| 90226 | طلاق کے احکام | الفاظ کنایہ سے طلاق کا بیان |
سوال
کیافرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ
میرے شوہر کی دو بیویاں ہیں، لیکن وہ دوسری بیوی کو یعنی مجھے کہیں لے کر آتے جاتے نہیں ہیں۔ نہ اپنے رشتہ داروں سے ملواتے ہیں، نہ شادی وغیرہ پر اور نہ ہی اپنے کام کی کسی جگہ پر لے کر جاتے ہیں، وہ صرف میرے میکے لے کر جاتے ہیں۔ اسی بات پر میری شوہر سے لڑائی ہوتی رہتی ہے۔
اب بھی جب میں نے ان کو یہ بات کہی کہ "جب پہلی بیوی کو سب جگہ لے کر جاتے ہیں تو مجھے کیوں رکھا ہوا ہے؟" تو وہ کہتے ہیں کہ "تم اس قابل نہیں ہو"۔ میں نے بولا کہ "آپ لے کر جائیں گے تو قابل بنوں گی، آپ کہیں تو لے کر جائیں"۔ ہماری شادی کو ساڑھے چار سال ہو چکے ہیں، اس دوران وہ کہیں بھی مجھے بحیثیتِ بیوی کے نہیں لے کر گئے۔ میں یہی بات ان کو بولتی ہوں کہ "جب بیوی کی حیثیت نہیں دینی تو ختم کر دیتے ہیں نا اس رشتے کو"، جس پر شوہر نے کہا کہ "ٹھیک ہے، ختم کرو، جاؤ اپنے بھائیوں کے گھر چلی جاؤ"۔
اس سے پہلے بھی دو طلاقیں ہو چکی ہیں۔جس کی تفصیل یہ ہے کہ ایک بار انہوں نے لڑائی کے بعد کہا کہ "میں نے تمہیں فارغ کیا"، پھر دوسری مرتبہ کسی بات پر یہ کہا کہ "تم فارغ ہو"۔ انہوں نے کہا کہ "میری طلاق کی نیت نہیں تھی" لیکن فتویٰ لیا تو معلوم ہوا کہ ان الفاظ سے بغیر نیت بھی طلاق ہو جاتی ہے۔ اب تیسری بار انہوں نے میری بات کے جواب میں کہا ہے کہ "ختم کرو، جاؤ"۔ تو کیا ان الفاظ سے طلاق ہو جاتی ہے جبکہ وہ بولیں کہ "میں طلاق نہیں دینا چاہتا، میری نیت نہیں ہے"؟برائے مہربانی اس کا جواب عنایت کر دیں۔ جزاکم اللہ خیراً۔
سائلہ نے فون پر سابقہ دو طلاقوں کے حوالے سے یہ وضاحت کی ہے کہ "تمہیں فارغ کیا" کے الفاظ سے ہونے والی پہلی طلاقِ بائن کے بعد تجدیدِ نکاح کیا گیا تھا۔ پھر دوسری طلاقِ بائن "تم فارغ ہو" کے الفاظ سے دی گئی تھی۔ اس دوسری طلاق کے بارے میں شوہر کا کہنا تھا کہ اس کی طلاق کی نیت نہیں تھی، لیکن جب شرعی مسئلہ معلوم کیا گیا تو علم ہوا کہ ان الفاظ سے بغیر نیت کے بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے۔ چنانچہ مسئلہ معلوم ہونے پر اس دوسری طلاق کے بعد بھی تجدیدِ نکاح کیا گیا تھا۔ اور اب شوہر نے مذکورہ بالا الفاظ کہے ہیں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
