| 91007 | سود اور جوے کے مسائل | سود اورجوا کے متفرق احکام |
سوال
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اور مفتی صاحبان اس مسئلہ کے بارے میں کہ فریقِ اول نے ایک پلاٹ فریقِ دوم کے ہاتھ ایک لاکھ پانچ ہزار (105,000) روپے میں فروخت کرنے کا معاہدہ کیا۔ خریدار نے قیمت کی ادائیگی کے لیے پینتالیس (45) دن کی مہلت طلب کی، جسے فروخت کنندہ نے باہمی رضامندی سے قبول کر لیا۔
بعد ازاں کسی وجہ سے خریدار مقررہ مدت میں ادائیگی نہ کر سکا اور اس نے مزید پندرہ (15) دن کی مہلت کی درخواست کرتے ہوئے یہ پیشکش کی کہ اگر اسے مزید پندرہ دن کا وقت دے دیا جائے تو وہ ایک لاکھ چھ ہزار (106,000) روپے ادا کرے گا۔ فروخت کنندہ نے اس پیشکش کو قبول کر لیا اور ادائیگی کی مدت میں مزید پندرہ دن کا اضافہ کر دیا۔اس صورت میں دونوں فریقوں نے اپنی باہمی رضامندی سے قیمت میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کرتے ہوئے ادائیگی کی مدت بڑھا دی۔
کیا شریعتِ مطہرہ کی رو سے اس طرح مدت کے بدلے قیمت میں اضافہ کرنا جائز ہے یا نہیں؟ کیا اس معاملے میں دونوں فریق کسی گناہ یا ناجائز معاملے کے مرتکب ہوں گے؟ قرآن و سنت جواب عنایت فرمائیں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
واضح رہے کہ شریعت مطہرہ میں سودی معاملات کرنا سخت ترین گناہوں میں سےایک بہت بڑا گناہ ہے ۔ قرآن کریم اور احادیث میں سود کھانے ، دینے ،لکھنے اور اس پر گواہی دینے والوں کے بارے میں سخت ترین وعیدیں وارد ہوئی ہیں ۔ اس لیے ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ ہر ایسے معاملے سے اجتناب کرے جس میں سود کا شائبہ بھی پایا جاتا ہو۔
لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر پلاٹ کی قیمت ایک لاکھ پانچ ہزار روپے پر طے ہو چکی تھی، تو بعد میں صرف ادائیگی کی مدت بڑھانے کے بدلے ایک ہزار روپے کا اضافہ کرنا شرعاً جائز نہیں۔ یہ مدت کے بدلے رقم میں اضافہ ہے، جو کہ واضح اور صریح سود (ربا) ہی ہے۔
لہٰذا فروخت کنندہ صرف اصل طے شدہ قیمت (105,000 روپے) لینے کا حق رکھتا ہے، جبکہ اضافی 1,000 روپے لینا جائز نہیں۔ اگرچہ دونوں نے یہ معاملہ باہمی رضامندی سے کیا ہے،لیکن انہوں نےایک ناجائز (سودی)معاملے کاارتکاب کیا ہے ؛اس لیے دونوں گناہ گار ہوئے ۔ دونوں پر لازم ہے کہ فی الفوراس ناجائز شرط کو ختم کریں اور آئندہ ایسے سودی معاملات سے مکمل اجتناب کرنے کا پختہ اردہ کریں۔
حوالہ جات
اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتے ہیں :(آل عمران،جز ٤،آیت١٣٠،١٣١)
يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَأْكُلُوا الرِّبَا أَضْعَافًا مُضَاعَفَةً وَاتَّقُوا اللَّهَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ . وَاتَّقُوا النَّارَ الَّتِي أُعِدَّتْ لِلْكَافِرِينَ.
(صحيح مسلم كتاب المساقاة الرقم : ١٥٩٨)
عن جابر بن عبد الله رضي الله عنه قال: لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم آكل الربا وموكله وكاتبه وشاهديه، وقال: هم سواء.
(إعلاء السنن، 4/499)
قال ابن المنذر: أجمعوا علی أن المسلف إذا شرط علی المستسلف زیادۃ أو ھدیۃ، فأسلف علی ذلک، إن أخذ الزیادۃ علی ذٰلک ربا.
فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
20/محرم الحرام/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | مفتی محمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


