| 91829 | اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائل | کرایہ داری کے متفرق احکام |
سوال
آج سے تقریباً تیرہ سال پہلے میری یونیورسٹی کے ایک لڑکے محسن کے ساتھ سطحی سی دوستی تھی۔ طویل وقفے کے بعد جب 2023ء سے 2026ء کے دوران میں نے دین سے جڑنے کی نیت سے ان سے رابطے کی خواہش کی تو جنوری 2026ء میں ہماری ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے مشکل حالات بتائے کہ ان کی طلاق کا معاملہ چل رہا ہے، پچھلے سال فوجی اداروں نے انہیں حراست میں لے کر چھ ماہ تشدد کا نشانہ بنایا، ان کے بینک اکاؤنٹس میں موجود تقریباً ساٹھ کروڑ روپے ضبط ہو چکے ہیں اور وہ مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان مظلومانہ حالات کو سچ مان کر میرے دل میں رحم آیا اور میں نے اللہ کی رضا کے لیے ان کی مالی مدد کرنے کی نیت سے انہیں اپنے ساتھ جوڑ لیا۔
میں نےانہیں اپنی کمپنی (Hire Morph) میں 20 فیصد شراکت (شیئر)دینے کی تجویز دی ،جسے انہوں نے قبول کر لیا تھا۔میں نے محسن کے لیے ابتدائی پیشکش (2,000 ڈالر) کو بڑھا کر ان کے مطالبے پر ماہانہ 3,800 امریکی ڈالر کر دیا۔ قرآن مجید پر ہاتھ رکھ کر یہ حلفیہ معاہدہ ہوا کہ میں انہیں تین سال تک ہر ماہ 3,800 ڈالر دوں گا۔ یہ ذمہ داری کام کی نوعیت، پراجیکٹ کی تبدیلی یا کمپنی کی بندش سے قطع نظر برقرار رہے گی، دیوالیہ پن کے علاوہ میرے ذاتی اثاثوں (گھر، گاڑیوں، پلاٹس وغیرہ) پر قابل نفاذ ہوگی، اور میری وفات کی صورت میں حنظلہ اس کا ذمہ دار ہوگا۔
گلبرگ دفتر کا معاملہ: محسن کے مقدمات چل رہے تھے جس کی وجہ سے وہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی سے واہ کینٹ آنے سے کتراتے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ واہ کینٹ آنے جانے میں ان کا وقت ضائع ہوتا ہے۔ ان کی اس سہولت اور آسانی کے لیے میں نے گلبرگ میں نیا دفتر قائم کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور انہوں نے دفاتر دیکھ کر ویڈیوز بھی بھیجیں۔ لیکن جب کمپنی کا نقصان بڑھ گیا تو میں نے یہ فیصلہ مؤخر کر دیا جس پر وہ دل برداشتہ ہوئے۔
موبائل فون کا قرض: محسن کو کام کے لیے نیا آئی فون درکار تھا اور وہ سودی بینک سے قسطوں پر لینے کا سوچ رہے تھے۔ میں نے سود سے بچانے کے لیے انہیں خود رقم دینے کی پیشکش کی جس پر وہ اسٹامپ پیپر بنوا کر لے آئے کہ وہ اقساط میں مجھے پیسے واپس لوٹائیں گے۔
تیس لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کےمنافع (Maximum ROI(Return On Investment)): اپریل میں محسن نے مجھ پر زور ڈالا کہ میں ان کے تیس لاکھ روپے اپنے بہترین چلنے والی کاروبار میں لگاؤں اور انہیں زیادہ سے زیاد
منافع (Maximum ROI) دوں۔ میں نے نیتِ خیر سے یہ رقم لگا کر دو ماہ تک منافع بھی دیا۔
فروری 2026ء میں ہماری کمپنی "Hire Morph" شروع ہوئی، جس میں تمام اخراجات اور مالی خطرات میرے ذمے تھے۔ پانچ ماہ میں کمپنی نے کوئی آمدن حاصل نہیں کی اور میرا نقصان پچانوے لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔ اس دوران مذکورہ بالا امور (موبائل فون، گلبرگ دفتر کا کینسل ہونا، اور کام(نئی بھرتیوں) کی سستی پر جواب دہی مانگنے) پر محسن کا رویہ دفاعی رہا اور وہ چھوٹے معاملات پر ناراض ہو گئے۔ اس ناراضی کے بعد انہوں نے اپنے تیس لاکھ روپے بھی واپس لے لیے۔ان تمام حالات سے ذہنی دباؤ میں آ کر میں نے مفتی صاحب سے مشورہ اور استخارہ کر کے کمپنی بند کرنے کا فیصلہ کیا۔مفتی صاحب درج ذیل سوالات کے جوابات چاہیے۔
1۔ کیا ایسے معاہدے کی پابندی مجھ پر شرعاً لازم ہے جو باہمی امداد، تعاون اور فنانشل سیکیورٹی(Financial Security) کی نیت سے کیا گیا ہو، جبکہ اب میں نے بھاری نقصان (پچانوے لاکھ روپے) اٹھانے کے بعد کاروبار بند کر دیا ہو؟
نوٹ: تنقیح پر سائل سے یہ معلوم ہوا کہ محسن نے مذکورہ کمپنی میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔اور محسن کے لیے 3800امریکی ڈالر ان کی سروس (پروجیکٹ مینجر)کے عوض تنخواہ مقرر کی گئی تھی ۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
واضح رہے آپ کامحسن کے لیے ماہانہ 3,800 امریکی ڈالر بطور تنخواہ مقرر کرنا شرعاملازمت کا معاہدہ تھا۔ اس معاہدے میں یہ شرط لگانا کہ کمپنی بند ہونے، کاروبار ختم ہونے یا شدید مالی نقصان کی صورت میں بھی آپ اپنے ذاتی اثاثے فروخت کرکے تین سال تک تنخواہ ادا کریں گے۔ چونکہ یہ شرط ملازمت کے معاہدے کے تقاضوں کے خلاف تھی، اس لیے اس شرط فاسد کی وجہ سےیہ معاہدہ ناجائز ہو گیا۔
لہٰذا محسن صرف اس مدت کی تنخواہ کا مستحق ہوگا جس مدت میں اس نے حقیقتاً کاروبار کو وقت دیا، اور وہ بھی اتنی تنخواہ کا، جو اس نوعیت کے کام کے لیے اس جیسےآدمی کو عام طور پر مارکیٹ میں دی جاتی ہے، بشرطیکہ وہ طے شدہ 3,800 امریکی ڈالر سے زیادہ نہ ہو۔اگر محسن کو اس سے زیادہ رقم پہلے ہی ادا کی جا چکی ہو تو زائد رقم واپس لی جا سکتی ہے۔ لہذاکاروبار بند ہونے اور شدید مالی نقصان کے بعد اس معاہدے کی مذکورہ شرط پر عمل کرنا شرعاً لازم نہیں ہے۔
حوالہ جات
(تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق :5/ 121):
(باب الإجارة الفاسدة) قال - رحمه الله - (يفسد الإجارة الشروط) لأنها بمنزلة البيع. ألا ترى أنها تقال وتفسخ فتفسدها الشروط التي لا يقتضيها العقد كالبيع.
(البحر الرائق، ج 7، ص 311):
وَهِيَ كُلُّ عَقْدٍ كَانَ مَشْرُوعًا بِأَصْلِهِ دُونَ وَصْفِهِ ... (قَوْلُهُ يُفْسِدُ الْإِجَارَةَ الشَّرْوطُ) أَيْ الشُّرُوطُ الَّتِي
لَيْسَتْ مِنْ مُقْتَضَى الْعَقْدِ.
(درر الحكام شرح غرر الأحكام: 2/ 231):
فَيَجِبُ أَجْرُ الْمِثْلِ غَيْرَ زَائِدٍ عَلَى الْمُسَمَّى.
(درر الحكام في شرح مجلة الأحكام: 1/ 519):
فَلَوْ أَعْطَى الْمُسْتَأْجِرُ الْأَجِيرَ الْمُسَمَّى الَّذِي يَزِيدُ عَنْ أَجْرِ الْمِثْلِ بِدَاعِي أَنَّهُ يَلْزَمُهُ، فَلَهُ أَنْ يَسْتَرِدَّ مَا زَادَ عَنْ أَجْرِ الْمِثْلِ.
(درر الحكام في شرح مجلة الأحكام:1/ 447):
فِي إِجَارَةِ ِ الْفَاسِدَةِ ... يَسْتَحِقُّ الْأَجِيرُ عِنْدَ إِتْمَامِهِ الْعَمَلَ الْأُجْرَةَ الْمَعْرُوفَةَ بَيْنَ أَهْلِ ذَلِكَ الْعَمَلِ.
فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
26/صفر المظفر/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | مفتی محمد صاحب / سیّد عابد شاہ صاحب |


