| 88098 | اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائل | کرایہ داری کے جدید مسائل |
سوال
میری آپ سے ایک اہم مسئلے میں رہنمائی درکار ہے جو کہ فری لانسنگ پلیٹ فارم Upwork سے متعلق ہے۔ میں نے اپنی پروفائل مضبوط بنانے اور اصل کلائنٹس سے کام حاصل کرنے کے لیے ایک حکمتِ عملی اپنائی، جس میں میں نے ایک کلائنٹ اکاؤنٹ خود بنایا اور اس سے جعلی پروجیکٹس پوسٹ کیے۔ پھر میں نے اپنے فری لانس اکاؤنٹ سے ان پروجیکٹس پر اپلائی کیا، خود ہی کام جیتا، مکمل کیا، اور اپنے آپ کو اچھے ریویوز اور ریٹنگز دی تاکہ میری پروفائل پر اچھا تاثر بنے اور اصلی کلائنٹس مجھے کام دینا شروع کریں۔ اس پورے عمل میں نہ Upwork کو کسی قسم کا مالی نقصان ہوا ہے اور نہ ہی کسی اور فری لانسر کا حق مارا گیا ہے۔ صرف مقصد یہ تھا کہ پروفائل پر اچھا تاثر قائم ہو جائے تاکہ اصل کلائنٹس اعتماد کے ساتھ پروجیکٹ دیں۔
چونکہ اس پروفائل پر جعلی ریویوز ہیں ،تو کیا مجھے یہ ڈیلیٹ کرنا چاہئے یاسچے دل سے توبہ کر کے اسی پروفائل پر ایمانداری سے کام جاری رکھوں؟ نیز اس اکاؤنٹ کی کمائی کے متعلق کیا حکم ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
آپ کو اپنا Upwork اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے بجائے آپ Upwork کے کسٹمر سپورٹ سے رابطہ کریں اور ان سے درخواست کریں کہ وہ جعلی ریویو کو ہٹا دیں۔ ساتھ ہی آپ سچے دل سے توبہ و استغفار کریں اور پختہ عزم کریں کہ آئندہ صرف شرعی اصولوں کے مطابق، ایمانداری اور اخلاص کے ساتھ لوگوں کو اپنی خدمات فراہم کریں گے۔ نیز جائز خدمات فراہم کرنے پر حاصل ہونے والی کمائی جائز اور حلا ل ہوگی۔
حوالہ جات
المائدہ آیۃ نمبر 4(:
وتعاونو ا علی البر والتقوی ولا تعاونوا على الإثم والعدوان۔
بدائع الصنائع(ج 7ص102):
ولا بأس بحمل الثياب والمتاع والطعام، ونحو ذلك إليهم؛ لانعدام معنى الإمداد، والإعانة، وعلى ذلك جرت العادة من تجار الأعصار۔
الهدايةباب الإجارة الفاسدة(ج3 ص 306):
ولا يجوز الاستئجار على الغناء والنوح وكذا سائر الملاهي لأنه استئجار على المعصية والمعصية لا تستحق بالعقد۔
حضرت خُبیب
دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی
19 /محرم الحرام/1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | حضرت خبیب بن حضرت عیسیٰ | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


