| 81034 | جائز و ناجائزامور کا بیان | جائز و ناجائز کے متفرق مسائل |
سوال
اسلام یہود و نصاری کو اسلام اور مسلمانوں کادشمن کہتا ہے۔سوال یہ ہےکہ کیا ہر چیز حتی کہ اپنی غلطیوں کو بھی ان کے کھاتے میں ڈال دینا مناسب ہے ؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
یہ بات درست ہے کہ یہود و نصاری اسلام اور اہلِ اسلام کے دشمن ہیں، جیسا کہ تاریخ اس پر شاہد ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اہلِ اسلام اپنے خلافِ شرع کاموں کی وجہ سے پیش آنے والے احوال اور حوادث کا سبب بھی کفار کو قرار دے کر اپنے آپ کو برئ الذمہ قرار دیں، جیسے ایک عرصہ سے امتِ مسلمہ زوال کا شکار ہے، اب اگر کوئی شخص کہے کہ اس میں کفار کے کفروشرک اور بداعمالیوں کا دخل ہے تو یہ درست نہیں، بلکہ یہ درحقیقت مسلمانوں کے اپنے بُرے اعمال کا نتیجہ ہے اور احادیثِ مبارکہ میں بھی مختلف گناہوں کے سبب مختلف حالات پیش آنے کی پیش گوئی فرمائی گئی ہے، لہذا ایسی صورتِ حال میں مسلمانوں کے کفار کو موردِ الزام ٹھہرانے کی بجائے اپنے اعمال درست کرنے چاہئیں، امت کے حالات اپنے ذاتی اور اجتماعی اعمال درست کرنے سے ہی بہتر ہوں گے، جیسا کہ قرآن کریم میں ارشاد ہے:
{إِنَّ اللَّهَ لَا يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتَّى يُغَيِّرُوا مَا بِأَنْفُسِهِمْ } [الرعد: 11]
ترجمہ: یقین جانو کہ اللہ کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنے حالات میں تبدیلی نہ لے آئے۔ (آسان ترجمہ قرآن، سورة الرعد:آیت:11)
حوالہ جات
۔۔۔
محمد نعمان خالد
دارالافتاء جامعة الرشیدکراچی
22/ محرم الحرام 1444ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد نعمان خالد | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


