| 86355 | میراث کے مسائل | میراث کے متفرق مسائل |
سوال
کیافرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ
دو بھائی تھے،عبد الغفور (مرحوم) اور سراج الدین (مرحوم)، سراج الدین کا ایک ہی بیٹا تھا، خان غفور (مرحوم)، اور خان غفور کی آگے کوئی اولاد نہیں تھی۔
پہلے بھائی عبد الغفور کی دو بیویاں تھیں: پہلی اور دوسری۔ پہلی بیوی سے ان کے تین بیٹے تھے: محمد حسین (مرحوم)، محمد حسن، اور عبد الرزاق۔ جبکہ دوسری بیوی سے بھی تین بیٹے تھے: قاسم (مرحوم، جس کی آگے کوئی اولاد نہیں تھی)، محمود، اور علی اکبر (مرحوم)۔
خان غفور، جو کہ سراج الدین مرحوم کا بیٹا تھا، ان کی وفات سے پہلے ان کے دو چچا زاد بھائی محمد حسین (مرحوم، پہلی بیوی سے) اور علی اکبر (مرحوم، دوسری بیوی سے) وفات پا چکے تھے، جبکہ قاسم (مرحوم) خان غفور کی وفات کے بعد فوت ہوا تھا۔ قاسم کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
اب سوالات یہ ہیں:
١۔کیا محمد حسین اور علی اکبر کے بیٹوں کو خان غفور کے ترکہ سے میراث ملے گی یا نہیں؟
۲۔کیا محمد حسین کے بیٹوں کو قاسم کے ترکہ سے میراث ملے گی یا نہیں؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
١۔محمد حسین اور علی اکبر کے بیٹوں کو خان غفور کے ترکہ سے میراث نہیں ملے گی،اس لیے وراثت کا حقدار بننے کیلئے مورِث کے انتقال کے وقت وارث کا زندہ ہونا شرعاً ضروری ہے،لہذا خان غفور کی وراثت میں مذکورہ دونوں بھائیوں کی اولاد شرعاً وارث اور حقدار نہیں ہیں،البتہ اگر سب ورثاء (جوکہ عاقل بالغ ہوں)اپنی خوشی سے مذکورہ دونوں بھائیوں کی اولاد کو خان غفور کے ترکہ میں سے کچھ دینا چاہیں تو دے سکتے ہیں،یہ باعثِ اجروثواب ہوگا۔
۲۔نہیں،کیونکہ ان کے بھائی محمود محمدحسن اورعبد الرزاق حیات ہیں، البتہ اگر سب ورثاء (جوکہ عاقل بالغ ہوں)اپنی خوشی سےمحمدحسین کی اولاد کو قاسمکے ترکہ میں سے کچھ دینا چاہیں تو دے سکتے ہیں،یہ باعثِ اجروثواب ہوگا۔
حوالہ جات
وفی المبسوط للسرخسي (18/ 34)
وجه قوله الآخر أن حياة الوارث عند موت المورث شرط ليتحقق له صفة الوراثة.
وفی تكملة الطوري شرح كنز الدقائق (8/ 577)
لأن الإرث يبنى على اليقين بسبب الاستحقاق وشرطه وهو حياة الوارث بعد موت المورث ولم يثبت ذلك فلا يرث بالشك.
وفی اللباب في شرح الكتاب (2/ 217)
ومن شرط الإرث تحقق موت الموروث وحياة الوارث.
لمافی القرآن الکریم
{وَإِذَا حَضَرَ الْقِسْمَةَ أُولُو الْقُرْبَى وَالْيَتَامَى وَالْمَسَاكِينُ فَارْزُقُوهُمْ مِنْهُ وَقُولُوا لَهُمْ قَوْلًا مَعْرُوفًا} [النساء : 8]
سیدحکیم شاہ عفی عنہ
دارالافتاء جامعۃ الرشید
12/07/1446
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | سید حکیم شاہ | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