شوہر کے قول "ٹھیک ہے ختم کرو، جاؤ اپنے بھائیوں کے گھر، چلی جاؤ" کا شرعی حکم یہ ہے کہ اگر ان الفاظ کی ادائیگی کے وقت شوہر نے واقعتاً طلاق کی نیت نہیں کی تھی (جیسا کہ اس کا دعویٰ ہے)، تو ان سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی۔اس لیے کہ الفاظ "ٹھیک ہے، ختم کرو" زیادہ سے زیادہ تفویضِ طلاق (طلاق کا اختیار بیوی کو دینے) کے زمرے میں آتے ہیں، جس کا حق بیوی نے اسی مجلس میں استعمال نہیں کیا۔ جبکہ "جاؤ" اور "چلی جاؤ" الفاظِ کنایہ ہیں، جن سے نیت کے بغیر طلاق واقع نہیں ہوتی اور موجودہ صورت میں شوہر نیتِ طلاق کا منکر ہے۔
تاہم، اگر شوہر نے ان آخری الفاظ سے طلاق کی نیت کی تھی اور اب (محض جان بوجھ کر) نیت کا انکار کر رہا ہے، تو دیانتاً اس کے انکار کا شرعاً کوئی اعتبار نہیں اور اس سے ایک طلاقِ بائن واقع ہو چکی ہے۔ یہ طلاقِ بائن سابقہ دو طلاقوں کے ساتھ مل کر بحیثیتِ مجموعی تین طلاقیں بن جائے گی اور حرمتِ مغلظہ ثابت ہو جائے گی۔ اس صورت میں میاں بیوی کے درمیان نہ تو رجوع ہو سکتا ہے اور نہ ہی حلالہِ شرعیہ کے بغیر نیا نکاح ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ شریعتِ مطہرہ میں ایک سے زائد نکاح کی اجازت اس سخت شرط کے ساتھ مشروط ہے کہ تمام بیویوں کے درمیان نفقہ، رہائش، وقت کی تقسیم (باری) اور عمومی حسنِ سلوک میں مکمل برابری اور عدل و انصاف قائم کیا جائے۔ قرآنِ کریم (سورۃ النساء: 3) کا واضح حکم ہے کہ اگر تمہیں یہ اندیشہ ہو کہ تم بیویوں کے درمیان انصاف نہ کر سکو گے تو ایک ہی بیوی پر اکتفا کرو۔ احادیثِ مبارکہ میں اس شخص کے لیے سخت وعید آئی ہے جو دو بیویاں رکھے اور کسی ایک کی طرف زیادہ مائل ہو کر دوسری کی حق تلفی کرے؛ فرمایا گیا کہ ایسا شخص قیامت کے دن اس حال میں اٹھے گا کہ اس کا آدھا دھڑ گرا ہوا (یا جھکا ہوا) ہوگا۔
لہٰذا صورتِ مسئولہ میں شوہر کا پہلی بیوی کو مقامی تقریبات اور رشتے داروں میں ساتھ لے جانا اور دوسری بیوی کو اس کے جائز سماجی حقوق سے محروم رکھنا، اور یہ طعنہ دینا کہ "تم اس قابل نہیں ہو"، شرعاً گناہ، سراسر ناانصافی اور ظلم ہے۔ شوہر پر لازم ہے کہ وہ اپنے اس ظالمانہ رویے پر اللہ تعالیٰ کے حضور سچی توبہ و استغفار کرے اور دونوں بیویوں کے حقوق میں مکمل برابری اور مساوات قائم کرے۔
البتہ شرعی نقطہ نظر سے یہ صراحت ضروری ہے کہ شرعی سفر کے دوران بیوی کو ساتھ لے جانا یا سفر میں باری مقرر کرنا شوہر پر شرعاً لازم نہیں ہے (اگرچہ سفر میں ساتھ لے جانے کے لیے قرعہ اندازی کرنا مستحب ہے)۔ تاہم مقامی طور پر تقریبات، رشتے داروں سے ملاقات اور عام میل جول میں برابری اور حسنِ سلوک عدل کا تقاضہ ہے ۔
حوالہ جات
الفتاوى الهندية (1/ 375):
ولو قال لها: لا نكاح بيني وبينك، أو قال: لم يبق بيني وبينك نكاح يقع الطلاق إذا نوى.
