| 91465 | معاشرت کے آداب و حقوق کا بیان | متفرّق مسائل |
سوال
اگر بڑوں کے درمیان کسی بات پر ناراضگی یا اختلاف ہو جائے اور وہ ایک دوسرے سے بات چیت اور تعلق ختم کر دیں، نیز والدین اپنے بھائی بہنوں یا دیگر رشتہ داروں سے ناراض ہو کر ان سے رابطہ منقطع کر لیں، تو کیا ان کی اولاد بھی والدین کی پیروی کرتے ہوئے ان رشتہ داروں سے تعلق ختم کر دے؟
ہمارے معاشرے میں عموماً ایسا ہوتا ہے کہ اگر والدین کا اپنے بہن بھائیوں یا دیگر رشتہ داروں سے کسی وجہ سے اختلاف یا ناراضگی ہو جائے، تو وہ اپنی اولاد کو بھی ان کے گھر جانے، ان سے بات چیت کرنے، حتیٰ کہ ان کا دیا ہوا کھانا یا تحفہ قبول کرنے سے بھی منع کرتے ہیں۔ کیا شرعاً اولاد کے لیے والدین کی اس ہدایت پر عمل کرنا ضروری ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
واضح رہے کہ شریعت نے جس طرح اولاد پر والدین کی اطاعت، ادب، احترام اور خدمت کو لازم قرار دیا ہے، اسی طرح دیگر رشتہ داروں کے بھی شرعی حقوق مقرر کیے ہیں۔ لہٰذا ایک حق کی ادائیگی کے نام پر دوسرے حق کو ضائع کرنا جائز نہیں۔ چنانچہ والدین کے حقوق ادا کرتے ہوئے چچا، تایا، پھوپھی، ماموں، خالہ اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی، حسنِ سلوک اور حسبِ استطاعت تعاون بھی ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ﴿فَآتِ ذَا الْقُرْبَىٰ حَقَّهُ﴾، یعنی: "رشتہ دار کو اس کا حق ادا کرو۔" (سورۃ الروم: 38)۔ تفسیرِ طبری میں اس آیت کے تحت صلہ رحمی اور حسنِ سلوک کو رشتہ داروں کا حق قرار دیا گیا ہے۔ (جامع البيان للطبري، 18/502)
لہذا بلاوجہ رشتہ داری توڑنا (قطع رحمی) گناہ ہے۔
البتہ اگر والدین کا اپنے بھائی، بہنوں یا دیگر رشتہ داروں سے کسی وجہ سے اختلاف یا ناراضگی ہو جائے، تو یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔ اس کی وجہ سے اولاد کے لیے بھی ان رشتہ داروں سے بلاوجہ تعلق ختم کرنا درست نہیں،لیکن اولاد پر لازم ہے کہ والدین کا ادب و احترام برقرار رکھے، ان سے جھگڑا نہ کرے، بلکہ حکمت اور حسن اخلاق کے ساتھ دونوں کے حقوق ادا کرنے کی کوشش کرے۔
اگر والدین اولاد کو رشتہ داروں سے نہ ملنے یا تعلق ختم کرنے کا حکم دیں، تو یاد رہے کہ والدین کی اطاعت صرف جائز امور میں واجب ہے۔ لہٰذا اولاد کو چاہیے کہ والدین کے احترام کو ملحوظ رکھتے ہوئے، حتیٰ الامکان سلام، خیریت دریافت کرنے اور ضرورت کے وقت تعاون کی صورت میں صلہ رحمی برقرار رکھے، بشرطیکہ اس سے کوئی بڑا فساد پیدا نہ ہو۔
اسی طرح محض باہمی ناراضگی کی وجہ سے رشتہ داروں کا دیا ہوا کھانا یا تحفہ شرعاً ناجائز نہیں ہو جاتا، جب تک اس میں کوئی الگ شرعی ممانعت نہ ہو۔
لہذا اگر والدین اپنے رشتہ داروں سے ناراض ہوں تو اولاد پر ان کی ناراضگی میں شریک ہو کر قطع رحمی(گناہ) کرنا لازم نہیں،بلکہ اولاد کو والدین کا ادب و احترام برقرار رکھتے ہوئے حکمت اور حسنِ اخلاق کے ساتھ رشتہ داروں کے شرعی حقوق بھی ادا کرنے چاہییں۔
حوالہ جات
(مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابیح:9/142)
"(وعن جبير بن مطعم) : مر ذكره (قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «لا يدخل الجنة قاطع») أي: للرحم أو للطريق."
(صحیح البخاری،رقم الحدیث 7257،ص 1314)
عن علی کرم اللہ وجہہ قال :قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم: ”لا طاعۃ فی معصیۃ انما الطاعۃ فی المعروف“.
(بذل المجهود :13/ 319)
وقال العلامۃ خلیل احمد السھارنفوری رحمہ اللہ: قال السيوطي: والمراد حرمة الهجران إذا كان الباعث عليه وقوع تقصير في حقوق الصحبة، والأخوة، وآداب العشرة، كاغتياب، وترك نصيحة، وأما ما كان من جهة الدين والمذهب فهجران أهل البدع والأهواء واجب إلى وقت ظهور التوبة، ومن خاف من مكالمة أحد وصلته ما يفسد عليه الدين، أو يدخل مضرة في دنياه يجوز له مجانبته، والبعد عنه، ورب هجر حسن خير من مخالطة مؤذية.
(تفسیر الطبری :18/502)
الْقَوْلُ فِي تَأْوِيلِ قَوْلِهِ تَعَالَى: {فَآتِ ذَا الْقُرْبَى حَقَّهُ وَالْمِسْكِينَ وَابْنَ السَّبِيلِ} [الروم: 38] يَقُولُ تَعَالَى ذِكْرُهُ لِنَبِيِّهِ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَعْطِ يَا مُحَمَّدُ ذَا الْقَرَابَةِ مِنْكَ حَقَّهُ عَلَيْكَ مِنَ الصِّلَةِ وَالْبِرِّ، وَالْمِسْكِينَ وَابْنَ السَّبِيلِ، مَا فَرَضَ اللَّهُ لَهُمَا فِي ذَلِكَ."
فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
05/صفر المظفر/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب |


