| 92128 | معاشرت کے آداب و حقوق کا بیان | متفرّق مسائل |
سوال
کیا فرماتے ہیں مفتان کرام صاحبان کہ ہمارا ایک انجمن ہے جس کو ہم نے فلاحی و رضا کارانہ خدمت کیلئے بنایا ہے،جس میں ہمارے گاؤں کے جو مسافر حضرات کراچی میں موجود ہیں وہ سالانہ ایک معین مقدار میں چندہ جمع کرتے ہیں۔جس کو انجمن کے سربراہان کے پاس جمع کیا جاتا ہے۔
خدانخواستہ اگر کسی کو حادثہ پیش آ جائے، چاہے اس کا تعلق انجمن سے ہو، یا انجمن سے تعلق نہ ہو، لیکن متعلقہ گاؤں (پھلواڑے بونیر ) سے ہو،تواس کے ساتھ تعاون کیا جاتا ہے، یعنی انجمن سے خارج بھی فلاحی طور پر مدد کی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر تحصیل، تھانہ، بڑی بیماری ، مسافری کی حالت میں فوتگی اور اس کے ساتھ قدرتی حادثات میں بھی تعاون کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ میت کو گاؤں منتقل کیا جاتا ہے اور صاحب استطاعت بندہ پیسے واپس بھی کرتا ہے ، جبکہ غیر استطاعت والے سے واپسی نہیں ہوتی ہے ۔
کراچی میں موجود بزرگ حضرات ، بے روز گار ، مدارس کےطلبہ، بچوں اور خواتین سے رقم وصول نہیں کی جاتی ہے ۔ صاحب استطاعت حضرات معین مقدار سے زیادہ رقم بھی جمع کرتے ہیں۔ تو کیا اس طرح انجمن جائز ہے یا نہیں؟اور اگر نا جائز ہے تو کیا اس کی کوئی جائز صورت ہو سکتی ہے؟اگر ہوسکتی ہو تو رہنمائی فرمائیں؛ کیونکہ انجمن کے ختم ہونے پر انجن کے افراد کو پریشانی کا سامنا ہے اور وہ اس انجمن کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
نوٹ: تنقیح پر سائل سے یہ معلوم ہوا کہ اس انجمن میں کسی سے زبردستی چندہ جمع نہیں کیا جاتااور ضرورت کے وقت متعلقہ علاقے کے ہر اس شخص کی مدد کی جاتی ہے جو بونیر (پھلواڑے)سے تعلق رکھتاہو،خواہ وہ چندہ جمع کرے یا نہیں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
مذکورہ انجمن کی صورت، جس میں ارکان باہمی تعاون کی بنیاد پر رضاکارانہ رقم جمع کرتے ہیں اور حادثہ، بیماری یا فوتگی کے وقت ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں، شرعی اصطلاح میں امدادِ باہمی (Mutual Aid) یا تکافل (Takaful) کہلاتی ہے۔ شریعت میں یہ عمل جائز اور باعثِ ثواب ہے۔کسی بھی فلاحی انجمن یا تنظیم کے جواز کے لیے درج ذیل شرائط ضروری ہیں:
1۔ کسی شخص پر چندہ دینے کے لیے جبر یا سماجی دباؤ نہ ہو۔
2۔ چندہ زکوٰۃ یا دیگر واجب صدقات کی رقم سے نہ دیا جائے۔
3۔ فنڈ میں سود، جوا یا کوئی ناجائز معاملہ شامل نہ ہو۔
4۔ فنڈ کی رقم طے شدہ جائز مقاصد، مثلاً حادثہ، بیماری اور فوتگی کے وقت ضرورت مندوں کی مدد میں خرچ کی جائے۔
5۔ چندہ اور اخراجات کا حساب واضح اور شفاف رکھا جائے۔
لہٰذا بونیر (پھلواڑے) کے کراچی میں مقیم افراد کی مذکورہ انجمن، اگر انہی مذکورہ اصولوں کے مطابق کام کرتی ہے، تو اس کا موجودہ باہمی امداد کا نظام شرعاً جائز اور باعثِ ثواب ہے، اسے ختم کرنے کی ضرورت نہیں۔
حوالہ جات
(المحيط البرهاني في الفقه النعماني: 5/405):
وحكي عن الفقيه أبي جعفر الهندواني أنه قال في ميت في مسجده جمع أهل المحلة دراهم ليشتروا له بها كفنا فاشتروا له الكفن، وكفنوا به... قاموا بتكفينه لحق الصحبة أو القرابة.
(الفتاوى العالمكيرية (الفتاوى الهندية): 5/342):
المسافرون إذا خلطوا أزوادهم أو أخرج كل واحد منهم درهما على عدد الرفقة واشتروا به طعاما وأكلوا، فإنه يجوز، وإن تفاوتوا في الأكل.
(الاختيار لتعليل المختار: 4/176):
(ومستحب، وهو الزيادة على ذلك ليواسي به فقيرا، أو يجازي به قريبا) فإنه أفضل من التخلي لنفل العبادة، لأن منفعة النفل تخصه ومنفعة الكسب له ولغيره، وقال عليه الصلاة والسلام: "خير الناس من ينفع الناس".
(الفتاوى التاتارخانية: 18/250):
فرآى في منامه النبي صلى الله عليه وسلم، وهو يضحك في وجهه، فقال له: فرجت عن رجل من أمتي الكربة، فشكر الله لك.
فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
21/ربیع الثانی /8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


