| 90284 | خرید و فروخت کے احکام | بیع فاسد ، باطل ، موقوف اور مکروہ کا بیان |
سوال
میرا سوال یہ ہے کہ:"گولڈ بی ایس" (Gold BS) نامی ایک ٹریڈنگ ایپ ہے، جس میں کام شروع کرنے کے لیے پہلے 500 ڈالر کی سرمایہ کاری (انویسٹمنٹ) کی جاتی ہے۔ اس کے بعد ہمیں روزانہ مخصوص وقت پر، مثلاً 4 بجے یا 9 بجے، دو سگنلز یا کوڈز آتے ہیں۔ جب ہم وہ کوڈز ایپ میں لگا کر ٹریڈ کرتے ہیں، تو ہمیں روزانہ کے تقریباً 3 سے 4 ڈالر منافع کے طور پر ملتے ہیں۔ اور اگر اس کاروبار یا انویسٹمنٹ کا پرافٹ بڑھتا جائے، تو اسی حساب سے ہمارا پرافٹ بھی بڑھتا رہتا ہے اور روزانہ کے 10، 11، 12 ڈالر تک آنا شروع ہو جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ اس میں ریفرل کا طریقہ کار بھی دیا گیا ہے کہ اگر ہم کوئی نیا ممبر اس ایپ میں ایڈ کروائیں گے، تو ہمیں اس کا بونس بھی دیا جائے گا اور ہمارے پرافٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔ تو مجھے اس بارے میں تفصیل (Detail ) جاننی ہے کہ کیا یہ اسلام میں جائز ہے یا ناجائز؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
سوال میں اس ٹریڈنگ ایپ کے کاروبار کی تفصیل اگرچہ ذکر نہیں ہے کہ کس چیز کا کاروبار کیا جاتا ہے ، لیکن اس کی ویب سائٹ سے معلومات کرنے پر ان کا یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ لوگ اس میں اپنے سرمایہ سے سونا اور کرپٹو کرنسی کا کاروبار کرتے ہیں ۔ لیکن اس دعوے کی تصدیق و تائید اور عملی شکل کہیں سے نہ مل سکی بلکہ ہر پلیٹ فارم پہ معلومات کرنے پر تردید ہی ملی ہے کہ یہ محض دھوکا اور فراڈ ہے ۔ بالفرض اگر اس دعوے کو تسلیم بھی کر لیا جائے ،تو اس کے کاروبار میں شرعاً کئی قسم کے مفاسد پائے جاتے ہیں ۔
اول تو یہ کہ سونا کا باہمی تبادلہ بیع الصرف کہلاتا ہے ،جس کے درست ہونے کیلئے عوضین پر مجلس میں ہی قبضہ شرط ہے، اسی طرح ہم جنس کرنسی کے باہمی تبادلہ میں بھی بدلین پر مجلس عقد میں قبضہ کرناضروری ہے ،جبکہ یہاں تو محض سگنلز اور کوڈز کے ذریعے ٹریڈ ہوتا ہے، سوال میں ذکر کردہ مخصوص اوقات میں سگنل یا کوڈ آتا ہے کہ اب بیچ دو اور اب خرید لو ، لیکن خریدار و فرخت کنندہ کا مبیع پر نہ تو حقیقی قبضہ ہوتا ہے اور نہ ہی حکمی ، اور دوسرا یہ کہ قبضہ سے پہلے کسی چیز کو آگے فروخت کرنا بھی شرعاً ناجائز ہے ۔ اسی طرح کسی بھی انویسٹمنٹ پر متعین نفع لینا یہ بھی جائز نہیں بلکہ نفع فیصد و تناسب کے اعتبار سے طے کیا جاتا ہے ۔ ايسے ہی اگر واقعتاً اس میں سونا اور کرپٹو وغیرہ کا کاروبار ہوتا ہی نہیں بلکہ محض فرضی کار روائی ہوتی ہے تو پھر تو یہ بیع ہی نہ ہوئی ، کیونکہ بیع میں اموال کا تبادلہ ہوتا ہے جانبین سے ۔اسی طرح ریفرل سسٹم کے ذریعے اس ایپ میں دوسروں کو آنے کی دعوت دینے پر جو بونس ملتا ہے اور پرافٹ میں اضافہ ہوتا ہے وہ موہوم ہونے کی بناء پر جوے کی ایک صورت ہے اور مشروط ہونے کی بناء پر شرط فاسد پر مشتمل ہے ۔ خلاصہ یہ کہ اس ایپ میں انویسٹمنٹ کرکے کاروبار کرنا شرعاً کئی مفاسد پر مشتمل ہے ، جس بناء پر اس میں کاروبار کرنا شرعا جائز نہیں ہے ۔ کرپٹو کرنسی اور اس کے کاروبار پر دار الافتاء جامعۃ الرشید کی رائے توقف کی ہے۔
حوالہ جات
«المبسوط» للسرخسي (14/ 3):
"والحكم الذي يختص به الصرف من بين سائر البيوع وجوب قبض البدلين في المجلس، وأنه لا يكون فيه شرط خيار، أو أجل، وذلك ثابت بالحديث الذي رويناه فإنه قال النبي صلى الله عليه وسلم «لا بأس إذا افترقتما وليس بينكما عمل» أي مطالبة بالتسليم؛ لوجود القبض قبل الافتراق"
«بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع» (5/ 217):
"فإن وجد التقابض وهو القبض من الجانبين قبل التفرق بالأبدان تم الصرف والبيع جميعا، وإن لم يوجد أو وجد القبض من أحد الجانبين دون الآخر بطل الصرف لوجود الافتراق من غير قبض،"
«الهداية في شرح بداية المبتدي» (3/ 171):
"لأن البيع قبل القبض لا يجوز وإن كان في العقار عنده."
«البناية شرح الهداية» (9/ 399):
"وهو ما إذا لم يشهدوا بالقبض حتى يقضى بالبينتان، وتكون للخارج عنده، لأن الجمع بين البينتين ممكن، لأنا لو جعلنا بيع الخارج لاحقا يلزم البيع قبل القبض، وهو لا يجوز فيجعل بيعه سابقا."
«مجمع الأنهر في شرح ملتقى الأبحر» (2/ 279):
"لأن البيع قبل القبض لا يجوز ولهما أن الإقرار بالشراء من صاحبه إقرار منه بالملك له فصار بينة كل منهما كأنها قامت على إقرار الآخر وفيه التهاتر بالإجماع لتعذر الجمع فكذا، هذا كما في التبيين."
«النهاية في شرح الهداية - السغناقي» (17/ 172 بترقيم الشاملة آليا):
" (ولا يعكس الآمر)(4) أي: ولا يجعل كأن الخارج اشترى ذلك العين من ذي اليد أولا ثم باعه من ذي اليد لأن في ذلك يلزم البيع قبل القبض [وذلك لايجوز]"
«بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع» (5/ 184):
"وبيان ذلك أن البيع لغة، وشرعا مبادلة المال بالمال، وهذا يقتضي التساوي في البدلين على وجه لا يخلو كل جزء من البدل من هذا الجانب عن البدل من ذلك الجانب؛"
«البناية شرح الهداية» (8/ 201):
"وشرط أن يكون في العقد عوضان كل واحد منهما مال ليتحقق ركن البيع وهو مبادلة المال بالمال"
بدائع الصنائع(٥\١٦٩):
"(ومنها) شرط لا يقتضيه العقد، وفيه منفعة للبائع أو للمشتري أو للمبيع إن كان من بني آدم كالرقيق وليس بملائم للعقد ،ولا مما جرى به التعامل بين الناس نحو ما إذا باع دارا على أن يسكنها البائع شهرا ثم يسلمها إليه أو أرضا على أن يزرعها سنة أو دابة على أن يركبها شهرا أو ثوبا على أن يلبسه أسبوعا أو على أن يقرضه المشتري قرضا أو على أن يهب له هبة أو يزوج ابنته منه أو يبيع منه كذا ونحو ذلك أو اشترى ثوبا على أن يخيطه البائع قميصا أو حنطة على أن يطحنها أو ثمرة على أن يجذها أو ربطة قائمة على الأرض على أن يجذها أو شيئا له حمل ومؤنة على أن يحمله البائع إلى منزله ونحو ذلك؛ فالبيع في هذا كله فاسد."
بدائع الصنائع ". (6/ 59):
"(ومنها) : أن يكون الربح جزءًا شائعًا في الجملة، لا معينًا، فإن عينا عشرةً، أو مائةً، أو نحو ذلك كانت الشركة فاسدةً؛ لأن العقد يقتضي تحقق الشركة في الربح والتعيين يقطع الشركة لجواز أن لايحصل من الربح إلا القدر المعين لأحدهما، فلايتحقق الشركة في الربح"
عبدالغفاربن غلام اکب
ر دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی
٢٩ /ذيقعده /١٤٤٧
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | عبدالغفار بن غلام اکبر | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


