| 88301 | نماز کا بیان | جمعہ و عیدین کے مسائل |
سوال
ہمارے علاقے میں کوئی مستقل عیدگاہ موجود نہیں ہے، اس وجہ سے ہم ہر سال عید کی نماز مساجد میں ادا کرتے ہیں۔ اس مرتبہ ہماری یہ کوشش ہے کہ علاقے کی چھ یا سات مساجد باہم مشورے سے ایک مشترکہ مقام پر عید کی نماز کا اہتمام کریں۔ ہمارے محلے میں ایک مدرسہ واقع ہے جس کے ساتھ ایک پلے گراؤنڈ بھی ہے، جو عام طور پر طلبہ کھیل کود کے لیے استعمال کرتے ہیں اور بعض اوقات خاص مواقع پر اسے پارکنگ کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ہم اس میدان میں عید کی نماز ادا کرنے پر غور کر رہے ہیں، اور اس سلسلے میں کچھ شرعی رہنمائی درکار ہے:
.1کیا عید کی نماز کے لیے اس پلے گراؤنڈ کا استعمال شرعاً درست ہوگا؟
.2کیا نمازِ عید کے بعد مدرسے کے بچے حسبِ معمول اس پلے گراؤنڈ میں کھیل سکتے ہیں؟
.3 کیا اس پلے گراؤنڈ کو شرعی اعتبار سے عیدگاہ کا حکم حاصل ہوگا؟
4. کیا پلے گراؤنڈ میں عید کی نماز کی ادائیگی سے عیدگاہ میں نماز پڑھنے کی سنت پوری ہو جائے گی؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
مذکورہ سوالات کے جوابات بالترتیب درج ذیل ہیں:
.1 جی ہاں! اگر انتظامیہ کی اجازت ہو تو کھیل کے میدا ن کو نماز عید کے لیے استعمال کرنا شرعاً درست ہے۔
.2جی ہاں! نمازِعید کے بعد بچے اس میدان میں کھیل سکتے ہیں ۔
.3.4مسنون طریقہ تو یہی ہے کہ صحراء میں، یعنی آبادی سے باہر جا کر نمازِ عید ادا کی جائے۔ لہٰذا شہرمیں واقع عیدگاہیں یا کھیل کےمیدان جہاں عید کی نمازیں ہوتی ہیں تووہ شرعی اعتبار سے اب صحراء (جبّانہ)کےحکم میں نہیں ہیں ، اور ان کا حکم عام مساجد کے برابر ہوگا۔ ایسی جگہ بغیر عذر نماز پڑھنے سے نماز تو ادا ہو جائے گی، مگر سنت کا پوراثواب حاصل نہیں ہوگا۔)مستفاد از تبویب87646(
حوالہ جات
المحيط البرهاني في الفقه النعماني (2/ 101):
السنّة في صلاة العيد أن تقام خارج المصر بالجبانة، ولا يمكن للضعفاء الخروج إليها إلا بحرج عظيم، فجوزنا الإقامة في موضعين دفعاً للحرج.
البحر الرائق شرح كنز الدقائق ومنحة الخالق وتكملة (2/ 171) :
وفي التجنيس والخروج إلى الجبانة سنة لصلاة العيد، وإن كان يسعهم المسجد الجامع عند عامة المشايخ هو الصحيح اهـ
البناية شرح الهداية(2/ 295):
والخروج في العيدين إلى الجبانة من السنة .
عمار بن عبد الحق
دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی
03 /صفر 1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | عماربن عبدالحق | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


