| 90864 | سود اور جوے کے مسائل | سود اورجوا کے متفرق احکام |
سوال
پلے اسٹور پر kuzno نام کی ایک ایپ ہے ،جس میں کچھ پیسے انویسٹ کرکے ڈالر کمائے جاتے ہیں۔
کیا اس ایپ کااستعمال اور اس سے نفع حاصل کرنا شرعا جائز ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
سوال میں مذکورہ ایپلیکیشن میں سرمایہ کاری کے طریقہ کار کی مکمل وضاحت بیان نہیں کی گئی ہے، البتہ اس طرح کی ایپلیکیشنز میں سرمایہ کاری کے لیے شرعا مندرجہ ذیل شرائط کا لحاظ رکھنا ضروری ہوتا ہے:
- بیچنے والا اس چیز کا خود مالک یا وکیل ہو۔
- خریدنے کے بعد اس چیز پرحقیقی یا حکمی قبضہ ہو۔
- خریدنے والا اس چیز کو تب آگے بیچے گا جب اس پر خود یا اپنے وکیل کے ذریعے سے قبضہ کیا ہو۔
- اس لین دین میں حقیقی سوداہوتا ہو،نہ یہ کہ صرف قیمت کے اتار چڑھاؤ سے نفع کمانا مقصد ہو۔
- یہ سودا حقیقی طور پر ہوتا ہو،صرف اکاؤنٹ میں ظاہر ہو نا کافی نہیں ہے۔
- فوری سودا ہو،مستقبل کی طرف منسوب سودا(future sale) نہ ہو۔
- ادائیگی اور ڈیلیوری میں تاخیر کی وجہ سے اس میں سود شامل نہ ہو۔
گزشتہ کچھ عرصے سے آن لائن ارننگ کے نام پر مختلف ایپلیکیشنز، سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس مسلسل نئے نئے ناموں کے ساتھ سامنے آتی رہی ہیں۔ ان تمام پلیٹ فارمز کا طریقۂ کار عموماً ایک جیسا ہوتا ہے، یعنی لوگوں سے سرمایہ کاری (Investment) لینا اور اس پر غیر معمولی نفع دینے کا وعدہ کرنا۔بعض پلیٹ فارمز ڈیجیٹل ایسٹس کے نام پر کام کرتے ہیں، بعض روایتی کرنسیوں کے عنوان سے،بعض گولڈ وغیرہ کے عنوان سے جبکہ بعض دیگر مختلف تجارتی یا تکنیکی اصطلاحات استعمال کرتے ہیں۔ لیکن اب تک سامنے آنے والی اس نوعیت کی تقریباً تمام اسکیمیں دھوکہ دہی، غلط بیانی، غیر شفافیت یا کسی نہ کسی شرعی خرابی پر مشتمل پائی گئی ہیں۔
اس لیے ذیل میں کچھ اصولی باتیں ذکر کی جاتی ہیں ،ان کے مطابق اس طرح کی ایپلیکیشنز،پیجز اور ویب سائٹس وغیرہ سے متعلق عمل کیا جائے؛
کمپنی کی قانونی حیثیت اور تعارف:
سب سے پہلے یہ تحقیق کی جائے کہ سرمایہ کاری لینے والی کمپنی:
- کن افراد یا ادارے کی ملکیت ہے؟اس کے مالکان اور انتظامیہ کون ہیں؟
- کس ملک میں قائم ہے؟کیا وہ اپنے ملک کے کسی معتبر اور مجاز قانونی ادارے میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہے یا نہیں؟
اگر کمپنی رجسٹرڈ ہونے کا دعویٰ کرتی ہو تو:
- رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ کی اصل اور جعلی ہونے کے اعتبار سے مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔
- یہ معلوم کیا جائے کہ یہ سرٹیفیکیٹ کن بنیادوں پر جاری کیا گیا ہے۔
- کیا یہ رجسٹریشن،سرمایہ کاری لینے کے لیے کافی ہے یا مزید قانونی اجازت درکار ہوتی ہے؟
- اس رجسٹریشن کی بنیاد پر کمپنی کو کن کاموں کی قانونی اجازت حاصل ہے، اور آیا وہ عوام سے سرمایہ کاری لینے کی مجاز ہے یا نہیں؟
کمپنی کے کاروبار کی حقیقت:
اس کے بعد یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ:
- کمپنی حقیقتاً کون سا کاروبار کر رہی ہے؟
