03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
کاروباری شریک کے انتقال کے بعد اس کے سرمائے پر نفع کا حکم
84154شرکت کے مسائلشرکت سے متعلق متفرق مسائل

سوال

میرے ایک کاروباری شراکت دار محترم لالانور محمد کا گزشتہ سال جنوری 2023 میں انتقال ہو گیا تھا۔ لالانور محمد بھائی مرحوم نے 5000000 روپے انویسٹ کیے تھے ۔ان کے انتقال کے بعد میں نے سال کے آخری ماہ دسمبر 2023 میں کاروبار کا حساب کیا تھا ۔ایک سال میں 1164501 روپے ان کی رقم پر نفع بن رہا ہے۔ مجھے یہ جاننا ہے کیا یہ نفع بھی ان کے ورثاء کو ان کی اصل رقم کے ساتھ دینا ہے ؟میں ان کے ورثاء کو ان کے پیسے ادا کرنا چاہتا ہوں۔ نفع کا کچھ حصہ 900000 بطور امانت ہم پہلے ادا کر چکے ہیں نفع ان کی فیملی میں ان کی بچی کو امانت دیتے ہیں ۔کیا بقیہ 324502 نفع ادا کرتا ہے یا پھر صرف اصل رقم پچاس لاکھ دینی ہے اور امانت کے نو لاکھ، پچاس لاکھ میں سے کاٹ کر بقیہ رقم دینی ہے ۔

جب لا لا نور محمد کا انتقال ہوا ،اس کے بعد میرا ان کے اہل و عیال میں کسی سے بھی کوئی کاروباری معاہدہ نہیں ہوا –ان کے انتقال سے اب تک کیا ابھی کا روباری شراکت مانی جائے گی اور اس پر انھیں نفع اس مدت کا ادا کرنا ہے یالا لا بھائی کی اصل رقم ہی واپس کرنی ہے ؟میں نے انہیں اس سال 2024 میں کہا ہے کے آپ کی رقم واپس کر رہا ہوں ۔اب میں انہیں رقم دینا چاہتا ہوں۔

تنقیح : سائل نے جنوری 2024 کی ابتدا میں مرحوم شریک کے ورثاء کو اطلاع دے کر کارباور سے رقم الگ کردی تھی اور انہیں ورثاء کی تفصیلات قانونی طور پر مہیا کرنے کا کہا تھا تاکہ ہر وارث کو اس کے مطابق رقم ادا کردی جائے۔ورثاء نے تفصیلات اب جاکر فراہم کیں اور اس عرصے میں یہ رقم سائل کے پاس کاروبار سے الگ بطور امانت رکھی رہی۔

تنقیح :امانت دینے سے مراد عبوری نفع کی مد میں ماہانہ ایک مخصوص رقم کی ادائیگی کرنا ،جس کا حتمی تصفیہ، سالانہ حساب کتاب میں کیا جاتا ہے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

کاروباری شراکت داری میں اگر کسی ایک شریک کی وفات ہوجائے تو اس کے حصے کی حد تک شراکت داری ختم ہوجاتی ہے اور دیگر شرکاء کو ورثاء کی اجازت کے بغیر اس کے حصے سے مزید کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہوتی،لیکن اگر شرعی ورثاء کی اجازت کے بغیر کاروبار کرلیا گیا ہو تو اس کے نفع کو صدقہ کرنا یا ورثاء کو دینا ضروری ہوجاتاہے،خود رکھنا بہرحال درست نہیں۔

صورت مسئولہ میں وفات پا جانے والے شریک کی رقم پر ،اس کی وفات سے لے کر ورثاء کو بتاکر کاروبار سے الگ کرنے تک جتنا نفع ہوا اسے ورثاء کو اصل رقم کے ساتھ ادا کردیا جائے اور سال کے دوران عبوری نفع کے طور پر ادا کردہ رقم کو کل واجب الاداء رقوم ( اصل سرمایہ اور حاصل شدہ نفع ) سے منہا کرلیا جائے۔

حوالہ جات

الدر المختار مع رد المحتار: 4/ 327 ،4/ 328

(وتبطل الشركة) أي شركة العقد (بموت أحدهما) علم الآخر أو لا لأنه عزل حكمي…(وبجنونه مطبقا) فالربح بعد ذلك للعامل لكنه يتصدق بربح مال المجنون .تتارخانية.

قال ابن عابدین رحمہ اللہ : (قوله: لكنه يتصدق إلخ) والظاهر أنه يقال مثل ذلك فيما إذا تصرف أحدهما بالمال في صور بطلان الشركة المارة، فإن الربح يكون للعامل ويتصدق بما ربح من مال الآخر.

فقہ البیوع :2/1053

الغلة والربح الذى حصل للغاصب أو كاسب الحرام قبل أداء بدله إلى المالك، أو قبل التصدق لا يطيب له الانتفاع به حتّى يؤدّي بدله. فإن أدى البدل، فإن الراجح في مذهب الحنابلة أنّه ملك للمغصوب منه، فيرده (أي الربح والغلة) مع بدل المغصوب إلى مالكه، وهو قول فى مذهب المالكية والشافعية والحنفية على أنه مملوك للغاصب، وهو قول الشافعي رحمه الله فى الجديد، ومذهب معتمد عند المالكية، على تفصيل عندهم، ولكن صرّح الحنفيّة أنّه خبيث قبل أداء البدل. فإن أذى البدل انقلب الربح جائزاً عند أبي يوسف رحمه الله تعالى، ولا ينقلب طيباً عندأبي حنيفة ومحمد رحمهما الله تعالى بعد أداء البدل، فله الخيار بين أن يتصدق به،أو يرده إلى مالكه .

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

24 ذو الحجہ1445ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب