03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
سوسائٹی میں پلاٹ کی جگہ نقد رقم یا فلیٹ سے ایڈجسٹمنٹ دینے کا حکم
88665خرید و فروخت کے احکامخرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل

سوال

اسلام آباد میں ایک پراپرٹی پروجیکٹ ہے ، جو کہ قانونی پیچیدگیوں اور سوسائٹی انتظامیہ کی کوتاہیوں کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے ، انتظامیہ کے مسائل کی وجہ سے کچھ الاٹیز کو پلاٹ ملے اور کچھ کو نہیں ملے ، مختصر یہ ہے کہ الا ٹیز میں سے کچھ صاحب درد احباب ( مثلا مسٹر اے وغیرہ) نے سوسائٹی انتظامیہ کی مدد کی تاکہ مسائل حل ہوں اور لوگوں کو ان کے حقوق مل سکیں ، اس کے نتیجہ میں اب سوسائٹی کے قانونی معاملات کافی حد تک سیدھے ہو چکے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ ہائیکورٹ کی طرف سے کچھ ہی وقت میں سوسائٹی کو ڈیولپمنٹ کرنے کا اجازت نامہ (NOC) مل جائے گا۔

سوسائٹی معاملات میں قانونی پیچیدگی کی وجہ :

نیب کی سوسائٹی کے خلاف کاروائی تھی ، نیب ایکشن کی وجہ پلاٹس کی تعداد سے زیادہ فائلز جاری کرنا تھا ، جسے نیب نے غیر قانونی قرار دے کر سوسائٹی انتظامیہ کے خلاف کاروائی کی۔ اب یہ کیسز ختم ہو چکے ہیں۔ عدالت نے سوسائٹی انتظامیہ کو جلد از جلد زمین کی ڈیولپمنٹ کر کے الاٹیز کے مسائل کو حل کرنے کا حکم جاری کیا ہے ، اور اس مقصد کے لیے سوسائٹی انتظامیہ سے بینک گارنٹی بھی لی ہے تاکہ انتظامیہ دوبارہ سستی نہ کرے ، اور متعلقہ اداروں (مثلا سی ڈی اے وغیرہ) کو بھی انتظامیہ سے تعاون کا حکم دیا ہے۔

معاونین کے ساتھ سوسائٹی انتظامیہ کا تعاون :

. واضح رہے کہ سوسائٹی کے تمام قانونی مسائل کے حل میں مسٹر اے نے انتظامیہ کا خوب تعاون کیا، مقدمات کے دوران سوسائٹی انتظامیہ کے مالی اخراجات (جو کہ قابل واپسی تھے ) بھی اپنی جیب سے برداشت سے کیے اور یوں یہ تمام مسائل حل ہوئے۔ سوسائٹی انتظامیہ معادن کی لگائی گئی رقم کے بدلہ ڈسکاونٹنگ ریٹ پر ان کو پلاٹ دیا ہے تاکہ ان کے واجبات کی ادائیگی مکمل ہو سکے۔

چونکہ اب مقدمات ختم ہونے کے بعد سوسائٹی انتظامیہ کو دیولپمنٹ اور الا ٹیز کی ایڈ جسٹمنٹ کے لیے کسی قابل اطمینان شخص کی ضرورت ہے اور انتظامیہ کو اطمینان مسٹر اے پر ہے چنانچہ انہوں نے مسٹر اے سے کہا ہے کہ ہم آپکو سوسائٹی کی ۳۲ فیصد کی شیئر ہولڈ نگ دے کر ڈائریکٹر بنانا چاہتے ہیں، جس کو مسٹر اے قبول کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

سوسائٹی کا الاٹمنٹ کا طریقہ کار :

سوسائٹی انتظامیہ نے سوسائٹی لاونیچ کرنے کے بعد پبلک کو دو طریقوں سے کی الاٹمنٹ کی :

(1) کچھ الاٹیز کو پلاٹ کی بکنگ لے کر رجسٹری کردی۔رجسٹری کا مطلب یہ تھا کہ اس فائل کے مالک جس کو رجسٹری دی گئی ہے کا پلاٹ طے ہے لازمی ملے گا اور اس وقت جو سو سائٹی کا کاغذی نقشہ بنا تھا اس میں بھی تعیین تھی، بعد میں نقشہ میں کچھ تبدیلیوں کی وجہ سے پلاٹوں کی لوکیشن میں کچھ تبدیلیاں بھی آئیں۔۔ لیکن پلاٹ متعین تھا، اب طے شدہ مدت میں انتظامیہ نے ڈیولپمنٹ کر کے ان الا ٹیز کو پلاٹ کا قبضہ دینا تھا،جو کہ تاحال نہیں ہو سکا، یہ تقریبا ۱۹۹۰ کی بات ہے۔ رجسٹری والوں سے اس وقت ایک کنال کے پلاٹ کی کل قیمت جو کہ پانچ لاکھ تھی وصول کرلی گئی تھی۔

(2) یہ تھا کہ سوسائٹی نے ایک لاکھ پچاس ہزار کے عوض تقریبا ۴۰۰۰ فائلز فروخت کیں اور فائلز والوں کو یہ کہا کہ اگر قرعہ اندازی (Balloting) میں آپ کا نام نکل آیا تو آپ کو پلاٹ ملے گا اور بقایار تم کا طریقہ کار بھی اسی وقت طے ہو گا، اور پلاٹ نہ نکلا تو آپ کی جمع شدہ رقم آپکو واپس مل جائے گی۔ سوسائٹی فائلز فروخت کرتی گئی اور ساتھ زمین کی خریداری بھی کرنے لگی، لیکن سوسائٹی پر نیب کیس کی وجہ سے قرعہ اندازی کی نوبت نہ آسکی ، اور نیب کیس کے دوران سوسائٹی کی خریدی ہوئی زمین کا کچھ حصہ قبضہ مافیا نے ہتھیا لیا۔

واضح رہے سوسائٹی نے مزید جتنی زمین خریدی تھی اس میں فائلوں وغیرہ اور دیگر مدات سے جمع ہونے والی رقم بھی لگائی اور عموما سو سا ئٹیز ایسے ہی کرتی ہیں کہ ابتدائی جمع شدہ رقم سے کچھ زمین کا سودا کرتی ہیں اور باقی جیسے اقساط کی رقم جمع ہوتی جاتی ہے ، مزید خریداری بھی ہوتی رہتی ہے۔

الاٹیز کی ایڈ جسٹمنٹ کا طریقہ کار :

. سوسائٹی انتظامیہ کے پاس اس وقت ۱۰۰ کنال زمین کا ٹکڑا ہے ، جس کی ڈیولپمنٹ کر کے اس سے الائیز کو بھی ایڈ جسٹ کرنا ہے اور سوسائٹی کے دیگر اخراجات بھی چنانچہ فائلز والوں کے لیے چونکہ زمین ہی نہیں ہے تو قرعہ اندازی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا لہذا ان کی وصول شدہ رقم معاہدہ کے مطابق واپس کی جائے گی

رجسٹری والوں کو ایک فلیٹ دیا جائے گا۔ طریقہ یہ ہو گا کہ انہوں نے پانچ لاکھ جو اس وقت جمع کروائے تھے ، اس کو اب تقریبا ۳۰ سال ہو چکے ہیں، پانچ لاکھ پر سالانہ ۱۰ فیصد اضافہ لگایا جائے تو یہ تقریبا ۳۸ لاکھ بنتی ہے ، سوسائٹی آج ان کے پانچ لاکھ کو ۳۸ لاکھ سمجھے گی ( یہ فارمولہ انگلیشن ایڈ جسٹمنٹ کے لیے اختیار کیا ہے ) اور فلیٹ کی بقا یا قیمت ان سے وصول کر کے ان کو فلیٹ کا قبضہ دے گی۔ زمین نہ ہونے کی وجہ سے پلاٹ دینا ممکن ہی نہیں ہے۔

مذکورہ بالا ساری تفصیل کے پیش نظر مندرجہ ذیل سوالات کے جواب درکار ہیں :

1۔ کیا ایڈ جسٹمنٹ کا مذکورہ بالا طریقہ شرعادرست ہے، اگر نہیں تو جائز متبادل کیا ہو سکتا ہے ؟

2۔ اگر کوئی رجسٹری والا الائی فلیٹ لینے پر راضی نہیں ہوتا اور رقم کی واپسی کا مطالبہ کرتا ہے تو شر عاسو سائٹی کے ذمہ اس کو کتنی رقم واپس کر نالازم ہو گا ؟

3۔ جوالا ٹیز فوت ہو چکے ہیں یا بیرون ملک منتقل ہو چکے ہیں (خواہ وہ رجسٹری والے تھے یا فائل والے)، اگر سوسائٹی انتظامیہ کی کوشش کے باوجود کوئی الاٹی نہ خود آتا ہے اور نہ ہی ان کا کوئی وارث ، تو اس بارے شرعی رہنمائی کیا ہو گی ؟کیا انکی رقم کو ویلیفیر کے کاموں میں خرچ کیا جا سکتا ہے؟اگر ان کا انتظار کیا جائے تو کتنی مدت تک انتظار ضروری ہے ، ظاہر ہے کہ سالہا سال تک انتظار تو مشکل ہے؟

4۔ بسیار کوشش کے باوجود اگر سوسائٹی کسی الائی کو ایڈ جسٹ نہ کر سکی (یعنی نہ فلیٹ دے سکی اور نہ ہی رقم ) تو کیا اس کا گناہ نئے شیئر ہولڈر پر بھی ہو گا یا نہیں ؟

5۔ اگر سوسائٹی کے ڈائریکٹر ان میں سے کوئی فوت ہو گیا تو الا ٹیز کو ان کے وارثوں سے مطالبے کا بھی حق ہو گا یا نہیں ؟

6۔ جن معاونین ( یعنی مسٹر اے وغیرہ) نے سوسائٹی کے مسائل حل کرنے میں انتظامیہ کی معاونت (مالی، قانونی، عملی) کر رہے ہیں ، سوسائٹی انتظامیہ مالی واجبات کے عوض (جیسا کہ اوپر سوال میں ذکر ہے) اس ۱۰۰ کنال میں سے ایک پلاٹ ڈسکاونٹنگ ریٹ کر ان کو مالکانہ طور پر دینے کا کہہ رہی ہے ، کیا یہ ریٹ میں ڈسکاونٹ دیناشر عادرست ہو گا ؟

7۔ اور اسی طرح مسٹر اے کو اچھے منتظم کے طور پر بطور ڈائریکٹر تقریبا ۳۲ فیصد کی شیئر ہولڈنگ بھی سوسائٹی دینا چاہتی ہے، کیا یہ شر عادرست ہو گا ؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

1۔ ایڈجسٹمنٹ کا مذکورہ بالا طریقہ فریقین کی باہمی رضامندی سے ہو تو درست ہے اور یہ سمجھا جائے گا کہ سوسائٹی نے سابقہ معاملہ ختم کرکے ایک نئے معاملے کے تحت فلیٹ اپنی مقررہ مارکیٹ قیمت سے کم پر فروخت کیا،جس کے عوض کا ایک حصہ سوسائٹی کے ذمے واجب الادا اصل رقم پانچ لاکھ(جسے انفلیشن کی وجہ سے 38 لاکھ شمار کرتے ہوئے فلیٹ کی قیمت میں ڈسکاونٹ کردیا گیا) سے منہا ہوگئی اور باقی رقم الاٹیز نے دینی ہوگی۔ مثلا اگر فلیٹ کی بازاری قیمت 80 لاکھ روپے تھی تو سوسائٹی نے وہی فلیٹ 33 لاکھ روپے کم کرکے 47 لاکھ روپے میں فروخت کردیا ،جس میں سے سوسائٹی کے ذمے پہلے سے واجب الاد 5 لاکھ روپے منہا ہوگئے اور اب الاٹی مزید 42 لاکھ روپے ادا کرے گا۔اس تفصیل کےمطابق فلیٹ کا معاملہ کرتے وقت لکھت پڑھت میں رعایتی قیمت ہی کو بنیاد بنایا جائے ،نہ کہ واجب الادا رقم کو بڑھا ہوا شمار کیا اور ظاہر کیا جائے۔

2۔ شرعا سوسائٹی کے ذمے اصل واجب الاداء رقم 5 لاکھ روپے دینا ہی لازم ہوں گے،البتہ اگر سوسائٹی اپنے اختیار سے بغیر کسی شرط کے حسنِ قضاء کے طور پر اضافی رقم دے تو اس کی بھی گنجائش ہے،بلکہ بہتر ہے،نیز اگر کسی خلاف الجنس سے ادائیگی کرے تو (جواب کے شق نمبر ایک میں مذکورہ تفصیلات کے مطابق) اس خلاف الجنس چیز کی قیمت میں ڈسکاونٹ بھی دیا جاسکتا ہے۔

3۔ تلاش کےممکنہ و معروف ذرائع سے سنجیدہ کوشش کرنے کے باجود بھی اصل الاٹیز اور ان کے ورثاء معلوم نہ ہو پائیں اور اتنی مدت گزر جائے جس کے بعد اصل مالک اور ان کے ورثاء کے نہ آنے کا غالب گمان حاصل ہوجائے تو ان کی رقم کو ان کی طرف سے بطور ِصدقہ ویلفیئر کے کاموں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

4۔ شیئر ہولڈر چونکہ سوسائٹی کے نفع کے حق دار اور نقصان کے ذمہ دار ہیں ،لہذا ہر حصے دار پر اپنے اپنے حصے کے بقدر واجب الاد رقم واپس دینا لازم ہے ،جس کی ادائیگی نہ کرنا موجبِ گناہ ہوگا۔

5۔ اگر ڈائریکٹر سوسائٹی کے نفع نقصان میں شراکت دار تھا اور اس وجہ سے اس کے ذمے الاٹیز کی ادائیگیاں لازم ہوچکی تھیں ،نیز ان ادائیگیوں کے لیے اس کا ترکہ بھی موجود تھا تو پھر اس ترکے سے اس ڈائریکٹر کے ذمے لازم ادائیگیوں کی حد تک ورثاء سے مطالبہ کیا جاسکتا ہے،لیکن اگر وہ سوسائٹی کے نفع نقصان میں شراکت دار ہی نہیں تھا یا اس کا ترکہ نہیں تھا تو ایسی صورت میں ورثاء سے مطالبہ نہیں کیا جاسکتا ،تاہم اگر وہ اپنی طرف سے تبرعا ادا کردیں تو درست ہے۔

6۔ (سوال نمبر 1 کے جواب میں مذکورہ تفصیلات کے مطابق )جائز ہے۔

7۔ جائز ہے۔

حوالہ جات

الفتاوى الهندية (2/ 289)

ويعرف الملتقط اللقطة في الأسواق والشوارع مدة يغلب على ظنه أن صاحبها لا يطلبها بعد ذلك هو الصحيح، كذا في مجمع البحرين ولقطة الحل والحرم سواء، كذا في خزانة المفتين، ثم بعد تعريف المدة المذكورة الملتقط مخير بين أن يحفظها حسبة وبين أن يتصدق بها فإن جاء صاحبها فأمضى الصدقة يكون له ثوابها وإن لم يمضها ضمن الملتقط أو المسكين إن شاء لو هلكت في يده

بحوث في قضايا فقهية معاصرة (ص: 187)

فإذا وقع غلاء الفلوس أو رخصها بهذه الصورة، فهل يؤدي المديون نفس عدد الفلوس الذي وجب في ذمته يوم العقد؟ أو يؤدي قيمة ذلك العدد يوم الأداء؟ قد وقع فيه خلاف العلماء. فقال أبو حنيفة: يؤدي نفس العدد الذي وجب في ذمته يوم العقد، ولا عبرة بالقيمة، وهو المشهور. من مذهب المالكية والشافعية والحنابلة۔. فلو اقترض أحد مائة فلس في وقت يعتبر فيه الفلس الواحد عشر درهم واحد فاقترض فلوسا تساوي عشرة دراهم في القيمة، ثم تغير الاصطلاح، حتى صار الفلس الواحد يعتبر نصف عشر درهم واحد.فذهب جمهور الفقهاء إلى أن المقترض لا يؤدي إلا مائة فلس، وإن كانت هذه المائة لا تساوي اليوم إلا خمسة دراهم.لكن خالفهم أبو يوسف رحمه الله، فقال: إنما يجب أداء قيمة الفلوس المقترضة على أساس الدرهم، فمن اقترض مائة فلس في المثال المذكور، إنما يؤدي الآن مائتي فلس، لأن الفلوس فكة للدراهم، فمن اقترض مائة فلس، فكأنه اقترض فكة عشرة دراهم، وإن فكة عشرة دراهم يوم الأداء هي مائتا فلس، فالواجب عليه أداء مائتي فلس.

والذي يظهر لي - والله أعلم - أن أساس الخلاف بين أبي يوسف والجمهور مبني على اختلافهم في تكييف هذه الفلوس، فيبدو أن جمهور الفقهاء اعتبروا الفلوس أثمانا اصطلاحية مستقلة غير مرتبطة بالدراهم والدنانير ارتباطا دائما، فمن اقترض عددا من الفلوس، فإنه يؤدي نفس العدد دون نظر إلى قيمتها بالنسبة للدرهم، وأما أبو يوسف رحمه الله فاعتبر الفلوس أجزاء اصطلاحية كالفكة للدرهم، فالمقصود بالاقتراض عنده ليس عدد الفلوس، وإنما المقصود اقتراض أجزاء للدرهم يمثلها ذلك العدد من الفلوس، فلذلك أوجب رد تلك الأجزاء للدراهم في صورة الفلوس، وإن اختلف عددها من العدد المقترض.

ونظير الرخص والغلاء الذي يأتي فيه قول أبي يوسف هذا، أن الربية الباكستانية إلى أوائل الخمسينات كانت مقسمة على أربع وستين بيسة، (والبيسة نوع من الفلس) ثم اختارت الدولة النظام الأعشاري، فأعلنت أن الربية تكون مقسمة على مائة بيسة. فكانت البيسة قبل هذا الإعلان ثمن يساوي ثمن الربية، وصارت بعد هذا الإعلان عشر عشرها، فطرأ عليها الرخص بهذا القدر. فمن اقترض أربعا وستين بيسة قبل الإعلان هل يؤدي بعد الإعلان نفس الأربع والستين بيسة؟ أو يؤدي مائة؟ الظاهر أنه يؤدي مائة، لأنه اقترض فكة ربية واحدة، فليرد فكة ربية واحدة، وهي الآن مائة بيسة. فالحاصل أن قول الإمام أبي يوسف رحمه الله إنما يتأتي في فلوس مرتبطة بثمن آخر ارتباطا دائما يجعلها كالأجزاء والفكة لذلك الثمن. أما النقود الورقية اليوم، ليست مرتبطة بثمن آخر، ولا معتبرة كالأجزاء والفكة له، وإنما هي أثمان اصطلاحية مستقلة.

وبالتالي، إن الوقوف على قيمة الفلوس حسبما يراه الإمام أبو يوسف يمكن تحقيقها، لأنها مرتبطة بعيار مضبوط من الثمن، وهو الدرهم، بخلاف النقود الورقية، فإن الوقوف على قيمتها الحقيقية حسب الاصطلاح الاقتصادي المعاصر، لا يمكن تحقيقا، وإنما تكون هذه القيمة مقدرة على أساس الخرص والمجازفة، كما أوضحنا فيما سبق، فلا يقاس هذا على ذاك.

الفتاوى الهندية (6/ 447(

التركة تتعلق بها حقوق أربعة: جهاز الميت ودفنه والدين والوصية والميراث.

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

15ربیع الثانی1447ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب