| 77095 | ہبہ اور صدقہ کے مسائل | ہبہ واپس کرنے کابیان |
سوال
محترم مفتیان کرام
میرے والد،دادا اور دادی تینوں نے مل کر میرے والد کے چچا زاد بھائی کو بطور احسان پلاٹ اور کھیت وغیرہ دے دیا تھا۔اب میرے والد،دادا،دادی اور چچا زاد بھائی سب وفات پاچکے ہیں ۔کیا میں اپنے والد کے چچا زاد بھائی کی اولاد سے پلاٹ،کھیت وغیرہ واپس لے سکتا ہوں؟ کیونکہ میرے والد کے چچا زاد بھائی کی اولاد اب سرکشی کرتی ہے اور میرے ساتھ دشمنی اور مقابلہ کرتے ہیں ۔اس لیے اب میں ان سے اپنے والد اور دادا و دادی کا کیا ہوا احسان واپس مانگنا چاہتا ہوں۔شریعت کی روشنی میں راہنمائی کیجیے۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
آپ کے والد،دادا اور دادی اگر اس پلاٹ اور کھیت وغیرہ کے مالک تھے اور انہوں نے آپ کے والد کے چچا زاد بھائی کو یہ چیزیں احسان کرتے ہوئے بطور تحفہ و ہدیہ دے دیں تھیں، جس کے بعد انہوں نے قبضہ بھی لے لیا تھا تو یہ چیزیں ان کی ملکیت میں اور ان کی وفات کے بعد ان کے ورثاء کی ملکیت میں داخل ہوگئیں اور اب آپ کو ان سے واپس لینے کا اختیار نہیں ہے۔ہاں ،اگر وہ دلی خوشی او رمکمل رضامندی کے ساتھ بغیر کسی جبر و اکراہ کے از خود آپ کو واپس ہدیہ کردیں تو اس میں شرعا کوئی حرج نہیں۔
حوالہ جات
درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (2/ 477)
ووفاة كل من الواهب والموهوب له بعد التسليم مانعة من الرجوع. فعليه إذا توفي الموهوب له فليس للواهب الرجوع عن الهبة واسترداد الموهوب من ورثته .كذلك إذا توفي الواهب فليس لورثته الرجوع عن الهبة واسترداد الموهوب.
شیرعلی
دارالافتاء جامعۃ الرشید
5ذوالقعدہ1443 ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | شیرعلی بن محمد یوسف | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / سعید احمد حسن صاحب |