’’لو قال لها: لانکاح بیني وبینک أوقال: لم یبق بیني وبینک نکاح یقع الطلاق إذانوی‘‘. (قاضي خان علی هامش الهندیة(
يُعد لفظ "فارغ" من قسم ألفاظ الكناية التي لا تصلح إلا للطلاق، وعند وجود القرينة (دلالة الحال) يقع بمثل هذه الألفاظ طلاق بائن وإن لم توجد النية. في حين أن ألفاظاً مثل "اذهبي" و"اخرجي" هي من قبيل الكنايات التي لا يقع بها الطلاق بدون النية في أي حال من الأحوال. (أحسن الفتاوى بعد التعریب: 188/5)
الدرالمختار: (315/3، ط: دارالفکر)
باب تفويض الطلاق لما ذكر ما يوقعه بنفسه بنوعيه ذكر ما يوقعه غيره بإذنه. وأنواعه ثلاثة: تفويض، وتوكيل، ورسالة وألفاظ التفويض ثلاثة: تخيير وأمر بيد، ومشيئة.
(قال لها اختاري أو أمرك بيدك ينوي) تفويض (الطلاق) لأنها كناية فلا يعملان بلا نية (أو طلقي نفسك فلها أن تطلق في مجلس علمها به) مشافهة أو إخبارا (وإن طال) يوما أو أكثر ما لم يوقته ويمضي الوقت قبل علمها (ما لم تقم) لتبدل مجلسها حقيقة (أو) حكما بأن (تعمل ما يقطعه) مما يدل على الإعراض لأنه تمليك فيتوقف على قبول في المجلس لا توكيل، فلم يصح رجوعه، حتى لو خيرها ثم حلف أن لا يطلقها فطلقت لم يحنث في الأصح (لا) تطلق (بعده) أي المجلس (إلا إذا زاد) في قوله طلقي نفسك وأخواته (متى شئت أو متى ما شئت أو إذا شئت أو إذا ما شئت) فلا يتقيد بالمجلس (ولم يصح رجوعه).
الدر المختار:
"(الصريح يلحق الصريح و) يلحق (البائن) بشرط العدة (والبائن يلحق الصريح) الصريح ما لا يحتاج إلى نية بائنا كان الواقع به أو رجعيا فتح... (لا) يلحق البائن (البائن)".
مشكاة المصابيح (2/ 965):
"وعن أبي هريرة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «إذا كانت عند الرجل امرأتان فلم يعدل بينهما جاء يوم القيامة وشقه ساقط» . رواه الترمذي وأبو داود والنسائي وابن ماجه والدارمي".
مرقاۃ المفاتیح: (384/6، ط: رشیدیة)
"قال رسول الله صلي الله عليه وسلم: من كانت له إمرأتان فمال إلى أحدهما جاء يوم القيامة و شقه مائل أي مفلوج".
الدر المختار: (207/3، ط: دار الفکر)
(ويقيم عند كل واحدة منهن يوما وليلة) لكن إنما تلزمه التسوية في الليل، حتى لو جاء للأولى بعد الغروب وللثانية بعد العشاء فقد ترك القسم۔
حاشية ابن عابدين (رد المحتار) (3/ 201):
في الخانية: ومما يجب على الأزواج للنساء: العدل والتسوية بينهن فيما يملكه، والبيتوتة عندهما للصحبة، والمؤانسة لا فيما لا يملكه وهو الحب والجماع".
الفتاوى الهندية:
«وله أن يسافر ببعض نسائه دون البعض والأولى أن يقرع بينهن تطييبا لقلوبهن وإذا قدم من السفر ليس للأخرى أن تطلب من الزوج أن يسكن عندها مثل ما كان عند التي سافر بها»(کتاب النکاح باب القسم ج نمبر ۱ ص نمبر ۳۴۱،دار الفکر)
سیدحکیم شاہ عفی عنہ
دارالافتاء جامعۃ الرشید
12/11/1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | سید حکیم شاہ | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