- کس ذریعے سے وہ سرمایہ کاری سے نفع کماتی ہے؟
- اس کاروبار کی تفصیلی نوعیت، طریقۂ کار اور حقیقت کیا ہے؟
- ان تمام پہلوؤں کی تحقیق کے بعد اس کاروبار کا شرعی حکم معلوم کیا جائے۔
سرمایہ کاری اور منافع کا طریقۂ کار:
تیسرے مرحلے میں یہ دیکھا جائے کہ:
- کمپنی سرمایہ کاری کس بنیاد پر لیتی ہے؟
- نفع کس شرح اور کس طریقے سے دیتی ہے؟
- نفع و نقصان کی شرائط و تفصیلات کیا ہیں؟
شرعی نگرانی اور عملی نظام:
بالفرض اگر اوپر کی تینوں چیزیں بظاہر قابلِ اطمینان ہوں، تب بھی یہ تحقیق ضروری ہے کہ:
- کمپنی کے تمام آپریشنز عملی طور پر شریعت کے مطابق انجام دیے جا رہے ہیں یا نہیں؟
- کیا کوئی معتبر اور خود مختار شرعی نگرانی کا نظام موجود ہے؟
- کیا کوئی ایسی باڈی یا ادارہ ہے جو کمپنی کے مالی و تجارتی معاملات کی مسلسل جانچ اور نگرانی کرتا ہو؟یا کسی مستند دارالافتاء سے انہوں نے اپنے عملی کام سے متعلق فتوی حاصل کیا ہو؟
پونزی اسکیمز (Scams) کی پہچان کے عمومی اصول:
موجودہ دور میں ماہرینِ معیشت پونزی اسکیمز اور مالی دھوکہ دہی کو پہچاننے کے جو اصول بتاتے ہیں، وہ معمولی فرق کے ساتھ وہی ہیں جو اوپر بیان کیے گئے ہیں۔ ان میں خاص طور پر درج ذیل نکات شامل ہیں:
- یہ دیکھا جائے کہ کمپنی واقعی کوئی حقیقی پروڈکٹ یا سروس فراہم کر رہی ہے، یا صرف نئے ممبرز بنانے پر انحصار کر رہی ہے کیونکہ محض ممبرشپ پر مبنی نظام اکثر پونزی اسکیم ہوتا ہے۔
- کمپنی کی شفافیت دیکھی جائے، کیا مالکان، انتظامیہ، مالی ڈھانچہ اور آپریشنز مکمل طور پر واضح اور قابلِ اعتماد ہیں یا نہیں؟
- مختلف آزاد اور غیر جانبدار ذرائع سے کمپنی کے بارے میں تحقیق کی جائے، جیسے آڈٹ رپورٹس، میڈیا رپورٹس، متعلقہ حکومتی ادارے اور صارفین کےفیڈبیکس۔
- کمپنی کی ریگولیٹری کمپلائنس (Regulatory Compliance) کا جائزہ لیا جائے۔
- یہ پرکھا جائے کہ آیا کمپنی مارکیٹ کے عمومی اصولوں کے خلاف غیر معمولی منافع کا وعدہ تو نہیں کر رہی کیونکہ ایسا وعدہ عموماً پونزی اسکیم کی علامت ہوتا ہے۔
درج بالا تمام اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے، مذکورہ کمپنی یاایپ ( کزنو ایپ) (kuzno app)کے ذریعے سرمایہ کاری سے اجتناب بھی ضروری معلوم ہوتا ہے، کیونکہ مذکورہ ایپ کے حوالے سے ہمارے علم کے مطابق کوئی معتبر ویب سائٹ بھی دستیاب نہیں جس میں سرمایہ کاری کی تفصیل جانی جاسکے اور یہ بھی یقینی نہیں کہ واقعۃ اس میں کسی مباح چیز کی خریداری ہوتی بھی ہے یا نہیں۔
البتہ اگرمذکورہ ایپ کے بارے میں مکمل، مستند اور قابلِ تصدیق تفصیلات میسر ہوں، اور وہ بیان کردہ صورتِ حال سے مختلف ہوں، تو یہ تفصیلات لکھ کردارالافتاء سے دوبارہ شرعی حکم معلوم کر لیا جائے۔
ماخوذ از تبویب بتصرف (89759)
حوالہ جات
صدام حسین
دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی
14/محرم الحرام 1448ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | صدام حسین بن ہدایت شاہ | مفتیان | مفتی محمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


