03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
“Our Elite Health”ویب سائٹ کا شرعی حکم
80665اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائلکرایہ داری کے جدید مسائل

سوال

سائل نے تفصیلی سوال نامہ بھیجا ہے جس کا خلاصہ نکات کی صورت میں درج ذیل ہے۔

  • نیٹ ورکنگ اور نیٹ ورک مارکیٹنگ دو الگ  الگ چیزیں ہیں ۔نیٹورک مارکیٹنگ میں کوئی  چیز بیچی جارہی ہوتی ہے اور اس کی خرید وفرخت  ممبر شپ سے متعلق ہوتی ہے۔ اس کے برعکس نیٹ ورکنگ میں صرف نئی ٹیم بنانی ہوتی ہے
  • آور ایلیٹ ہیلتھ ڈاٹ کام(Our Elite Health) خواتین کےلیے بنائی گئی ویب سائٹ ہے،جو نیٹ ورکنگ  کے طریقے پر کام کررہی ہے۔یہ دو طرح کی فیس لیتی  ہے ،ٹریننگ فیس اور اکاؤنٹ ایکٹیویشن فیس۔ ان سے جمع ہونے والی رقم  بطور انکم تقسیم کی جاتی ہے۔
  • اس ویب سائٹ کا طریقہ کار  تین حصوں میں تقسیم ہے:
    1. انویٹیٹر:یہ نیا آنے والا شخص ہوتا ہے جو کسی ممبر کی طرف سے شیئر کردہ پوسٹ کے ذریعے ممبر سے رابطہ کرتا ہے، ممبر اس سے کچھ بنیادی معلومات لے کر لیول ون کا فارم فل کرواتا ہے۔ نیا شخص ٹریننگ فیس ادا کرکے اس کا اسکرین شاٹ ممبر کو بھیجتا ہے، اس کے بعد ممبر اپنے سینئر سے رابطہ کرکے گوگل میٹ پر ٹریننگ کلاس رکھواتا ہے۔ یہ دو دن کی  ٹریننگ ہوتی ہے  جس میں  مذکورہ ویب سائٹ کاسسٹم اور نیٹ ورکنگ کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔دو دن بعد ایک انٹرویو لیا جاتا ہے  جس میں کلیئر ہونے پر  یہ شخص اکاؤنٹ کھلوا سکتا ہے۔یہاں تک کا سارا  کام ممبر کی ذمہ داری اور نگرانی میں ہوتا ہے۔

اکاونٹ کھلوانے کی فیسادا کرنے کے بعد اس شخص کا اکاؤنٹ کھول دیاجاتا ہےاور کم یا زیادہ فیس کی ادائیگی کے مطابق اسے کم یا زیادہ پوائنٹس دئے جاتے ہیں ۔اس طرح یہ بھی اس سسٹم کاممبر بن جاتا ہےاس کو لیول ٹو کا نام دیا گیا ہے۔اب یہ خود بھی لوگوں کو انوائٹ کرسکتا ہے اور اپنی ٹیم بنا سکتا ہے۔ جس قدر ممبر زیادہ ہوتے جائیں گے پوانٹس میں اضافہ ہوتا جائے گا،جس سے ممبر کا رینک آگے بڑھے گا اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ اس لیول پر سینئرکے ساتھ ایک واٹس ایپ گروپ بنا دیا جاتا ہے جس میں باقاعدہ حاضری ہوتی ہے ۔سسٹم کی طرف سے فری کورسسز بھی مہیا کیے جاتے ہیں تاکہ کام کو پروموٹ کیاجاسکے۔

  1. نیٹ ورکنگ:یہ لیول ٹو کا ممبر ہوتا ہے جو اپنی بنائی ہوئی ٹیم کی ٹریننگ کرتا  ہے۔
  2. موٹیویشنل اسپیکر:یہ سینیئر ہیں جو لیول ون اور ٹو کو ٹریننگ کرواتے ہیں۔
  • آمدنی کی تقسیم:آمدنی دو طرح کی ہے، ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ
    1. ڈائریکٹ  انکم اکاؤنٹ ایکٹویشن فیس کی بنیاد پر ہے ۔جتنا بڑا رینک ہوگا اتنا ہی زیادہ فیصدی حصہ  انکم کے طور پر ملے گا۔
    2. ان ڈائریکٹ انکم  ہر رینک کے ممبر کو 18 فیصد دی جاتی ہے۔
  • ان تمام تفصیلات کے بعد درج ذیل سوالات کا جواب مطلوب ہے
    1. کیا یہ کام جائز ہے یا ناجائز؟یا اس میں جوئے کی کوئی صورت ہے؟
    2. کیا اس میں سود کا احتمال ہے؟
    3. نیٹ ورک مارکیٹنگ میں ان ڈائریکٹ کمیشن کو حرام  کہا جاتا ہے  کیونکہ وہ بغیر کسی محنت کے ملتا ہے، جبکہ نیٹورکنگ میں  ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ دونوں ممبران کو محنت کرنا ہوتی ہے۔

نیٹ ورک مارکیٹنگ اور نیٹورکنگ میں کیافرق ہے؟کہا جاتا ہے کہ نیٹورکنگ الگ ہے اور ہر کام کےلیے کی جا سکتی ہے۔

  1. اگر یہ کمائی حلال نہیں  تو جو پہلے استعمال کی جا چکی  ہے اس کا کیا حکم ہے اور جو ممبر ہم نے ایڈ کروائے ہیں ان کے نقصان کے مداوہ کی کیا صورت ہوگی؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

Our Elite Health نامی کمپنی کے بارے میں جو معلومات حاصل ہوئیں، ان سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ کمپنی بھی ملٹی لیول مارکیٹنگ کے طریقے پر ہی چل رہی ہے ، جس کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

اس ویب سائٹ پر  فیس دے کر اکاؤنٹ کھولنا  نیٹورکنگ کے حق کو خریدنا ہے، یعنی اکاؤنٹ کھولنے والے  کمپنی کے نمایندہ کے طور پر مزید لوگوں کو  اس کمپنی کی طرف بلانے کا حق حاصل ہوگا۔ شرعی طور پر نیٹورکنگ اجارہ کا معاملہ ہے اور پیسے دے کر یہ حق خریدنا اجارہ  کے حق کی بیع ہے جس کو حق مجرد کی بیع کہا جاتا ہے جو کہ جائز نہیں۔

اس ویب سائٹ سے ارننگ کے لیے  آپ کو پوائنٹس کی ضرورت ہے، جو کہ نئے لوگوں کو انوائٹ کرنے سے حاصل ہوں گے۔اگر نئے لوگ شامل نہ ہوسکے تو آپ کی لگائی گئی رقم بھی ڈوب جائے گی جوکہ جوئے کی صورت ہے۔

ان ڈائریکٹ انکم  کی اصل بنیاد بھی نئے ممبر کی جوائننگ پر ہے۔ ہر نئے ممبر کے شامل ہونے پر پرانے ممبران کو اس کا حصہ ملتا ہے ۔ٹریننگ وغیرہ کا  براہ راست اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہوتا لہذا یہ بھی  ان ڈائریکٹ کمیشن کی ہی صورت بنتی ہے۔ جو کہ جائز نہیں

مذکورہ بنیادی باتوں کی وضاحت  کے بعد آپ کے سوالات کے جواب درج ذیل ہیں۔

  1. مذکورہ کام ناجائز ہے ۔ کیونکہ ملٹی لیول مارکیٹنگ پائے جانے کی وجہ سے جوئے کی صورت بنتی ہے۔
  2. یہ معاملہ سود تو نہیں ہے لیکن دیگر وجوہات کی بنا پر ناجائز ہے
  3. نیٹ ورکنگ ، نیٹ ورک مارکیٹنگ، ملٹی لیول مارکیٹنگ  سب ایک ہی  ہیں ۔ نیٹ ورکنگ اور نیٹ ورک مارکیٹنگ  میں خرید و فروخت کا جو فرق سوال میں ذکر کیا گیا ہے وہ معتبر نہیں۔ دونوں میں اصل مقصد ایک سے دو اور دو سے چار ممبر بنا کر کمیشن حاصل کرنا ہوتا ہے۔

حرام آمدنی کا حکم یہ ہے کہ اسے بلا نیت ثواب صدقہ کردیا جائے ۔ لہذا اگر مذکورہ ویب سائٹ سے کچھ آمدنی حاصل کی گئی ہے تو اس رقم کو صدقہ  کردیں۔ اور جو لوگ آپ کے کہنے پر اس میں شامل ہوئے ہیں ان  سب کے سامنے اس کا ناجائز ہونا واضح کرکے انہیں اس سے روکنے کی کوشش کریں۔

حوالہ جات

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (6/ 403)

(قوله لأنه يصير قمارا) لأن القمار من القمر الذي يزداد تارة وينقص أخرى، وسمي القمار قمارا لأن كل واحد من المقامرين ممن يجوز أن يذهب ماله إلى صاحبه، ويجوز أن يستفيد مال صاحبه وهو حرام بالنص،

شرح القواعد الفقهية (ص: 55)

" العبرة في العقود للمقاصد والمعاني لا للألفاظ والمباني ".....والمراد بالمقاصد والمعاني: ما يشمل المقاصد التي تعينها القرائن اللفظية التي توجد في عقد فتكسبه حكم عقد آخر كما سيأتي قريبا في انعقاد الكفالة بلفظ الحوالة، وانعقاد الحوالة بلفظ الكفالة، إذا اشترط فيها براءة المديون عن المطالبة، أو عدم براءته.وما يشمل المقاصد العرفية المرادة للناس في اصطلاح تخاطبهم، فإنها معتبرة في تعيين جهة العقود، فقد صرح الفقهاء بأنه يحمل كلام كل إنسان على لغته وعرفه وإن خالفت لغة الشرع وعرفه: (ر: رد المحتار، من الوقف عند الكلام على قولهم: وشرط الواقف كنص الشارع) .

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (5/ 99)

والحاصل أنه إن علم أرباب الأموال وجب رده عليهم، وإلا فإن علم عين الحرام لا يحل له ويتصدق به بنية صاحبه، وإن كان مالا مختلطا مجتمعا من الحرام ولا يعلم أربابه ولا شيئا منه بعينه حل له حكما، والأحسن ديانة التنزه عنه

عبدالقیوم   

دارالافتاء جامعۃ الرشید

24/ذوالحجہ/1444

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

عبدالقیوم بن عبداللطیف اشرفی

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب