03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
وقف شدہ عید گاہ کی زمین واپس لینے کا حکم
91581وقف کے مسائلمسجد کے احکام و مسائل

سوال

مفتی صاحب ! پرانا کھتیانی رعیت شمشیر علی خان ولد غلام حسین خان کا آدھا حصہ، اور گوہر خان و سخاوت خان کا آدھا حصہ تھا۔ ان دونوں نے تقریباً 1949ء میں یہ زمین عیدگاہ کے لیے زبانی طور پر وقف کر دی اور اس کا استعمال آشاپور کے عام لوگوں کے سپرد کر دیا۔

تب سے آج تک اس زمین پر مسلسل عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی جا رہی ہے۔ ضرورت کے مطابق اس کے زیادہ حصے میں عید کی نماز پڑھی جاتی رہی ہے، جبکہ کچھ حصہ صحن کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

پرانا کھاتا 101 تھا، جو نئے سروے میں 942 ہو گیا۔ پرانا خسرا 1369 تھا، جو نئے سروے میں 2321 ہو گیا۔پرانا رقبہ ایک ایکڑ 27 ڈسمل تھا، جس میں سے نئے سروے میں 49 ڈسمل (11 کٹھا) زمین عیدگاہ کے نام سے درج کی گئی۔

نئے سروے میں اس زمین کی ملکیت عیدگاہ گرام ٹولہ آشاپور، دربھنگہ کے نام سے درج کی گئی۔پرانے کھتیانی مالکوں کے بیٹے بدلو خان، امام علی خان، سخاوت علی خان وغیرہ ہیں۔ یہ حضرات اور آشاپور کے عام لوگ شروع سے اس عیدگاہ میں نماز ادا کرتے آئے ہیں، اور ان کے بعد بھی نسل در نسل آج تک لوگ اسی جگہ عیدین کی نماز پڑھتے آرہے ہیں۔

سن 1971-1972ء میں نئے سروے کے وقت عیدگاہ کی موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے عیدگاہ اور اس کے باہر کے صحن کو ملا کر پورے 11 کٹھا رقبے کو عیدگاہ کے نام سے درج کر دیا گیا، جس کا نیا کھاتا 942 اور نیا خسرا 2321 ہے۔

اب پرانے کھتیانی مالکوں کی چوتھی نسل اس عیدگاہ کی زمین پر زبردستی ملکیت کا دعویٰ کر رہی ہے۔ وہ 11 کٹھا میں سے صرف 3 کٹھا 10 دھور زمین عیدگاہ کے لیے چھوڑنا چاہتے ہیں اور باقی زمین اپنے قبضے میں لے کر ذاتی استعمال میں لانا چاہتے ہیں۔

1۔ اب سوال یہ ہے کہ جب یہ زمین بہت عرصے سے زبانی وقف چلی آ رہی ہے اور اس پر نسل در نسل لوگ عیدین کی نماز ادا کرتے آ رہے ہیں، تو کیا یہ زمین شرعاً اور قانوناً عیدگاہ کی وقف شدہ زمین شمار ہوگی یا نہیں؟ کیا موجودہ وارث اس زمین پر دوبارہ ملکیت کا دعویٰ کر سکتے ہیں؟

 

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

واضح رہے کہ جب کوئی شخص اپنی زمین مسجد یا عیدگاہ کے لیے وقف کر دے اور وقف کی شرائط مکمل ہو جائیں، نیز اس جگہ باجماعت نماز ادا کر لی جائے، تو وہ زمین واقف کی ملکیت سے نکل کر شرعاً وقف ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد نہ واقف اور نہ ہی اس کے ورثاء کو اس پر ملکیت، فروخت، ہبہ یا وراثت کا کوئی حق رہتا ہے، بلکہ اسے صرف اسی مقصد کے لیے استعمال کرنا لازم ہوتا ہے جس کے لیے وقف کیا گیا تھا۔

صورتِ مسئولہ میں مذکورہ 11 کٹھا زمین 1949ء سے مسلسل عیدگاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے اور اس میں عید کی نماز ادا کی جا رہی ہے، نیز 1971-72ء کے سرکاری سروے میں بھی یہ عیدگاہ کے نام سے درج ہے۔ اس بنا پر یہ زمین شرعاً وقف شدہ ہے اور اس پر کسی فرد کی ذاتی ملکیت ثابت نہیں ہوتی۔

لہٰذا واقف کی چوتھی نسل یا دیگر ورثاء کا اس زمین کو واپس لینے، اس کا کوئی حصہ اپنی ملکیت قرار دینے یا اس کا رقبہ کم کرنے کا مطالبہ شرعاً باطل اور ناجائز ہے۔ اسی طرح اس وقف شدہ زمین پر ملکیت کا دعویٰ کرکے قبضہ کرنا یا اس میں تصرف کرنا بھی ناجائز ہے۔

حوالہ جات

(فتح القدیر:  6/203)

وعندهما حبس العين على حكم ملك الله تعالى فيزول ملك الواقف عنه إلى الله تعالى على وجه تعود منفعته إلى العباد، فيلزم ولا يباع ولا يوهب ولايورث.

( الفتاویٰ الہندیۃ 2/350)

لا یملک أي لا یکون مملوکًا لصاحبہ، ولا یملَّک: أي لا یقبل التملیک لغیرہ بالبیع ونحوہ، لاستحالۃ تملیک الخارج عن ملکہ.

( تبيين الحقائق:3/ 330)

وَإِذَا صَارَ مَسْجِدًا... زَالَ مِلْكُهُ عَنْهُ وَحَرُمَ بَيْعُهُ فَلَا يُورَثُ وَلَيْسَ لَهُ الرُّجُوعُ فِيهِ.

(البناية شرح الهدايةلعلامہ عینی: 7/ 454)

وَمَنْ اتَّخَذَ أَرْضَهُ مَسْجِدًا لَمْ يَكُنْ لَهُ أَنْ يَرْجِعَ فِيهِ وَلَا يَبِيعَهُ وَلَا يُورَثُ عَنْهُ؛ لِأَنَّهُ مُخَلَّصٌ عَنْ حَقِّ الْعِبَادِ، فَصَارَ خَالِصًا لِلَّهِ تَعَالَى.

(الفتاوى الهندية: 2/ 455)

وَإِذَا صَلَّى فِيهِ وَاحِدٌ زَالَ مِلْكُهُ.

 فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن

دارالافتاء  جامعہ الرشید کراچی

05/صفر المظفر/8144ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن

مفتیان

محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب