03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
اختصار الحدیث اور تقطیع الحدیث کا شرعی حکم
92076ہبہ اور صدقہ کے مسائلہبہ واپس کرنے کابیان

سوال

اگر کسی مستند حدیث کے مکمل متن میں سے ایسا جملہ یا حصہ، جس کا مفہوم اپنی جگہ مکمل اور درست ہو، اور اسے باقی حدیث سے الگ کرنے کی وجہ سے معنی، سیاق یا شرعی مفہوم میں کوئی تبدیلی یا غلط فہمی پیدا نہ ہوتی ہو، تو کیا اسے باقی حدیث نقل کیے بغیر درس و تدریس، وعظ و تقریر، تحریر، سوشل میڈیا یا کسی بھی دوسرے موقع پر بیان یا شیئر کرنا شرعاً جائز ہے؟ اس صورت میں حدیث کا اصل اور درست حوالہ (کتاب، حدیث نمبر وغیرہ) لازماً درج کیا جائے اور یہ بھی واضح ہو کہ نقل کیا گیا متن مکمل حدیث نہیں بلکہ حدیث کا ایک حصہ ہے۔ کیا ان شرائط کے ساتھ حدیث کا صرف متعلقہ حصہ بیان یا تحریر کرنا جائز ہے، یا ہر صورت میں مکمل حدیث نقل کرنا ضروری ہے؟یہ بھی معمول میں دیکھا جاتا ہے کہ مختلف کتب، دروس، تقاریر اور تحریروں میں احادیث کا درست حوالہ درج کرتے ہوئے، مکمل حدیث کے بجائے اس کا متعلقہ اور مختصر حصہ بیان یا تحریر کیا جاتا ہے، جبکہ باقی متن نقل نہیں کیا جاتا۔مزید وضاحت کے لیے میں ذیل میں تین مثالیں بھی پیش کر رہا ہوں۔ ہر مثال میں پہلے مکمل حدیث درج ہے اور اس کے بعد اسی حدیث میں سے وہ منتخب حصہ درج ہے جسے الگ سے بیان یا شیئر کرنے کی صورت کے بارے میں شرعی حکم مطلوب ہے۔ ان مثالوں سے مقصود مسئلے کی وضاحت ہے۔ براہِ کرم رہنمائی فرما دیں۔ 1) مکمل حدیث:حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جس کے دل میں رائی کے ایک دانے جتنا بھی تکبر ہوگا، وہ جنت میں نہیں جائے گا۔ اور جس کے دل میں رائی کے ایک دانے جتنا بھی ایمان ہوگا، وہ جہنم میں نہیں جائے گا۔‘‘ (سنن ابن ماجہ: 4173) 1)منتخب حصہ:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جس کے دل میں رائی کے ایک دانے جتنا بھی تکبر ہوگا، وہ جنت میں نہیں جائے گا۔ ‘‘ (سنن ابن ماجہ: 4173) 2)مکمل حدیث:عبداللہ بن عمرو ؓ سے روایت ہے کہ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا: ’’میری طرف سے لوگوں کو پہنچا دو، اگرچہ ایک آیت ہی ہو۔ بنی اسرائیل سے روایت کرو، ان سے بیان کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ جس نے مجھ پر جان بوجھ کر جھوٹ باندھا، وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لے۔ ‘‘ (صحیح بخاری: 3461) 2)منتخب حصہ:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’میری طرف سے لوگوں کو پہنچا دو، اگرچہ ایک آیت ہی ہو۔ ‘‘ (صحیح بخاری: 3461) 3)مکمل حدیث:عبداللہ بن مسعود ؓ کہتے ہیں کہ میں نے نبی اکرم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ’’ اللہ اس شخص کو تروتازہ (اور خوش) رکھے جس نے مجھ سے کوئی بات سنی پھر اس نے اسے جیسا کچھ مجھ سے سنا تھا ہوبہو دوسروں تک پہنچا دیا کیونکہ بہت سے لوگ جنہیں بات (حدیث) پہنچائی جائے پہنچانے والے سے کہیں زیادہ بات کو توجہ سے سننے اور محفوظ رکھنے والے ہوتے ہیں۔‘‘ (ترمذی: 2657) 3)منتخب حصہ:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’ اللہ اس شخص کو تروتازہ (اور خوش) رکھے جس نے مجھ سے کوئی بات سنی پھر اس نے اسے جیسا کچھ مجھ سے سنا تھا ہوبہو دوسروں تک پہنچا دیا ‘‘ (ترمذی: 2657)

