| 86785 | خرید و فروخت کے احکام | شئیرزاور اسٹاک ایکسچینج کے مسائل |
سوال
علماء کرام جو یہ بات کرتے ہیں کہ آپ تب تک شیئرز بیچ نہیں سکتے جب تک کہ وہ سی ڈی سی کے اکاؤنٹ میں منتقل نہ ہو جائیں تو یہ سی ڈی سی سب اکاؤنٹ یا سی ڈی سی انویسٹر اکاؤنٹ کی بات کرتے ہیں ؟ برائے مہربانی پوری وضاحت کے ساتھ جواب دیں کہ سی ڈی سی کے کون سے اکاؤنٹ میں شیئر منتقل ہو جائیں تو ان کو بیچ سکتے ہیں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
شیئرز کی خریدوفروخت کے جواز کی شرائط میں سے ایک شیئرز کا سی ڈی سی /CDC - Central Depository Company کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونا ہےاور اس اکاؤنٹ سےمراد سی ڈی سی سب اکاؤنٹ /Sub-Account ہے، لہذا جب شیئرز سی ڈی سی سب اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائیں تو انہیں آگے بیچ سکتے ہیں۔
اس کی وضاحت یہ ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) مارکیٹ میں سی ڈی سی/ CDC کےدو بنیادی اکاؤنٹس ہوتے ہیں،ایک سی ڈی سی سب اکاؤنٹ (Sub-Account)ہے،یہ اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ پر بروکرز/ Brokers کی فہرست اور تفصیلات سےکسی قابلِ اعتماد بروکرکا انتخاب کرکے اس کے ذریعے کھولا جاتا ہے،اور بروکر کے ذریعے سے ہی کسی کمپنی کے شیئر ز خرید کر اس اکاؤنٹ میں وصول کیے جاتے ہیں،نیز انہیں اسی اکاؤنٹ سے ہی بروکر کے ذریعےآگے فروخت کیا جاتا ہے۔دوسرا سی ڈی سی انویسٹر اکاؤنٹ (IAS - Investor Account Services)ہے ، یہ اکاؤنٹ ایک سرمایہ کار کے لیے بغیر کسی بروکر کے براہِ راست CDCکے ساتھ کھولا جاتا ہے، البتہ اس میں موجود شیئرز بھی PSX سے کسی منظور شدہ بروکر/Broker کے سی ڈی سی سب اکاؤنٹ میں بھیج کر اس بروکر کے ذریعےسے ہی فروخت کیے جاتے ہیں ۔
اسٹاک ایکسچینج کے مروجہ طریق کار کے مطابق جب آپ شیئرز کی خریداری یا فروختگی کا آرڈر لگاتے ہیں تو بروکر اسے اسٹاک ایکسچینج کے کراچی الیکٹرانک ٹریڈنگ سسٹم (KATS) کے ذریعے مارکیٹ میں بھیجتا ہے،آرڈر مکمل ہونے پر آپ کوای میل یا میسج کے ذریعے تصدیق فراہم کی جاتی ہے، مگر شیئرز کی حقیقی منتقلی کا عمل T+2 سیٹلمنٹ سسٹم کے تحت ہوتا ہے ،جس کی تصدیق SMSیا Emailکے ذریعے بروکر فراہم کرتاہے،یعنی خریداری یا فروختگی کے دو کاروباری دنوں کے بعد سینٹرل ڈپازٹری کمپنی/CDCآپ کی جانب سے ادائیگی کرکے شیئرز آپ کے CDC سب اکاؤنٹ میں منتقل کرتی ہے، اور فروختگی کی صورت میں آپ کے اکاؤنٹ سے شیئرز منتقل کرکے آپ کی جانب سے رقم وصول کرتی ہے۔
چونکہ شئیرز کی خریدوفروخت درحقیقت کمپنی کے مشاع یعنی مشترک حصہ کی خرید وفروخت ہے،جس میں آرڈر مکمل ہونے کی تصدیق پر محض نفع اورنقصان کے خریدار کی طرف منتقل ہونے کو شرعی قبضہ قرار نہیں دیاجاسکتا، اور شیئرز پر حسی قبضہ بھی ممکن نہیں، لہذا اس صورت میں قبضہ کےتحقق کے لیے تخلیہ کا پایا جانا ضروری ہے، مگر اسٹاک ایکسچینج کے موجودہ قواعد و ضوابط کے مطابق سی ڈی سی کے ذریعے کمپنی کے ریکارڈ میں شئیرز خریدار کے نام منتقل ہونے سے پہلے تخلیہ نہیں پایا جاتا ،لہذا شیئرز کی سی ڈی سی میں منتقلی سے پہلےانہیں آگے فروخت کرنا بیع قبل القبض ہے جو کہ شرعاً جائز نہیں ہے ۔
حوالہ جات
حدثنا يحيى بن يحيى، حدثنا حماد بن زيد، ح وحدثنا أبو الربيع العتكي، وقتيبة، قالا: حدثنا حماد، عن عمرو بن دينار، عن طاوس، عن ابن عباس، أن رسول الله ﷺ قال:" من ابتاع طعاما فلا يبعه حتى يستوفيه". قال ابن عباس: وأحسب كل شيء مثله.
الهداية في شرح بداية المبتدي (3/ 59):
ومن اشترى شيئا مما ينقل ويحول لم يجز له بيعه حتى يقبضه؛لأنه عليه الصلاة والسلام نهى عن بيع ما لم يقبض ،ولأن فيه غرر انفساخ العقد على اعتبار الهلاك.
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار:4/ 561):
ثم التسليم يكون بالتخلية على وجه يتمكن من القبض بلا مانع ولا حائل...(قوله: ثم التسليم) أي في المبيع والثمن ولو كان البيع فاسدا كما في البحر ط.
https://www.psx.com.pk/psx/productandservices/products/equity:In this market segment, stocks of all companies listed are traded. Transactions are settled in two days (T+2)
محمدعبدالمجیدبن مریدحسین
دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی
4 /شعبان/1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمدعبدالمجید بن مرید حسین | مفتیان | مفتی محمد صاحب / سیّد عابد شاہ صاحب |


