| 92659 | ذکر،دعاء اور تعویذات کے مسائل | رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود وسلام بھیجنے کے مسائل ) درود سلام کے ( |
سوال
فالج، گردن کی اکڑن یا چکر آ کر گرنے سے حفاظت کے لیے بعض حضرات یہ مشورہ دیتے ہیں کہ صبح اٹھ کر تین مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھ لی جائے۔ کیا اس عمل کی کوئی شرعی یا حدیثی اصل موجود ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
صبح اٹھ کر تین مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھنے کو خصوصاً فالج، گردن کی اکڑن یا چکر آ کر گرنے سے حفاظت کا مخصوص وظیفہ قرار دینے کی کوئی صحیح اور معتبر حدیث یا صریح شرعی دلیل موجود نہیں۔ لہٰذا اس مخصوص تعداد، وقت اور اس خاص مقصد کے ساتھ اسے سنت یا مسنون وظیفہ کہنا درست نہیں۔
البتہ سورۂ اخلاص کی فضیلت صحیح احادیث سے ثابت ہے، اور نبی کریم ﷺ سے صبح و شام نیز سونے سے پہلے سورۂ اخلاص، سورۂ فلق اور سورۂ ناس پڑھنے اور ان کے ذریعے دم کرنے کا ثبوت ملتا ہے۔ اسی طرح قرآنِ کریم سے شفا طلب کرنا بھی شرعاً جائز اور باعثِ برکت ہے، کیونکہ قرآنِ مجید خود شفا اور رحمت ہے۔
لہٰذا اگر کوئی شخص سورۂ اخلاص کی تلاوت کرکے اللہ تعالیٰ سے شفا، عافیت اور حفاظت کی دعا کرے تو یہ جائز اور باعثِ اجر عمل ہے، لیکن اسے فالج یا کسی مخصوص بیماری سے حفاظت کا ثابت شدہ مسنون وظیفہ قرار دینا درست نہیں، کیونکہ اس پر کوئی معتبر شرعی دلیل موجود نہیں۔
حوالہ جات
الموسوعة الفقهية الكويتية:33\61
صرح الفقهاء بجواز الاستشفاء بقراءة القرآن على المريض... ويستحب ان يقرأ عنده: {قل هو الله احد}... مع النفث في اليدين، فقد ثبت ذلك من فعل رسول الله صلى الله عليه وسلم.
الفتاوى العالمكيرية:5\355
واختلف في الاسترقاء بالقرآن نحو أن يقرأ على المريض والملدوغ... فأباحه عطاء ومجاهد وأبو قلابة وكرهه النخعي والبصري.
عابداللہ بن لاجبرخان
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
06/ربیع الثانی /8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | عابد اللّہ بن لاجبر خان | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


