| 91258 | ایمان وعقائد | کفریہ کلمات اور کفریہ کاموں کابیان |
سوال
گناہ کواچھا سمجھناکفر ہے یا حلال سمجھنا؟
میں 15 سال کا ہوں۔ جب سے میں نے کفریہ کلمات کے بارے میں فتاویٰ پڑھے ہیں، تب سے شدید وسوسوں کا شکار ہوں۔ اس وقت ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کی کیفیت میں ہوں۔ میرے ذہن میں چند سوالات ہیں، برائے کرم ان کے تفصیلی جوابات عنایت فرمائیں۔
1۔کیا کسی گناہ کو اچھا سمجھ کر کرنا کفر ہے، یا صرف اس گناہ کو شریعت میں حلال سمجھنا کفر ہے؟ بہت سے لوگ موسیقی سنتے ہیں، بدنظری کرتے ہیں، جھوٹ بولتے ہیں، والدین کی نافرمانی کرتے ہیں یا غیبت کرتے ہیں، اور بظاہر انہیں یہ کام درست معلوم ہوتے ہیں۔ کیا وہ سب کافر ہو جاتے ہیں، یا کفر صرف اس صورت میں ہوگا جب وہ ان کاموں کو شریعت میں حلال سمجھیں؟ نیز کن کن گناہوں کو حلال سمجھنا کفر ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
واضح رہے کہ اگر کوئی شخص کسی گناہ کو اس لیے اچھا سمجھتا ہے کہ اس سے اسے لذت یا اس کی خواہش کی تسکین ہوتی ہے، لیکن وہ اس کے حرام ہونے کا عقیدہ بھی رکھتا ہے، تو محض اس وجہ سے وہ کافر نہیں ہوتا، بلکہ گناہ گار اور فاسق ہوتا ہے۔ عام طور پر گناہ اسی نفسانی خواہش اور عارضی لذت کی بنا پر کیے جاتے ہیں۔
البتہ اگر کوئی شخص کسی ایسے فعل (کام)کو حلال قرار دے،یعنی اس کی ممانعت کےحکم کو تسلیم نہ کرے، جس کی حرمت قرآنِ کریم یا سنتِ متواترہ کی قطعی دلیل سے ثابت ہو، تو وہ کفر کا مرتکب ہوجاتا ہے، خواہ وہ گناہ صغیرہ ہو یا کبیرہ۔
لہٰذا موسیقی سننا، بدنظری کرنا، جھوٹ بولنا، غیبت کرنا، والدین کی نافرمانی کرنا یا دیگر گناہوں کا ارتکاب اگرچہ سخت ترین گناہ ہے، لیکن محض ان گناہوں کا کرنا یا نفسانی خواہش کی وجہ سے ان کا اچھا لگنا ،انسان کو کافر نہیں بناتا، جب تک وہ ان کی قطعی حرمت کا انکار نہ کرے یا انہیں شرعاً حلال نہ سمجھے۔
اسی طرح شریعت کے کسی ایسے حکم کا انکار، استخفاف (یعنی اسے حقیر اور بے وقعت سمجھنا) یا تمسخر اڑانا، جو قطعی دلیل سے ثابت ہو، بھی کفر کا سبب بن سکتا ہے۔
جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ کن گناہوں کو حلال سمجھنا کفر ہے؟تو اس بارے میں اصول یہ ہے کہ ہر ایسے گناہ کو حلال سمجھنا کفر ہے جس کی حرمت قرآنِ کریم یا سنتِ متواترہ کی قطعی دلیل سے ثابت ہو۔ البتہ جن امور کی حرمت قطعی دلیل سے ثابت نہ ہو، ان کے بارے میں کفر کا حکم نہیں ہوگا۔
جہاں تک وسوسوں کےآنے کی بات ہے توغیر اختیاری وسوسے آنا اور اسے برا سمجھنا ایمان کی علامت ہے، حدیثِ مبارک میں آتا ہے: " حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم میں سے کچھ لوگ نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کرنے لگے کہ ہم اپنے دلوں میں کچھ خیالات ایسے پاتے ہیں کہ ہم میں سے کوئی ان کو بیان نہیں کر سکتا، آپ ﷺ نے فرمایا کیا واقعی تم اسی طرح پاتے ہو؟ (یعنی گناہ سمجھتے ہو) صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے عرض کیا جی ہاں! آپ ﷺ نے فرمایا یہ تو واضح ایمان ہے۔
ملاعلی قاری رحمہ اللہ فرماتے ہیں: صحابہ کے اس جملہ ’’ہم اپنے دلوں میں کچھ خیالات ایسے پاتے ہیں کہ ہم میں سے کوئی ان کو بیان نہیں کر سکتا‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ ”ہم اپنے دلوں میں بری چیزیں پاتے ہیں، مثلاً: اللہ کو کس نے پیدا کیا؟ اور وہ کیسا ہے؟ اور کس چیز سے ہے؟ اور اس طرح کی اور چیزیں کہ جن کا بیان کرنا بھی مشکل ہے، اس لیے کہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ قبیح باتیں ہیں اور ان میں سے کوئی چیز بھی ایسی نہیں ہے کہ ہم اس پر اعتقاد رکھیں، بلکہ ہم جانتے ہیں اللہ قدیم ہے ازل سے ہے، ہر چیز کا خالق ہے، مخلوق نہیں ہے، تو ایسے خیالات جو ہمارے دل میں آتے ہیں ان کا کیا حکم ہے؟ تو آپ ﷺ نے یہ جواب دیا کہ یہ تو صریح ایمان ہے، اس لیے تم ان وسوسوں کو دل میں پانے کے بعد جھڑک دیتے ہو، اور اس کو برا سمجھتے ہو،تو یہ تمہارے ایمان کی علامت ہے۔
لہذا ان خیالات اور وسوسوں سے پریشان نہ ہوں ، اور ان کا علاج یہ ہے کہ ان کی طرف بالکل دھیان نہ دیا جائے، بعض علماء نے وساوس میں مبتلا اشخاص کی تسلی و تسکین کے لیے کہا ہے کہ جس طرح چور اُس گھر میں جاتا ہے جہاں کچھ مال ومتاع ہوتا ہے، اسی طرح جس دل میں ایمان ہوتا ہے شیطان وہاں آکر وساوس ڈالتا ہے۔
اس لیے ان وساوس کو دل میں جگہ نہ دی جائے، ان کے مقتضی پر عمل یا لوگوں کے سامنے ان کا اظہار نہ ہو، بلکہ ان کا خیال جھڑک کر ذکر اللہ کی کثرت کا اہتمام کرنا چاہیے۔
خود ایک اور حدیثِ مبارک میں آپ ﷺ نے اس کا علاج بتایا ہے، ملاحظہ ہو:
"حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ شیطان تم میں سے کسی کے پاس آتا ہے تو کہتا ہے کہ اس طرح کس نے پیدا کیا؟ اس طرح کس نے پیدا کیا؟ یہاں تک کہ وہ کہتا ہے کہ تیرے رب کو کس نے پیدا کیا؟ تو جب وہ یہاں تک پہنچے تو اللہ سے پناہ مانگو اور اس وسوسہ سے اپنے آپ کو روک لو۔
ایک اورحدیث میں ہے کہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ لوگ ہمیشہ ایک دوسرے سے پوچھتے رہیں گے یہاں تک کہ یہ کہا جائے گا کہ مخلوق کو اللہ نے پیدا کیا؟ تو اللہ کو کس نے پیدا کیا؟ تو جو آدمی اس طرح کا کوئی وسوسہ اپنے دل میں پائے تو وہ کہے : "آمَنْتُ بِاللّٰه وَرُسُله"(میں اللہ اور اس کے رسولوں پر ایمان لایا)۔
لہذا ان وسوسوں کے علاج کے لیے مذکورہ نسخہ نبوی ﷺ پر عمل کیا جائے، اور ساتھ ساتھ یہ اعمال کریں:
(1) أَعُوذُ بِاللّٰه(2)اٰمَنْتُ بِاللّٰهِ وَرَسُوْلِه کا ورد کیجیے۔(3) هُوَ الْاَوَّلُ وَالْاٰخِرُ وَالظَّاهِرُ وَالْبَاطِنُ وَهُوَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيْم (4) نیز، رَبِّ اَعُوْذُبِكَ مِنْ هَمَزٰتِ الشَّیٰطِیْنِ وَاَعُوْذُ بِكَ رَبِّ اَنْ یَّحْضُرُوْنِ کا کثرت سے ورد بھی ہر طرح کے شیطانی شکوک ووساوس کے دور کرنے میں مفید ہے۔فقط واللہ اعلم
حوالہ جات
(حاشية الطحطاوي:740):
والصحيح أنه إن استحل ذلك عند فعل المعصية كفر، وإلا لا، وتلزمه التوبة إلا إذا كان على وجه الاستخفاف فيكفر أيضا... واعلم أن المستحل لا يكفر إلا إذا كان المحرم حراما لعينه وثبتت حرمته بدليل قطعي، وإلا فلا.
(المسبوك على منحة السلوك 1/59-60):
تارك الصلوۃجاحدًا: كافر بالإجماع، وكسلًا وتهاونًا: فاسق.
(شرح الفقہ الاکبر :152):
ان استحلال المعصیۃ صغیرۃ کانت اوکبیرۃ کفر، اذا ثبت کونھا معصیۃ بدلالۃ قطعیۃ۔
(فتاوی التاتارخانیۃ:555/5):
وسألت اذا اعتقدہ حلالا وھو حرام قال ینظر ان کان حرامالغیرہ کمال الغیر لایکفر اذا اعتقدہ حلالا، وان کان محرم العین بأن کانت حرمتہ ثابتۃ بدلیل مقطوع بہ یکفر …… ھذا التفصیل فی العالم امافی الجاھل لایتفاوت بینھما اذا کان حرامابعینہ او لغیرہ لانہ لایعرف الفرق، بعد ذلک ان تثبت حرمتہ بدلیل مقطوع بہ یکفر والافلا۔
(رد المحتار 1/47):
يكفر من بسمل عند مباشرة كل حرام قطعي الحرمة.
(مشكاة المصابيح :1/ 26):
"عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: جَاءَ نَاسٌ مِنْ أَصْحَابِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَسَأَلُوهُ: إِنَّا نَجِدُ فِي أَنْفُسِنَا مَا يَتَعَاظَمُ أَحَدُنَا أَنْ يَتَكَلَّمَ بِهِ، قَالَ: «أَو قد وجدتموه»؟ قَالُوا: نعم. قَالَ: «ذَاك صَرِيح الْإِيمَان» . رَوَاهُ مُسلم".
(مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح :1/ 136):
"( «في أنفسنا ما يتعاظم أحدنا أن يتكلم به» ) أي: نجد في قلوبنا أشياء قبيحة نحو: من خلق الله؟ وكيف هو؟ ومن أي شيء؟ وما أشبه ذلك مما يتعاظم النطق به لعلمنا أنه قبيح لايليق شيء منها أن نعتقده، ونعلم أنه قديم، خالق الأشياء، غير مخلوق، فما حكم جريان ذلك في خواطرنا؟ ... (صريح الإيمان) أي: خالصه يعني أنه أمارته الدالة صريحاً على رسوخه في قلوبكم، وخلوصها من التشبيه، والتعطيل؛ لأن الكافر يصر على ما في قلبه من تشبيه الله سبحانه بالمخلوقات، ويعتقده حسنا، ومن استقبحها، وتعاظمها لعلمه بقبحها، وأنها لاتليق به تعالى كان مؤمناً حقاً، وموقناً صدقاً فلا تزعزعه شبهة، وإن قويت، ولا تحل عقد قلبه ريبة، وإن موهت، ولأن من كان إيمانه مشوباً يقبل الوسوسة، ولايردها".
(مشكاة المصابيح (1/ 26)
"وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " يَأْتِي الشَّيْطَانُ أَحَدَكُمْ فَيَقُولُ: مَنْ خلق كَذَا؟ مَنْ خَلَقَ كَذَا؟ حَتَّى يَقُولَ: مَنْ خَلَقَ رَبَّكَ؟ فَإِذَا بَلَغَهُ فَلْيَسْتَعِذْ بِاللَّهِ وَلْيَنْتَهِ".
"وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " لَا يَزَالُ النَّاسُ يَتَسَاءَلُونَ حَتَّى يُقَالَ: هَذَا خَلَقَ اللَّهُ الْخَلْقَ فَمَنْ خَلَقَ اللَّهَ؟ فَمَنْ وَجَدَ مِنْ ذَلِكَ شَيْئًا فَلْيَقُلْ: آمَنت بِاللَّه وَرُسُله".
(مرقاة المفاتيح 1/ 137)
"و قيل: المعنى أن الوسوسة أمارة الإيمان؛ لأن اللص لايدخل البيت الخالي".
فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
04/صفر المظفر/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب |