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

واضح  رہے کہ کسی حدیث کو اقتباساً یا مختصر کر کے نقل کرنا (اختصار الحديث) اور کتب و دروس میں محلِ استدلال کو الگ سے ذکر کرنا (تقطیع الحديث)کہلاتا ہے۔اختصار الحدیث اور تقظیع الحدیث کو نقل یا بیان کرنے کے لیے درج ذیل شرائط کا لحاظ رکھنا ضروری ہے۔

1. معنی اور مراد میں خلل نہ آتا ہو،یعنی حذف شدہ حصہ باقی ماندہ متن کا متمم یا شرط و استثناء نہ ہو۔

2. اہلیت و فہمِ حدیث، یعنی اختصار کرنے والا یا اقتباس نقل کرنے والا اتنی علمی معرفت رکھتا ہو کہ وہ سمجھ سکے کہ اس حصے کو جدا کرنے سے شرعی حکم یا معنوی مفہوم میں کوئی خرابی تو پیدا نہیں ہو رہی۔

لہذا اگر کسی مستند حدیث کے متن میں سے ایسا جملہ یا حصہ نقل کیا جائے جس کا معنی و مفہوم اپنے طور پر بالکل مکمل اور درست ہو، اور اس حصے کو باقی حدیث سے الگ کرنے کی وجہ سے معنی، سیاق یا شرعی حکم میں کوئی تبدیلی، خلط یا غلط فہمی پیدا نہ ہوتی ہو،مثلاً استثناء، شرط یا غایت وغیرہ کا حذف  لازم نہ آرہاہو،  تو اسے مکمل حدیث نقل کیے بغیر درس و تدریس، وعظ و تقریر، تحریر، سوشل میڈیا یا کسی بھی موقع پر بیان یا شیئر کرنا شرعاً بالاتفاق جائز اور درست ہے۔ اس صورت میں ہر بار مکمل حدیث اور اس کا حوالہ نقل کرنا  شرعاً لازمی اور ضروری نہیں ہے۔

خود ائمہٴ حدیث مثلاً امام مالک، امام البخاری اور امام مسلم رحمہما اللہ کا اپنا عمل یہی رہا ہے کہ وہ ایک ہی طویل حدیث کو مختلف ابواب میں تراجم و احکام کے مطابق تقطیع کر کے، یعنی صرف متعلقہ جزء، پیش فرماتے تھے، تاکہ مخاطب اور قارئین کے لیے استنباط اور فہمِ حدیث آسان ہو جائے۔

سائل کی ذکر کردہ تقطیع الاحادیث کی مثالوں  کاجائز ذیل میں پیش کیا جاتا ہے:

ذکرکردہ پہلی حدیث شریف کا منتخب حصہ "جس کے دل میں رائی کے دانے جتنا تکبر ہوگا، وہ جنت میں نہیں جائے گا" اپنے معنی میں مستقل اور تام ہے۔ باقی جملہ (ایمان کی فضیلت کا بیان) ایک الگ مستقل حقیقت بیان کرتا ہے۔ اس منتخب حصے کو الگ سے بیان کرنے سے نہ معنی میں کوئی تبدیلی آتی ہے اور نہ ہی غلط فہمی پیدا ہوتی ہے۔

جبکہ دوسری حدیث پاک کامنتخب حصہ "میری طرف سے لوگوں کو پہنچا دو، اگرچہ ایک آیت ہی ہو" دعوت و تبلیغ کی مستقل ترغیب ہے۔ اس کے بعد بنی اسرائیل سے روایت کا جواز اور جھوٹ کی وعید الگ الگ مضامین ہیں، لہٰذا اس حصے کو الگ نقل کرنا مکمل طور پر درست ہے۔

سائل کی ذکرکردہ تیسری حدیث شریف کا منتخب حصہ "اللہ اس شخص کو تروتازہ رکھے جس نے مجھ سے کوئی بات سنی اور ہوبہو دوسروں تک پہنچا دیا" ایک کامل دعا اور ترغیب کا مفہوم رکھتا ہے۔ اس کے بعد "رب حامل فقه..." حکمت اور علت کے طور پر مذکور ہے، جسے نہ ذکر کرنے سے اصل دعا کے مفہوم پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔

سائل کی پیش کردہ تینوں مثالوں میں، درست حوالہ درج کرتے ہوئے اور یہ واضح رکھتے ہوئے کہ یہ حدیث کا ایک متعلقہ جزء ہے، صرف منتخب حصہ بیان یا تحریر کرنا شرعاً جائز اور ائمہ احادیث کے معمول کے مطابق ہے۔

حوالہ جات

(فتح الملهم بشرح صحيح مسلم: 1/218):

القول الثاني : الجواز مطلقاً، وينبغي تقييد الإطلاق بما إذا لم يكن المحذوف متعلقاً بالمأتي به تعلقاً يخل حذفه بالمعنى، كالاستثناء والشرط، فإن كان كذلك لم يجز بلا خلاف، وهو ظاهر .

(فتح الملهم بشرح صحيح مسلم: 1/310):

"والصحيح الذي ذهب إليه الجماهير والمحققون من أصحاب الحديث والفقه والأصول : التفصيل، وجواز ذلك من العارف إذا ما تركه غير متعلق بما رواه، بحيث لا يختل البيان ولا يختلف الدلالة بتركه، سواء جوزنا الرواية بالمعنى أم لا ، وسواء رواه قبل تاماً أم لا..."

(شرح النووي على مسلم: 1/49):

والصحيح الذي ذهب إليه الجماهير والمحققون من أصحاب الحديث والفقه والاصول التفصيل وجواز ذلك من العارف اذا كان ما تركه غير متعلق بما رواه بحيث لا يختل البيان ولا تختلف الدلالة بتركه سواء جوزنا الرواية بالمعنى أم لا وسواء رواه قبل تاما أم لا...

(فتح الملهم بشرح صحيح مسلم: 1/218):

"وممن ذهب إلى جواز اختصار الحديث مسلم الله ، وقد أشار إلى ذلك في مقدمة صحيحه ـ كما سيأتي - وقد تعرض ابن الصلاح في مبحث اختصار الحديث لحكم تقطيعه ، فقال : وأما تقطيع المصنف متن الحديث الواحد، وتفريقه في الأبواب : فهو إلى الجواز أقرب، ومن المنع أبعد ؛ وقد فعله مالك والبخاري الله وغير واحد من أئمة الحديث..."

(فتح الملهم بشرح صحيح مسلم: 1/218):

"وقد يجاب عن ذلك بأنهما ربما كانا يفرقان بين الرواية وغيرها، فيمنعان ذلك في حال الرواية، ويجيزانه في حال الاستشهاد، لا سيّما إن كان المعنى المستنبط من القطعة التي يراد الاستشهاد بها مما يدق على الأفكار، فإن إيرادها وحدها أقرب إلى الفهم، وأبعد من الوهم."

(التقريب للنووي مع شرحه الكواكب الدراري: 1/26):

"والصحيح التفصيل وجوازه من العارف اذا كان ما تركه غير متعلق بما رواه بحيث لا يحتل البيان ولا تختلف الدلالة بتركه ، وسواء جو زناها بالمعنى أم لا ، رواه قبل تاما أم لا..."

(معالم السنن (شرح سنن أبي داود): 4/187):

"وفي قوله رب حامل فقه إلى من هو أفقه منه دليل على كراهية اختصار الحديث لمن ليس بالمتناهي في الفقه لأنه إذا فعل ذلك فقد قطع طريق الاستنباط والاستدلال لمعاني الكلام من طريق التفهم وفي ضمنه وجوب التفقه والحث على استنباط معاني الحديث واستخراج المكنون من سره."

 فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن

دارالافتاء  جامعہ الرشید کراچی

08/ربیع الثانی/8144ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب