| 87690 | جنازے کےمسائل | ایصال ثواب کے احکام |
سوال
ہمارے علاقے میں جب کسی کے یہاں فوتگی ہو جاتی ہے، تو میّت کے اہلِ خانہ گاؤں کے تمام لوگوں کو(بلا تفریق امیر و غریب)کھانے پر مدعو کرتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے گائے یا بیل ذبح کر کے سب کی دعوت کی جاتی ہے۔ کیا اس طرح کی دعوت میں شریک ہونا ازروئے شریعت درست ہے ؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
ایصال ثواب نیک اعمال کے اجرو ثواب کا ہوتا ہے اور نیک عمل وہ ہے جو شریعت کے طریقہ کے مطابق اور اخلاص کے ساتھ ہو۔ میت کے ایصال ثواب کے لیے شریعت نے کوئی خاص دن یاطریقہ متعین نہیں فرمایا، بلکہ انفرادی طور پر کسی بھی دن کسی بھی نفلی مالی، بدنی عبادت کا ثواب ایصال ثواب کی نیت سے میت کو پہنچ جاتا ہے،بلکہ شریعت میں ایصال ثواب کے لیے مردہ ہونا بھی ضروری نہیں، بلکہ زندہ کو بھی ایصال ثواب کیا جاسکتا ہے۔لہذا آجکل ایصال ثواب کے بارے میں عوام میں جو رسم پائی جاتی ہے کہ ضرور کوئی کھانے پینے کا عمل ہونا ضروری ہے، اس کوئی کوئی اصل نہیں، بلکہ یہ مروجہ طریقہ درج ذیل وجوہ سےخلاف شریعت ہونے کی وجہ سے واجب الترک رسم ہے۔
۱۔ خاص اس عمل کو ایصال ثواب کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے، جوشریعت میں زیادتی کے مترادف ہونے کی وجہ سے ممنوع ومذموم ہے۔
۲۔ مخصوص ایام کی پابندی کی جاتی ہے جوشریعت میں زیادتی کے مترادف اور ممنوع ہے۔
۳۔اس عمل کو میت کے ذمہ واجب حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادئیگی سے بھی مقدم سمجھتے ہیں،حالانکہ ایصال ثواب کا عمل کوئی ضروری نہیں ،جبکہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی ضروری اور اہم ہے۔
۴۔یہ عمل میت کے ترکہ سے کیا جاتا ہے ،حالانکہ ترکہ میں تمام ورثہ کا حق شامل ہے، جن میں بسا اوقات بچے بھی ہوتے ہیں، جبکہ سب ورثہ کی رضامندی ضروری ہے، جس کو نظر انداز کیا جاتا ہے، نیز ورثہ میں نابالغ بچے ورثہ میں شامل ہوں تو ان کی اجازت بھی شرعا معتبر نہیں۔
۵۔ یہ عمل محض دکھلاوے کے لیے کیا جا تا ہے،جس کی وجہ سے بجائے ثواب کے الٹا گناہ کا شدید خطرہ ہے۔
۶۔ صرف مالداروں اور رشتہ داروں کو بلایا جاتا ہے، جس میں غریب کو کھلانے کا ثواب تو یقینا نہیں اور اگر مقصد بدلہ چکانا ہی ہو تو ایسی صورت میں ثواب کی امیدبھی رکھنا عبث ہے۔
حوالہ جات
تفسير الرازي = مفاتيح الغيب أو التفسير الكبير (30/ 580):
ذكروا في تفسير أحسن عملا وجوها: أحدها: أن يكون أخلص الأعمال وأصوبها لأن العمل إذا كان خالصا غير صواب لم يقبل، وكذلك إذا كان صوابا غير خالص فالخالص أن يكون لوجه الله،والصواب أن يكون على السنة .
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (2/ 240):
مطلب في كراهة الضيافة من أهل الميت،
وقال أيضا: ويكره اتخاذ الضيافة من الطعام من أهل الميت لأنه شرع في السرور لا في الشرور، وهي بدعة مستقبحة: وروى الإمام أحمد وابن ماجه بإسناد صحيح عن جرير بن عبد الله قال " كنا نعد الاجتماع إلى أهل الميت وصنعهم الطعام من النياحة ". اهـ. وفي البزازية: ويكره اتخاذ الطعام في اليوم الأول والثالث وبعد الأسبوع ونقل الطعام إلى القبر في المواسم، واتخاذ الدعوة لقراءة القرآن وجمع الصلحاء والقراء للختم أو لقراءة سورة الأنعام أو الإخلاص. والحاصل أن اتخاذ الطعام عند قراءة القرآن لأجل الأكل يكره. وفيها من كتاب الاستحسان: وإن اتخذ طعاما للفقراء كان حسنا اهـ وأطال في ذلك في المعراج. وقال: وهذه الأفعال كلها للسمعة والرياء فيحترز عنها لأنهم لا يريدون بها وجه الله تعالى. اهـ. وبحث هنا في شرح المنية بمعارضة حديث جرير المار بحديث آخر فيه «أنه - عليه الصلاة والسلام - دعته امرأة رجل ميت لما رجع من دفنه فجاء وجيء بالطعام» . أقول: وفيه نظر، فإنه واقعة حال لا عموم لها مع احتمال سبب خاص، بخلاف ما في حديث جرير. على أنه بحث في المنقول في مذهبنا ومذهب غيرنا كالشافعية والحنابلة استدلالا بحديث جرير المذكور على الكراهة، ولا سيما إذا كان في الورثة صغار أو غائب، مع قطع النظر عما يحصل عند ذلك غالبا من المنكرات الكثيرة كإيقاد الشموع والقناديل التي توجد في الأفراح، وكدق الطبول، والغناء بالأصوات الحسان، واجتماع النساء والمردان، وأخذ الأجرة على الذكر وقراءة القرآن، وغير ذلك مما هو مشاهد في هذه الأزمان، وما كان كذلك فلا شك في حرمته وبطلان الوصية به، ولا حول ولا قوة إلا بالله العلي العظيم.
حضرت خُبیب
دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی
30 /ذی قعدہ/1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | حضرت خبیب بن حضرت عیسیٰ | مفتیان | محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب |


