03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
زکوۃ ادا کرنے کا طریقہ
80188زکوة کابیانان چیزوں کا بیان جن میں زکوة لازم ہوتی ہے اور جن میں نہیں ہوتی

سوال

میری اور میرے بیوی بچوں کی کچھ بلڈنگز ہیں ۔کچھ زرعی رقبہ ہے اور کچھ ہم نے مختلف اداروں مثلا کالجز،سکولز، اور یونیورسٹیز وغیرہ کے حصص خریدے ہوئے ہیں ،جن کی مجموعی سالانہ آمدنی مثلا دس کروڑ روپے ہے ۔یہ رقم دوران سال مختلف مدات سے آتی رہتی ہے اور یہ رقم مزید زمین کی خریداری،بلڈنگز کی تعمیر اور دیگر گھریلو اخراجات میں خرچ ہوتی رہتی ہے۔ ایسی آمدن نہیں ہے جو بینک میں پڑی ہو ۔بعض اوقات رقم کی امید پر ہی مزید پراجیکٹ شروع کردیتے ہیں۔

ہم آج تک اس طرح زکوۃ ادا کرتے رہے ہیں کہ کل سالانہ آمدن کا حساب کرکے اس کا 2.5فیصد زکوۃ کے طور پر ادا کردیتے ہیں۔کیا یہی طریقہ درست ہے یا کوئی اور؟

نوٹ:سائل نے بتایا کہ فروخت کرنے کی نیت سے بھی بلڈنگز وغیرہ خریدتے ہیں ،لیکن اس کی مالیت کو زکوۃ میں شامل نہیں کرتے اور اسی طرح سونا چاندی وغیرہ کا حساب بھی نہیں لگاتے۔ ا دھار پر کوئی چیز خریدی ہو تو زکوۃ کا حساب کرتے وقت اس طرح کے واجبات کو منہا نہیں کرتے الغرض صرف سالانہ آمدن کا 2.5 فیصد حصہ جو بنتا ہے وہ ادا کردیتے ہیں۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

پہلے اصولی طور پر یہ بات سمجھ لیجیے کہ اگر کوئی مسلمان عاقل بالغ، صاحب نصاب ہو اور اس نصاب پر ایک قمری سال(نہ کہ شمسی سال) گزر جائے تو اس پر زکوۃ ادا کرنا لازم ہوجاتا ہے اور زکوۃ کا حساب لگاتے وقت سال بھر ہونے والی آمدن کو نہیں دیکھا جاتا،بلکہ یہ دیکھا جاتا ہے کہ سال پورا ہونے پر واجب الادا ء رقوم کو منہا کرنے کے بعد ملکیت میں جتنی بچت اورقابل زکوۃ اموال باقی رہ گئے ہیں اگر وہ نصاب کے برابر ہوں تو چاہے پھر وہ کسی ضرورت مثلا حج کرنے یا گھر خریدنے یا بچوں کی شادی و پڑھائی وغیرہ کے لیے ہی کیوں نہ رکھے ہوں ان کی کل مالیت کا 2.5 فیصد حصہ بطور زکوۃ اد اکرنا لازم ہوتا ہے۔یہاں دو باتیں مزید قابل وضاحت ہیں:

1۔ قمری تاریخ ِ زکوۃ معلوم ہونا یا طے کرنا ضرورری ہے ،آئندہ اسی تاریخ کو زکوۃ کے اموال کا حساب ہوگا۔

2۔ میاں بیوی اور بالغ بچوں کی الگ الگ ملکیت کا حساب اور اعتبار ہوگا ،مجموعہ پر ایک ساتھ زکوۃ کا حساب کرنا درست نہ ہوگا۔

اموال زکوۃ میں زرعی پیداوار اور مویشیوں کے علاوہ اموال میں صرف چار چیزیں شامل ہیں ،سونا ،چاندی نقدی اور مال تجارت ،جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

1۔ سونا (جب کوئی اور مال زکوۃ نہ ہو ،صرف سونا ہی ہو تو ساڑھے سات تولہ پر زکوۃ دینا لازم ہوتا ہے،اگر کوئی اور مال زکوۃ بھی ساتھ ہو تو تمام اموال زکوۃ کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت کے برابر ہونے پر زکوۃ دینا لازم ہوتا ہے خواہ پھر سونا ساڑھے سات تولہ ہو یا کم)

2۔ چاندی (ساڑھے باون تولہ)

3۔ نقدی (اس میں مالیاتی دستاویزات جیسے سیونگ سرٹیفیکیٹس وغیرہ بھی شامل ہیں)

4۔ مالِ تجارت (ہر وہ چیز جسے خریدتے وقت ارادہ ہو کہ فروخت کردیں گے اور یہ ارادہ سال پورا ہونے تک باقی ہو)

اس اصولی تمہید کی روشنی میں آپ کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آپ کے طریقہ کار میں درج ذیل خامیاں معلوم ہوتی ہیں:

1۔ سونے چاندی وغیرہ کی زکوۃ نہیں ادا کی جارہی ،صرف سالانہ آمدن کی زکوۃ دی جارہی ہے

2۔ وہ عمارتیں اور پراپرٹی وغیرہ جو مال تجارت کے زمرے میں داخل ہیں( یعنی جنہیں خریدتے وقت ارادہ تھا کہ فروخت کردیں گے اور یہ ارادہ باقی بھی رہا ) ان کی زکوۃ ادا نہیں کی جارہی۔

3۔ واجب الادا قرضوں کو منہا نہیں کیا جارہا۔

لہذا زکوۃ کی درست ادائیگی کے لیے ضروری ہوگا کہ آپ کے گھرانے سے ہر صاحب نصاب عاقل بالغ شخص قمری سال پورا ہونے پر اپنی ملکیت میں موجود سونا چاندی،نقدی(بشمول آپ کی وہ رقوم جو لوگوں کے ذمے ہیں اور وصول ہونی ہیں) اور تجارت کی غرض سے رکھے گئے ہر ایک ساز و سامان (بشمول عمارتیں اور اراضی وغیرہ ) کی بازاری قیمت (مارکیٹ ویلیو)لگائے اور لوگوں کے آپ کے ذمے جو پیسے ہیں وہ اس میں سے منہا کردیے جائیں پھر جو مالیت باقی بچے اس کا 2.5% مصارف زکوۃ کو ادا کردیا جائے۔

حوالہ جات

الهداية في شرح بداية المبتدي (1/ 95)

الزكاة واجبة على الحر العاقل البالغ المسلم إذا ملك نصابا ملكا تاما وحال عليه الحول

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

23شوال 1444ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب