| 91582 | وقف کے مسائل | مسجد کے احکام و مسائل |
سوال
مفتی صاحب ! پرانا کھتیانی رعیت شمشیر علی خان ولد غلام حسین خان کا آدھا حصہ، اور گوہر خان و سخاوت خان کا آدھا حصہ تھا۔ ان دونوں نے تقریباً 1949ء میں یہ زمین عیدگاہ کے لیے زبانی طور پر وقف کر دی اور اس کا استعمال آشاپور کے عام لوگوں کے سپرد کر دیا۔
تب سے آج تک اس زمین پر مسلسل عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی جا رہی ہے۔ ضرورت کے مطابق اس کے زیادہ حصے میں عید کی نماز پڑھی جاتی رہی ہے، جبکہ کچھ حصہ صحن کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔
پرانا کھاتا 101 تھا، جو نئے سروے میں 942 ہو گیا۔ پرانا خسرا 1369 تھا، جو نئے سروے میں 2321 ہو گیا۔پرانا رقبہ ایک ایکڑ 27 ڈسمل تھا، جس میں سے نئے سروے میں 49 ڈسمل (11 کٹھا) زمین عیدگاہ کے نام سے درج کی گئی۔
نئے سروے میں اس زمین کی ملکیت عیدگاہ گرام ٹولہ آشاپور، دربھنگہ کے نام سے درج کی گئی۔پرانے کھتیانی مالکوں کے بیٹے بدلو خان، امام علی خان، سخاوت علی خان وغیرہ ہیں۔ یہ حضرات اور آشاپور کے عام لوگ شروع سے اس عیدگاہ میں نماز ادا کرتے آئے ہیں، اور ان کے بعد بھی نسل در نسل آج تک لوگ اسی جگہ عیدین کی نماز پڑھتے آرہے ہیں۔
سن 1971-1972ء میں نئے سروے کے وقت عیدگاہ کی موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے عیدگاہ اور اس کے باہر کے صحن کو ملا کر پورے 11 کٹھا رقبے کو عیدگاہ کے نام سے درج کر دیا گیا، جس کا نیا کھاتا 942 اور نیا خسرا 2321 ہے۔
اب پرانے کھتیانی مالکوں کی چوتھی نسل اس عیدگاہ کی زمین پر زبردستی ملکیت کا دعویٰ کر رہی ہے۔ وہ 11 کٹھا میں سے صرف 3 کٹھا 10 دھور زمین عیدگاہ کے لیے چھوڑنا چاہتے ہیں اور باقی زمین اپنے قبضے میں لے کر ذاتی استعمال میں لانا چاہتے ہیں۔
اس صورت میں وقف کردہ زمین میں عیدین کی نماز پڑھنے کا کیا حکم ہے؟ کیا وہاں ادا کی جانے والی نمازیں درست ہیں یا نہیں؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
جب مذکوره زمین شرعی طور پر عیدگاہ کے لیے وقف ہو چکی ہے اور اس میں 1949ء سے مسلسل عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی نمازیں ادا کی جا رہی ہیں، تو اس وقف شدہ جگہ میں ادا کی جانے والی تمام نمازیں شرعاً صحیح اور درست ہیں۔
بعد میں اگر واقف کے ورثاء اس زمین پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کریں یا اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کریں تو اس سے پہلے ادا کی گئی نمازوں پر کوئی اثر نہیں پڑتا ؛کیونکہ نمازیں شرعی طور پر صحیح وقف شدہ عیدگاہ میں ادا کی گئی ہیں۔
حوالہ جات
(فی البحر الرائق: 5/248)
ومن بنیٰ مسجداً لم یزل ملکه عنه حتّیٰ یفرزه عن ملکه بطریقه ویأذن بالصلوٰة فیه وإذا صلی فیه واحد زال ملکه (إلی قوله) وأطلق فی المسجد فشمل المتخذ لصلٰوة الجنازة أو العید، وفی الخانیة: مسجد اتخذ لصلوٰة الجنازة أو لصلوٰة العید هل یکون له حکم المسجد إختلف المشائخ فیه قال بعضهم یکون مسجداً حتی لو مات لایُورث عنه وقال بعضہم ما اتخذ لصلوٰة الجنازة فهو مسجد لا یورث عنه وما اتخذ لصلوٰة العید لا یکون مسجداً مطلقاً وإنما یعطیٰ له حکم المسجد فی صحة الاقتداء بالامام وإن کان منفصلاً عن الصفوف وأمّا فیما سِویٰ ذلك فلیس له حکم المسجد وقال بعضهم یکون له حکم المسجد حال اداء الصلوٰة لا غیر وهو الجبانة سواءٌ و یجنب هذا المکان کما یجنب المسجد احتیاطاً اھ فأفاد بالإقتصار علیٰ الشروط الثلٰثة أنه لا یحتاج فی جعله مسجداً (إلی قوله) وقفته ونحوه لأن العرف جارٍ بالاذن فی الصلوٰة علیٰ وجه العموم والتخلیة بکونه وقفاً علیٰ هذه الجهة اھ .
فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
05/صفر المظفر/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب |


