| 86017 | جائز و ناجائزامور کا بیان | خریدو فروخت اور کمائی کے متفرق مسائل |
سوال
ہمیں بیرون ملک سے ہڈ(جیکٹ) بنانے کا بڑا آرڈر ملا ہے، اس میں 75 فی صد تو ایسا ہے جس میں کچھ پرنٹ نہیں کرنا، جبکہ 25 فی صد پر ایک خاص طرح کا پرنٹ کرنا ہے جو تصویر نما ہے(پرنٹ سوال کے ساتھ منسلک ہے)، اگر اس پچیس فی صد کے آرڈر کو نہ لیا جائے تو پورا آرڈر ہی ختم کرنا ہوگا۔
سوال یہ ہے کہ کیا منسلکہ پرنٹ حرام تصویر کے حکم میں ہے؟ کیا یہ آرڈر قبول کرنا ہمارے لئے جائز ہے یا نہیں؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
تصویر کا دار و مدار سر اور چہرے پر ہوتا ہے، آپ نے وٹس ایپ پر سوال کے ساتھ جیکٹس کی جو تصاویر بھیجی ہیں، ان میں آدمی کے سر اور چہرے کے اعضا کی طرف اشارہ ملتا ہے، لیکن اعضا واضح نظر نہیں آتے، اس لیے یہ شرعا تصویر میں داخل معلوم نہیں ہوتے۔ البتہ اس تصویر نما کے ہاتھ میں چَھتارا (Guitar) دکھایا گیا ہے جو گناہ کا آلہ ہے، اس کو پرنٹ کرنا لوگوں کو اس کی طرف راغب کرنے میں تعاون ہے جو جائز نہیں، نیز جیکٹ پر گٹار کے ساتھ بنی ہوئی ایک تصویر نما کے نیچے، جبکہ دوسری کے اوپر "True Religion" (سچا مذہب) لکھا ہوا ہے جو اگرچہ اس کمپنی کا نام ہے، لیکن اس کا پیغام بہت سنگین ہے، اس لیے ان تصاویر کو جیکٹ یا کسی اور چیز پر پرنٹ کرنا درست نہیں، اس سے بچنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ آپ نے وٹس ایپ پر جیکٹس کی جو رنگین تصاویر بھیجی ہیں، ان میں چونکہ سر اور چہرے کے اعضا واضح نہیں ہیں، اس لیے اس کو تصویر شمار نہیں کیا گیا، منسلکہ صفحہ نمبر 1 اور 2 پر ان کا پرنٹ ملاحظہ فرمائیں۔ لیکن گوگل پر کمپنی کا جو لوگو موجود ہے، اس میں سر اور چہرے کے اعضا اور خد و خال بالکل واضح ہیں، اس لیے وہ شرعا جاندار کی تصویر میں شامل ہے اور اس کو پرنٹ کرنا اس وجہ سے بھی جائز نہیں، ملاحظہ فرمائیں منسلکہ صفحہ نمبر 3 اور 4۔
حوالہ جات
القرآن الکریم :
{وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَى وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ } [ المائدة: 2]
شرح معاني الآثار - الطحاوي (4/ 287):
عن أبي هريرة رضي الله عنه قال : الصورة الرأس، فكل شيء ليس له رأس، فليس بصورة.
عبداللہ ولی غفر اللہ لہٗ
دار الافتاء جامعۃ الرشید کراچی
21/جمادی الآخرۃ/1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | عبداللہ ولی | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


