| 91349 | میراث کے مسائل | میراث کے متفرق مسائل |
سوال
ہمارے ہاں یہ بھی عام تاثر پایا جاتا ہے کہ میت کے ذاتی استعمال کی اشیاء (مثلاً کپڑے، گھڑی، موبائل، بستر وغیرہ) کو صدقہ کرنا ضروری ہوتا ہے، اس لیے ان میں وراثت نہیں ہوتی۔ کیا یہ تصور درست ہے؟ اگر درست نہیں تو ان اشیاء کا شرعی حکم کیا ہے؟بالخصوص اگر کسی شخص کا انتقال ہو اور اس کے ورثاء میں صرف بیوی اور 4 نابالغ بچے ہوں، تو میت کے استعمال کی اشیاء اور دیگر گھریلو سامان کی وراثت کس طرح تقسیم ہوگی؟جزاکم اللہ خیراً کثیراً۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
معاشرےمیں رائج یہ تصور کہ میت کے ذاتی استعمال کی اشیاء( کپڑے، گھڑی، موبائل، بستر وغیرہ ) لازماً صدقہ کرنا چاہیے، اس لیے ان میں وراثت جاری نہیں ہوتی۔ شرعاً یہ تصور بالکل غلط ہے۔ میت کی تمام ذاتی استعمال کی اشیاء، خواہ معمولی قیمت کی ہوں یا قیمتی، اس کے ترکہ میں شامل ہوتی ہیں اور ان میں تمام ورثاء کا حق ان کے شرعی حصوں کے بقدرثابت ہو جاتا ہے۔ لہٰذا تمام ورثاء کی رضامندی کے بغیر انہیں صدقہ کرنا یا کسی ایک وارث کا اپنے استعمال میں لے لینا جائز نہیں۔بالخصوص جب ورثاء میں نابالغ بچے بھی ہوں؛ کیونکہ نابالغ اپنے مالی حق سے دستبردار ہونے کا اختیار نہیں رکھتے۔ اس لیے ان کا حصہ محفوظ رکھنا ضروری ہے، اور اگر کوئی بالغ ان کے حصے میں تصرف کرے تو وہ شرعاً اس کا ضامن(تاوان دینا) ہوگا۔
صورتِ مسئولہ میں مرحوم کے ترکہ کی تقسیم شریعت کے مطابق اس ترتیب سے ہوگی کہ سب سے پہلے ان کے مال سے سنت کے مطابق تجہیز و تکفین کے اخراجات منہا کیے جائیں گے،بشرطیکہ وہ کسی نے بطور احسان ادا نہ کیے ہوں۔ اس کے بعد اگر ان کے ذمہ کوئی واجب الادا قرض ہو تو اسے ادا کیا جائے گا۔ پھراگر انہوں نے کوئی جائز وصیت کی ہو، تووہ بقیہ مال کے صرف ایک تہائی (1/3) حصے تک نافذ کی جائے گا۔ درج بالا تین امور کی ادائیگی کے بعد جو مال باقی بچے گا، وہ ورثاء میں درج ذیل ترتیب سےتقسیم کیا جائے گا۔
درج بالا امور کی ادائیگی کے بعد ورثاء (صرف ایک بیوہ اور چار نابالغ بچوں )میں کل ترکہ کو 32برابر حصوں میں تقسیم کرنے کےبعد اس میں سےبیوہ کو 4 حصےملیں گے، جبکہ باقی 7 حصے بچوں میں تقسیم ہوں گے۔ اگر تمام بچے ایک ہی جنس کے ہوں (سب لڑکے یا سب لڑکیاں) تو ہر بچے کو 7/32 حصہ ملے گا، اور اگر بیٹے اور بیٹیاں دونوں ہوں تو ہر بیٹے کو ہر بیٹی سے دوگنا حصہ دیا جائے گا۔
لہذامیت کی ذاتی اشیاء کو صدقہ کرنا شرعاً لازم نہیں، بلکہ وہ وراثت کاحصہ ہیں۔ خصوصاجب ورثاء میں نابالغ بچے بھی ہوں ،تو ان کی اجازت کےباوجود بھی ان اشیاء (موبائل، گھڑی ،کپڑےوغیرہ )کو صدقہ کرنا جائز نہیں ہے۔ بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان اشیاء کی قیمت لگوائی جائے اور اس رقم میں سے 1/8 بیوہ کو دے کر باقی بچوں کے لیے ان کے بالغ ہونے تک محفوظ کر لی جائے۔
حوالہ جات
(شرح الزيادات، 5/1779)
وَلَوْ تَرَكَ ابْنًا وَامْرَأَةً فَإِنَّ الْفَرِيضَةَ مِنْ ثَمَانِيَةٍ لِلْمَرْأَةِ سَهْمٌ وَلِلِابْنِ سَبْعَةُ أَسْهُمٍ... وَوَجْهُ ذَلِكَ أَنْ يُصَحِّحَ الْفَرِيضَةَ أَوَّلًا مِنْ ثَمَانِيَةٍ لِلْمَرْأَةِ سَهْمٌ، وَلِلِابْنِ سَبْعَةٌ.
(درر الحكام شرح غرر الأحكام، 2/453)
إِنْ كَانَ فِيهِمْ صَغِيرٌ لَا يَجُوزُ أَمْرُهُمْ... وَيَصِحُّ أَمْرُ الْكِبَارِ فِي حِصَّتِهِمْ وَلَا يَصِحُّ فِي حِصَّةِ الصِّغَارِ... وَمَا أَنْفَقَ الْكِبَارُ ضَمِنُوا الْحِصَّةَ لِلصِّغَارِ.
(فتاوی تاتارخانیہ: 20/ 47)
وَمَا أَنْفَقَ الْكِبَارُ ضَمِنُوا الْحِصَّةَ لِلصِّغَارِ، إنْ كَانُوا أَنْفَقُوا بِغَيْرِ أَمْرِ الْقَاضِي، أَوْ الْوَصِيِّ... لَا يَحِلُّ لِلْوَرَثَةِ أَنْ يَنْتَفِعُوا بِشَيْءٍ مِنْ مَتَاعِ الْبَيْتِ مِنْ ثِيَابٍ أَوْ حَطَبٍ أَوْ دُهْنٍ أَوْ مَأْكُولٍ أَوْ غَيْرِهِ إذَا كَانَ فِيهِمْ صَغِيرٌ.
(فتاوی الھندیۃ:4/374)
وتصح في محوز مفرغ عن أملاك الواهب وحقوقه ومشاع لايقسم ولايبقى منتفعًا به بعد القسمة من جنس الانتفاع الذي كان قبل القسمة كالبيت الصغير والحمام الصغير ولا تصح في مشاع يقسم ويبقى منتفعا به قبل القسمة وبعدها، هكذا في الكافي.
فتاوی الھندیۃ: 6/257)
( وصحت برضا الشركاء إلا إذا كان فيم صغير ) أو مجنون ( لا نائب عنه ) أو غائب لا وكيل عنه لعدم لزومها حينئذ إلا بإجازة القاضي أو الغائب أو الصبي إذا بلغ أو وليه ،هذا لو ورثه، ولو شركاء بطلت منية المفتي وغيرها."
( حاشیہ ابن عابدین : 6/ 667)
وَلِلْمَرْأَةِ الثُّمُنُ ثَلَاثَةُ أَرْبَاعِ سَهْمٍ، وَالْبَاقِي لِلْعَصَبَةِ فَتَكُونُ الْقِسْمَةُ مِنْ أَرْبَعَةٍ وَعِشْرِينَ.
فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
04/صفر المظفر/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | مفتی محمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


