ضرورت کے وقت بار بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ویب سائٹ (Website) بھی اسی ڈیجیٹل نظام کی ایک مخصوص صورت ہے۔لہذا سافٹ وئر کا وجود اگرچہ مادی نہیں لیکن حقیقی ہے ۔البتہ سافٹ ویئر، اوراس کے استعمال سے حاصل ہونے والی منفعت، اور اس سے متعلق قانوناً قائم ہونے والے حقوق کے درمیان امتیاز کرنا بھی ضروری ہے۔ سافٹ ویئر اور ویب سائٹ بذاتِ خود ایک تیار کردہ قابلِ استعمال نظام ہے؛ اس کے ذریعے حساب کتاب کرنا، معلومات منظم کرنا یا کاروباری عمل وغیرہ کو خودکار بنانا اس کے استعمال کے نتائج اور منافع ہیں؛ جبکہ کاپی رائٹ یا لائسنس وغیرہ اس سے متعلق قائم شدہ قانونی حقوق ہیں۔

خلاصہ یہ کہ اگرچہ سافٹ ویئر اور ویب سائٹ بظاہر ڈیجیٹل اور معنوی اشیاء ہیں، لیکن اگر ان میں ذاتی افادہ اور اختصاصی قبضہ کی صلاحیت موجود ہو ،تو انہیں مالیت کے تمام ارکان پورے ہونے کی وجہ سے مال کہا جائے گا۔

ذااتی افادہ اور اختصاصی قبضہ پائے جانے کی تفصیل درج ہے:

1۔ بذاتِ خود قابلِ انتفاع ہونا (Inherent Utility): سافٹ ویئر اور ویب سائٹس محض تصوراتی چیزیں نہیں ہیں، بلکہ وہ بذاتِ خود اپنے وجود سے منافع و مصالح کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کے ذریعے انسان تجارتی، حسابی، تعلیمی، مواصلاتی اور انتظامی امور انجام دیتا ہے، لہٰذا ان کا وجود بذاتِ خود منفعت بخش اور مقصود بالذات ہوتا ہے۔

2۔ قابلیتِ احراز و ادخار (Possession & Storage): سافٹ ویئر کا سورس کوڈ، ڈیٹا بیس اور ڈیجیٹل فائلزوغیرہ کو سرورز، ہارڈ ڈسک یا کلاؤڈ اسٹوریج میں محفوظ (Save) کیا جا سکتا ہے اور ان پر خصوصی قبضہ و ملکیت حاصل کی جا سکتی ہے۔

3۔ عرفِی تقوم :دورِ حاضر کے عرف و تعامل میں دنیا بھر کے لوگ اور ادارے سافٹ ویئر اور ویب سائٹس کو قابلِ قدر اموال شمار کرتے ہیں اور ان کے حصول پر مال خرچ کرتے ہیں۔

لہذا ایسی تمام ویب سائٹس اور سافٹ ویئر جو معتبر و حقیقی منافع پر مشتمل ہوں، انسانی حاجت کے لیے مطلوب ہوں، جنہیں محفوظ کر کے بوقتِ ضرورت استعمال کرنا ممکن ہو، اور جن کوبنانے کا مقصد و استعمال شرعاً مباح کاموں کے لیے ہو، وہ "مالِ متقوم" میں داخل ہیں۔

لہٰذا جائز مقاصد کے لیے تیار کردہ ویب سائٹس اور سافٹ ویئر کی خرید و فروخت کرنا، ان کی تیاری وترمیم (Development & Customization) کا کام کر کے دینا شرعاً جائز، اور اس سے حاصل ہونے والا معاوضہ حلال ہے۔ البتہ اگر کوئی سافٹ ویئر یا ویب سائٹ خاص کسی معصیت کے کام کے لیے بنائی جائے (مثلاً سود، قمار، فحاشی کی اشاعت یا دیگر غیر شرعی امور کی تکمیل یا ترویج کے لیے)، تو اگرچہ اس میں مطلق مالیت پائی جائے،لیکن وہ شرعی اباحت نہ ہونے کی وجہ سے مالِ متقوم نہیں رہے گی، اور گناہ پر معاونت کی بنا پر بھی اس کا معاوضہ لینا ناجائز ہوگا۔

خلاصۂ حکم یہ ہےکہ ویب سائٹ اور سافٹ ویئر کو محض اس وجہ سے مالیت سے خارج نہیں کیا جاسکتا کہ وہ مادی اور محسوس اشیاء کی طرح جسمانی وجود نہیں رکھتے۔ جب ان میں معتبر مباح منفعت، عرفی تقوم اور امکانِ اختصاص وتحفظ موجود ہے تو وہ شرعاً مال ہیں۔چنانچہ کسی جائز مقصد کے لیے سافٹ ویئر یا ویب سائٹ تیار کرکے اس کے عوض معاوضہ لینا، نیز شرعی شرائط کی رعایت کے ساتھ اس کی ملکیت کو معاوضے کے بدلے منتقل کرنا اصولاً جائز ہے۔

حوالہ جات

الموسوعة الفقهية الكويتية (36/ 34)

لم يجعل الحنفية من عناصر المالية إباحة الانتفاع شرعا، واكتفوا باشتراط العينية والانتفاع المعتاد وتمول الناس في اعتبار الشيء مالا، وقد حداهم التزام هذا المفهوم للمال إلى تقسيمه إلى قسمين: متقوم، وغير متقوم. فالمال المتقوم عندهم: هو ما يباح الانتفاع به شرعا في حالة السعة والاختيار.والمال غير المتقوم: هو ما لا يباح الانتفاع به في حالة الاختيار، كالخمر والخنزير بالنسبة للمسلم.

درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (1/ 115)

)المادة 126) (المال هو ما يميل إليه طبع الإنسان ويمكن ادخاره إلى وقت الحاجة منقولا كان أو غير منقول) فكل شيء أبيح الانتفاع به أو لم يبح وكل ما هو مملوك بالفعل أو لم يكن مملوكا من المباحات ويمكن ادخاره فهو داخل تحت هذا التعريف.

هذا ويوجد فرق بين (مالية) الشيء وبين تقومه فالمالية تثبت بتمول الناس جميعهم أو بعضهم أما التقوم فيثبت بتمول الناس وجعل الشرع إياه مباحا للانتفاع (حموي(.

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (5/ 143)

(ولنا) : أن الكلب مال، فكان محلا للبيع كالصقر، والبازي، والدليل على أنه مال أنه منتفع به حقيقة مباح الانتفاع به شرعا على الإطلاق فكان مالا، ولا شك أنه منتفع به حقيقة، والدليل على أنه مباح الانتفاع به شرعا على الإطلاق أن الانتفاع به بجهة الحراسة، والاصطياد مطلق شرعا في الأحوال كلها فكان محلا للبيع؛ لأن البيع إذا صادف محلا منتفعا به حقيقة مباح الانتفاع به على الإطلاق مست الحاجة إلى شرعه؛ لأن شرعه يقع سببا، ووسيلة للاختصاص القاطع للمنازعة إذ الحاجة إلى قطع المنازعة فيما يباح الانتفاع به شرعا على الإطلاق لا فيما يجوز.

بحوث في قضايا فقهية معاصرة (ص: 92)

وأما الحنفية، فتعريف البيع المشهور عندهم: " مبادلة المال بالمال " . وعرفه بعض العلماء بقولهم: " مبادلة شيء مرغوب بشيء مرغوب " ، ولكن المراد من الشيء المرغوب عندهم هو المال، فإن الكاساني الذي عرف البيع بهذا، ذكر في موضع آخر أن البيع مبادلة المال بالمال . وكذلك صاحب الدر المختار قد صرح في شرح ملتقى الأبحر أن المراد من الشيء المرغوب هو المال.

فقہ البیوع 1(/24-27)

وأما تعريف المال، فقد اختلفت فيه عبارات الفقهاء، فقال ابن عابدين رحمه الله تعالى: "المراد بالمال ما يميل إليه الطبع، ويمكن ادخاره لوقت الحاجة. والمالية تثبت بتمول الناس كافة أو بعضهم، والتقوم يثبت بها، وبإباحة الانتفاع به شرعا." وحكى بعد ذلك عن الحاوى القدسي: "المال: اسم لغير الآدمي خلق المصالح الآدمي، وأمكن إحرازه والتصرف فيه على وجه الاختيار. "

وليس في هذين التعريفين ما يقصر اصطلاح "المال" على الأعيان، بل هو يشمل المنافع المؤيدة أيضاً… ولكن قصر بعض الحنفية المال على الأعيان فقط، فقال الحصكفي رحمه الله تعالى في شرحه على ملتقى الأبحر: "والمراد بالمال عين يجرى فيه التنافس والابتذال "وإن هذا التصريح في تعريف المال بانحصاره في الأعيان لا يوجد عند غيره بهذا الوضوح، ولكن الذى يستنبط من كلام الفقهاء الحنفية، ولا سيما المتأخرين منهم، أن هذا القيد ملحوظ عندهم في تعريف المال، ولذا، فإن الشيخ مصطفى الزرقاء انتقد هذه التعريفات، واستبدل بها تعريفاً آخر، فقال: "المال: هو كل عين ذات قيمة مادية بين الناس." ومقتضى هذين التعريفين أن المال مقصور على الأعيان المادية،

ولكن يظهر من عدة فروع الحنفية أنهم أجازوا بيع بعض المنافع المتعلقة بالأعيان، مثل حق المرور، فألحقوها بالأعيان في كونها مالاً…

والواقع أنه لم يرد نص في القرآن الكريم والسنة النبوية يحدد المال، أو يعرفه بصفة دقيقة، وإنما تركته الشريعة على العرف المتفاهم بين الناس، ولذلك يقول ابن عابدین رحمه اللہ: "والمالية تثبت بتمول الناس كافة أو بعضهم "فما عرف كونه مالاً فيما بين الناس بصفة عامة يُعد مالاً، إلا إذا ورد النص بخلافه، كما في الخمر والخنزير. أما تقييده بالأعيان المادية، فلم يرد بذلك نص، ولم يطرد هذا التقييد في كثير من المسائل، كما ذكرنا.

وإن الكهرباء والغاز أصبحا اليوم من أعز الأموال التي يجرى فيها التنافس، ويصعب إدخالهما في الأعيان القائمة بنفسها، ومع ذلك يجوز بيعهما وشراؤهما. وقد تعامل الناس بذلك من غير نكير، فما ذكرنا عن ابن عابدين من تعريف المال، هو الراجح بدون تقييده بالأعيان القائمة بنفسها. وما ليس بعين لا يحكم بعدم جواز بيعه لمجرد أنه ليس بعين، ما لم يلزم منه محظور آخر.

والمراد من قولهم "ما يميل إليه الطبع " في تعريف المال، أن يكون منتفعاً به، فما لا ينتفع به ليس مالاً، ولا يجوز كونه محلاً للبيع والشراء.

فقہ البیوع(/1 277-278 )، بحوث في قضايا فقهية معاصرة (ص: 119)

ويبدو لهذا العبد الضعيف، عفا الله عنه أن حق الاسم التجاري والعلامات التجارية وإن كان في الأصل حقا مجردا غير ثابت في عين قائمة، ولكنه بعد التسجيل الحكومي الذي يتطلب جهدا كبيرا، وبذل أموال جمة، والذي تحصل له بعد ذلك صفة قانونية تمثلها شهادات مكتوبة بيد الحامل وفي دفاتر الحكومة، أشبه الحق المستقر في العين، والتحق في عرف التجار بالأعيان، فينبغي أن يجوز الاعتياض عنه على وجه البيع أيضا، ولا شك أن للعرف العام مجالا في إدراج بعض الأشياء في الأعيان، لأن المالية، كما يقول ابن عابدين رحمه الله، تثبت بتمول الناس. وهذا مثل القوة الكهربائية أو الغاز التي لم تكن في الأزمان السالفة تعد من الأموال والأعيان المتقومة، لأنها ليست عينا قائمة بذاته، ولم يكن إحرازها في الوسعة البشرية، ولكنها صارت الآن من أعز الأموال المتقومة التي لا شبهة في جواز بيعها وشرائها، وذلك لنفعها البالغ، ولإمكان إحرازها، ولتعارف الناس بماليتها وتقومها.

فكذلك الاسم التجاري أو العلامة التجارية أصبحت بعد التسجيل الحكومي ذات قيمة بالغة في عرف التجار، ويصدق عليها أنها تحرز بإحراز شهادتها المكتوبة من قبل الحكومة، وإحراز كل شيء بما يلائمه، ويصدق عليها أيضا أنها تدخر لوقت الحاجة، فالعناصر اللازمة التي تمنح الشيء صفة المالية متوفرة فيها، سوى أنها ليست عينا قائمة بنفسها، فيبدو أنه لا مانع شرعا من أن يسلك بها مسلك الأموال في جواز بيعها وشرائها.

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

15جمادی الاولی1448ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب