03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
افیلیئٹ مارکیٹنگ اور گوگل ایڈسینس کی کمائی کا حکم
90794اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائلکرایہ داری کے جدید مسائل

سوال

ویب سائٹ پر گوگل ایڈسینس سےپیسے کمانا جائز ہے؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

گوگل ایڈسینس سے کمائی کاشرعی حکم:

گوگل ایڈسینس کوسمجھنے کے لیے بطور تمہید یہ جاننا ضروری ہے کہ یہ گوگل کا ایک اشتہاری پروگرام ہے جس کے ذریعے ویب سائٹس، بلاگز، موبائل ایپس اور یوٹیوب چینلز کے مالکان اپنی ویب سائٹ یا چینل پر گوگل کے اشتہارات ظاہر کرتے ہیں۔ جب صارفین ان اشتہارات کو دیکھتے ہیں، ان کے ساتھ(Engagement (تعامل کرتے ہیں یا بعض صورتوں میں ان پر کلک کرتے ہیں تو گوگل اشتہار دینے والوں سے حاصل شدہ آمدن کا ایک متعین حصہ ویب سائٹ یا چینل کے مالک کو ادا کرتا ہے۔ اس طرح گوگل اشتہار دینے والوں اور مواد فراہم کرنے والوں کے درمیان ایک واسطے کا کردار ادا کرتا ہے۔

گوگل ایڈ سینس میں اشتہارات کانظام بڑی حد تک خود کار (Automatic)ہوتا ہے ،اس لیے ویب سائٹ یا چینل کامالک ہر اشتہارکو پہلے سے دیکھ کر منظوری نہیں دیتا ،بلکہ گوگل اسے یہ اختیار دیتا ہےکہ وہ ناجائز کیٹیگریز کو بلاک کر دےاور بعد میں ایڈ ویویو  سنٹر کے ذرعے چلنے والے اشتہارات کا جائز ہ  بھی لے سکے۔

عام طور پر گوگل ایڈسینس میں آمدن کی تین بنیادی صورتیں پائی جاتی ہیں:

1. امپریشن (Impression): جب اشتہار صارف کو دکھایا جائے۔

2. انگیجمنٹ (Engagement): جب صارف اشتہار کے ساتھ کسی درجے میں تعامل کرے۔

3. کلک (Click): جب صارف اشتہار پر کلک کرے۔

اسی طرح اشتہارات کی نوعیت کے اعتبار سے یہ تین قسم کے ہوتے ہیں:

1. تحریری اشتہارات۔

2. تصویری اشتہارات۔

3. ویڈیو اشتہارات۔

مذکورہ تمہید کی روشنی میں گوگل ایڈسینس کا معاملہ اجارہ (کرایہ یا منفعت کے عوض معاوضہ) کی ایک جدید صورت ہے۔ ویب سائٹ یا یوٹیوب چینل کا مالک اپنی ویب سائٹ یا چینل کی مخصوص جگہ گوگل کو فراہم کرتا ہے اور گوگل اس منفعت کے بدلے اسے معاوضہ ادا کرتا ہے،جو کہ اجارہ کا معاملہ ہے۔

گوگل ایڈسینس کے معاملے میں یہ اشکال پیدا ہوتا ہے کہ ویب سائٹ یا چینل کے مالک کو ملنے والی اجرت عقد کے وقت متعین رقم یا فیصدکی صورت میں معلوم نہیں ہوتی، بلکہ اس کا دارومدار اشتہارات کی تعداد، کلکس، امپریشنز اور دیگر عوامل پر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے بظاہر اجرت میں جہالت پائی جاتی ہے۔

تاہم حقیقت یہ ہے کہ آمدن کے حساب کا طریقۂ کار، شرح اور اصول معروف و متعین ہوتے ہیں، اور اس جہالت کی بنا پر فریقین کے درمیان کوئی نزاع یا تنازع پیدا نہیں ہوتا، اس لیے یہ جہالت مفضی الی النزاع نہیں ہے۔ لہٰذا یہ جہالت عقدِ اجارہ کو فاسد نہیں کرتی اور معاہدہ شرعاً درست رہتا ہے۔

اشتہارات کی مختلف صورتیں اور ان  کا حکم :

تحریری اور تصویری اشتہارات:

اگر اشتہار کا بنیادی موضوع اور جس کاروبار کی تشہیر کی جارہی ہے وہ شرعا جائز ہو تو ایسے تحریری اور تصویری اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدن جائز ہے۔

ویڈیو اشتہارات:

اگرویڈیو اشتہار کا بنیادی موضوع اورمتعلقہ کاروبار کاروبار شرعا جائز ہو ،تو ایسے اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدن بھی جائز ہوگی ۔

ناجائز اشتہارات:

اگر اشتہار کاتعلق کسی ناجائز  کاروبار،مثلا   سودی اداروں ، انشورنس ،جوا، شراب یا       دیگر حرام  امور سے ہو تو    اس

سے حاصل ہونے والی آمدن جائز نہیں ہوگی ۔

اسی طرح اگر گوگل کے خود کار نظام کی وجہ سے بعض تحریری ،تصویری یا ویڈیو اشتہارات میں میوزک ، نامحرم خواتین کی تصاویر یا دیگرناجےز عناصر شامل ہو جائیں تو ایسے اشتہارات کاجائزہ  ا یڈ ریویو سنٹر  (Ad Review center) میں لے کر ان ناجائز اشتہارات یا ناجائز عناصر سے حاصل ہونے والی آمدن کو صدقہ کرنا لازم ہوگا ،اور آئندہ کے لیے ایسے اشتہارات کو بلاک کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کرنا بھی لازم ہوگا۔

اسلامی اور دینی چینلز:

اصولی طور پر ان پر بھی ایڈسینس لگانا جائز ہے، لیکن چونکہ دینی بیان، تلاوت یا درس کے درمیان اچانک نامناسب اشتہارات اور میوزک آ سکتے ہیں، اس لیے احتیاط اور ادبِ دین کا تقاضا یہ ہے کہ خصوصاً درمیان میں آنے والے اشتہارات (Mid-roll Ads) سے حتی الامکان پرہیز کیا جائے، اگرچہ اصل کمائی کو ناجائز قرار نہیں دیا گیاہے،مگر ایڈ ریویو سنٹر کے جائزے کے بعد ناجائز اشتہار کے ذریعے حاصل کردہ  آمدنی کا اندازہ لگایا جائے اور ظن غالب  کی حد تک جس قدر رقم بنتی ہو، وہ صدقہ کر دینی  چاہیے۔

لہذاگر ویب سائٹ یا چینل کے  مالک نےاپنی استطاعت کےمطابق ناجائز کیٹیگریز کو فلٹر کردیا اور پھر   ایڈ ریویو سنٹر (Ad Review Senter) کا جائز لیتا رہا، اس کے باوجود ناجائز اشتہارات خود کار نظام  کی  وجہ سےچل گئے،تو ان کا گناہ مالک پر نہیں ہوگا ؛کیونکہ مالک نے جان بوجھ کر ان کی اجازت نہیں دی اور ان کی روک تھام کی مکمل کوشش بھی کی ۔ البتہ پھرجب  مالک کو معلوم ہوجائےکہ بعض اشتہارات ناجائز کاروبار، فحش موادیا دیگر غیر شرعی امور پر مشتمل تھے ،تو ایسے اشتہارات کو آئندہ کے لیے بلاک کرنا ضروری ہوگا۔مزید یہ کہ ناجائز اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدن کو اپنے استعمال میں لانے کے بجائےصدقہ کردینا چاہیے۔

حوالہ جات

يشترط في الإجارة أن تكون المنفعة معلومة بوجه يكون مانعا للمنازعة.أي أنه يشترط في الإجارة أي في صحتها، أولا أن تكون المنفعة معلومة بوجه يكون مانعا للمنازعة.

فعليه إذا كانت المنفعة مجهولة بحيث تؤدي إلى المنازعة تكون فاسدة (الهندية) ويختلف العلم بالمنفعة باختلاف أنواع الإجارة.

(الفتاوى الهندية، 4/412، ط: دار الفكر)

وإن كان في البلد نقود مختلفة فإن كانت في الرواج على السواء ولا فضل للبعض على البعض فالعقد جائز ويعطي المستأجر أي النقود شاء، وإن كانت الأجرة مجهولة؛ لأن هذه الجهالة لا تفضي إلى المنازعة.

(الفتاوی الھندیۃ، 4/450، ط: دار الفکر)

وإذا استأجر الذمي من المسلم دارا يسكنها فلا بأس بذلك، وإن شرب فيها الخمر أو عبد فيها الصليب أو أدخل فيها الخنازير ولم يلحق المسلم في ذلك بأس لأن المسلم لا يؤاجرها لذلك إنما آجرها للسكنى. كذا في المحيط.

   (الدر المختار و حاشية ابن عابدين، 6/392، ط: دار الفكر)

قال الحصكفيؒ: " (و) جاز (إجارة بيت بسواد الكوفة) أي قراها (لا بغيرها على الأصح) وأما الأمصار وقرى غير الكوفة فلا يمكنون لظهور شعار الإسلام فيها وخص سواد الكوفة، لأن غالب أهلها أهل الذمة (ليتخذ بيت نار أو كنيسة أو بيعة أو يباع فيه الخمر) وقالا لا ينبغي ذلك لأنه إعانة على المعصية وبه قالت الثلاثة زيلعي."

قال ابن عابدين ؒ: " (قوله وجاز إجارة بيت إلخ) هذا عنده أيضا لأن الإجارة على منفعة البيت، ولهذا يجب الأجر بمجرد التسليم، ولا معصية فيه وإنما المعصية بفعل المستأجر وهو مختار فينقطع نسبيته عنه، فصار كبيع الجارية ممن لا يستبرئها أو يأتيها من دبر وبيع الغلام من لوطي والدليل عليه أنه لو آجره للسكنى جاز وهو لا بد له من عبادته فيه اهـ زيلعي وعيني ومثله في النهاية والكفاية.

فقه البیوع (2/1054): 4- إن خلط الغاصب المال المغصوب أو الحرام بمال نفسه الحلال، فالصحیح فی مذھب الحنفیة أنہ یجوز لہ الانتفاع من المخلوط بقدر حصتہ فیہ، وکذلك یجوز للآخذ منہ ھبةً أو شراءً أو إرثاً أن ینتفع بہ بذلك القدر….. الخ 5- إن لم یعرف فی المخلوط من الحلال و الحرام أنھما متمیزان أو مختلطان، وکم حصة الحلال فی المخلوط؟ فالأولیٰ التنزہ، ولکن یجوز التعامل بذلك المخلوط إذا غلب علی الظن أن المتعامَل بہ لا یتجاوز قدرَ الحلال.

(فقه البیوع ،2/1054)

إن خلط الغاصب المال المغصوب أو الحرام بمال نفسه الحلال، فالصحیح فی مذھب الحنفیة أنہ یجوز لہ الانتفاع من المخلوط بقدر حصتہ فیہ، وکذلك یجوز للآخذ منہ ھبةً أو شراءً أو إرثاً أن ینتفع بہ بذلك القدر….. الخ

إن لم یعرف فی المخلوط من الحلال و الحرام أنھما متمیزان أو مختلطان، وکم حصة الحلال فی المخلوط؟ فالأولیٰ التنزہ، ولکن یجوز التعامل بذلك المخلوط إذا غلب علی الظن أن المتعامَل بہ لا یتجاوز قدرَ الحلال.

 فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن

دارالافتاء  جامعہ الرشید کراچی

04/محرم الحرام/8144ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب