03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
شرکت میں ایک شریک کی جانب سے ملنے والے نفع کو کم سمجھ کر متعین فیصد نفع کا مطالبہ کرنے کا حکم
78737شرکت کے مسائلشرکت سے متعلق متفرق مسائل

سوال

میں نے اپنے سالے کے ساتھ مل کر کاروبار میں رقم لگائی ۔دونوں نے 40 ، 40 لاکھ روپے لگائے اور یوں مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے سے کام شروع کیا۔یہ معاہدہ باقاعدہ تحریری طور پر نہیں لکھا گیا ،البتہ زبانی طورپر ٪50 /٪50 نفع کی بنیاد پر شراکت داری ہوئی۔ رقم دیئے ہوئے پانچ سال ہوگئے ہیں۔ رشتے داری کی بنیادپر اعتماد کرتے ہوئے میں نے ان سالوں میں کبھی حساب نہیں مانگا اور نہ انہوں نے دیا۔اگر مجھے رقم کی کبھی ضرورت محسوس ہوئی تو میں نے انکم میں سے رقم مانگی اور اس نے دے دی اب تک مختلف اوقات میں جو رقم وصول کی وہ ساٹھ لاکھ سولہ ہزار ایک سوپچیس روپے(6016125) بنتی ہے۔۔ایک سال ایسا آیا کہ مجھے رقم کی شدید ضرورت پڑی اور میں نے مطالبہ کیا کہ نفع میں سے کچھ رقم دے دو تو اس نے مجھے فون پر کہا کہ یہ شراکت داری کا سلسلہ میں ختم کرنا چاہتا ہوں ۔میں نے کہا ٹھیک ہے ،آپ ختم کردو ،لیکن اب تک کے نفع کا جو حساب کتاب ہے وہ مجھے تحریری طو رپر بنادو، ( بقول سائل: اس دن ہم نے شراکت داری ختم کردی)۔اس کے تقریبا 20 یا 25 دن بعد سالے نے اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ کچھ رقم کیش اور باقی آٹھ ماہ بعد ادائیگی کے چیک بھجوادیے۔حساب کتاب کی فوٹو کاپی چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ مجھے دیا جانے والا نفع کم ہے،لہذا میں نے سالے کو فون کرکے پوچھا تو تقریبا 30 ماہ بعد میرے گھر آیا۔ میری اصل رقم اور میرے سالے کے حساب سے بننے والا نفع باسٹھ لاکھ اٹھاسی ہزار (6288000 )میں سےبیالیس لاکھ( 4200000 ) روپے مجھے دیئے اور بقیہ حساب چار دن بعد کرنے کا کہا۔دس ماہ بعد بیس لاکھ اٹھاسی ہزار (2088000) روپے لے کر آیا اور بقیہ حساب سال یا ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے کا کہا۔لیکن اس کے بعد سالے نے مجھ سے تعلقات بالکلیہ ختم کردئیے۔لہذا اب تک کا میرا حساب کتاب یہ بنا کہ میں نے 40 لاکھ بطور سرمایہ دیا جبکہ ایک کروڑ تیئس لاکھ چار ہزار ایک سو پچیس ( 12304125) روپے مختلف مواقع پر ٹکڑوں میں وصول کیے(4200000+2088000 +6016125(۔

میرا سوال یہ ہے کہ مجھے جو رقم ملی ہے وہ میرے حساب سے بہت کم ہے ( میرے خیال میں اسے کم از کم 10 فیصد ماہانہ ہونا چاہیے تھا)۔میرے سالے کی اور میری رقم برابر تھی ،نفع بھی 50، 50 فیصد طے تھا ،لیکن مالی اعتبار سے میں آج بھی سابقہ حالت پر کھڑا ہوں ،جبکہ میرے سالے کے پاس 3 گاڑیاں اورگھر وغیرہ ہیں۔لہذا کیا میرا 10 فیصد ماہانہ کے اعتبار سے مطالبہ کرنا ٹھیک ہوگا؟ یہ بات بھی ملحوظ رہے کہ اصل نفع کتنا ہوا تھا میرے سالےنے یہ حساب کتاب مجھے نہیں دکھایا ہے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

بطور تمہید یہ بات سمجھ لیجیے کہ شراکت داری میں متعین رقم یا متعین فیصد رقم کا بطور نفع مطالبہ کرنا درست نہیں،بلکہ اخراجات اور نقصان وغیرہ نکالنےنے کے بعد کاروبار میں جو حقیقی نفع ہوا ہو،اسے طے شدہ تناسب سے تقسیم کیا جانا چاہیے۔

آپ کا معاملہ بھی چونکہ شراکت داری کی بنیاد پر تھا ،لہذا آپ کا دس فیصد ماہانہ کے اعتبار سے نفع لینے کا مطالبہ کرنا درست نہیں ہوگا،بلکہ شراکت داری کی مدت میں شراکت داری ختم ہونے تک کاروبار میں اخراجات اور نقصان وغیرہ نکالنےنے کے بعد جو بھی حقیقی نفع ہوا تھا ،اس میں سے پچاس فیصد آپ کا حق ہے جس کا آپ مطالبہ کرسکتے ہیں ۔آپ کے شریک کے ذمے لازم ہے کہ وہ آپ کے حصے کی رقم ادا کرے اور نفع و نقصان جاننے کے لیے حساب کتاب کا جو ریکارڈ درکار ہواسے آپ کے سامنے رکھے۔

حوالہ جات

درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (3/ 352)

(يشترط أن تكون حصة الربح الذي بين الشركاء جزءا شائعا كالنصف والثلث والربع فإذا اتفق على أن يكون لأحد الشركاء كذا درهما مقطوعا من الربح تكون الشركة باطلة)

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

91جمادی الاخری 1444ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب