| 83051 | خرید و فروخت کے احکام | خرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل |
سوال
اگر امریکہ میں مصنوعات فروخت کریں تو بہت سے امریکی کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کرتے ہیں، مجھے ایک مفتی صاحب نے بتایا کہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے پروڈکٹ خریدنے والے صارف سے پیسے لینا جائز نہیں؛ کیونکہ ہو سکتا ہے اس کے پاس پروڈکٹ خریدنے کے لیے اتنے پیسے نہ ہوں اور جب وہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کررہا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ بینک اس صارف کی جانب سے پروڈکٹ خریدتا ہے اور یہ ہم جانتے ہیں کہ بینک اس قسم کے لین دین میں صارفین سے سود لیتا ہے۔ اگر مسئلہ یہی ہے تو میں گاہک سے پیسے کیسے لوں گا؟ اس صورت میں میرا کاروبار جائز ہوگا؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
صورتِ مسئولہ میں بہتر تو یہ ہے کہ آپ اپنے گاہک سے نقد یا ڈیبیٹ کارڈ کے ذریعے قیمت وصول کیا کریں، لیکن اگر یہ دونوں صورتیں ممکن نہ ہوں یا کوئی اور معقول وجہ پائی جائے تو کریڈیٹ کارڈ کے ذریعے مصنوعات کی قیمت وصول کرنا بھی فی نفسہ جائز ہے۔ کریڈیٹ کارڈ کے اجراء کے وقت کارڈ ہولڈر اور کارڈ جاری کرنے والے ادارے کے درمیان ہونے والے سودی معاہدے اور کسی وقت عملاً ایک دوسرے سے سود لینے دینے کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے، آپ پر اس کی کوئی ذمہ داری نہیں ہوگی۔ لہٰذا اگر آپ کے کاروبار میں اور کوئی خرابی نہیں تو صرف کریڈیٹ کارڈ کے ذریعے قیمت وصول کرنے کی وجہ سے آپ کے کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
حوالہ جات
۔
عبداللہ ولی غفر اللہ لہٗ
دار الافتاء جامعۃ الرشید کراچی
22/رجب المرجب/1445ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | عبداللہ ولی | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


