| 92192 | اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائل | کرایہ داری کے جدید مسائل |
سوال
کیا نیشنل بینک آف پاکستان کو انجینئرنگ سروسزفراہم کرنے کے عوض حاصل ہونے والی رقم شرعاً حلال ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
واضح رہے کہ بینک دو قسم کے ہوتے ہیں:ایک قسم اسلامی بینک ہیں،جیسے میزان بینک، البرکہ بینک اور فیصل بینک وغیرہ۔ یہ شرعی ایڈوائزری بورڈ کی نگرانی میں کام کرتے ہیں، اس لیے انہیں براہِ راست یا کسی انجینئرنگ یا کنسٹرکشن کمپنی کے ذریعے انجینئرنگ سروسز فراہم کرنا جائز ہے۔
دوسری قسم کنوینشنل (سودی) بینک ہیں، جیسے نیشنل بینک، بینک آف پنجاب اور عسکری بینک وغیرہ۔ ان کو انجینئرنگ سروسز فراہم کرنے کا حکم سروسز(خدمات) کی نوعیت پر منحصر ہے۔
اگر انجینئرنگ سروسز کا تعلق براہِ راست سودی کاروبار سے ہو، مثلاً نئی شاخ کے لیے عمارت کا نقشہ (Architectural Design)، عمارت کے ڈھانچے کا ڈیزائن (Structural Design)، منصوبے کی نگرانی (Project Management) یا تعمیراتی کام کی نگرانی (Site Supervision)، یا ایسی کوئی اور سروس، جس سے سودی بینک کی نئی شاخ قائم ہو، اس میں توسیع ہو یا اس کے سودی کاروبار کو فروغ ملے، تو یہ ناجائز اور حرام ہے؛ کیونکہ یہ گناہ میں تعاون (مدد کرنا)ہے۔
البتہ اگرانجینئرنگ خدمات کا براہِ راست تعلق سودی کاروبار سے نہ ہو، لیکن وہ سودی ادارے کے لیے بالواسطہ معاون ہوں، جیسے بجلی، پانی اور ائیرکنڈیشننگ کے نظام کا ڈیزائن (MEP Design)، تو یہ مکروہِ تنزیہی(نامناسب) ہیں۔
لہٰذا اسلامی بینکوں کو انجینئرنگ خدمات فراہم کرنا جائز ہے، جبکہ سودی بینکوں کو براہِ راست سودی کاروبار میں مدد دینے والی خدمات فراہم کرنا حرام ہیں، اور دیگر عمومی خدمات مکروہ تنزیہی (نامناسب )ہیں،لیکن اس قسم کی خدمات کے عوض ملنےتنخواہ حلال ہوگی ۔
بہتر یہ ہے کہ انجینئرنگ سروسز اسلامی بینکوں یا کنوینشنل بینکوں کی اسلامک ونڈوز (جیسے عسکری بینک کی الاخلاص اور UBL کی الامین وغیرہ ) کو فراہم کی جائیں تاکہ آمدنی حلال اور پاکیزہ رہے۔
اور اسی طرح نیشنل بینک کی اسلامک ونڈو (الاعماداسلامک بینکاری)کو بھی سروسز فراہم کی جاسکتی ہیں۔
حوالہ جات
جواھر الفقہ:(8 45/2):
ثم السبب إن كان سبباً محركاً وداعياً إلى المعصية، فالتسبب فيه حرام كالإعانة على المعصية بنص القرآن كقوله تعالى:" وَلا تَسُبُوا الذِينَ يَدْعُونَ من دون الله " الأنعام (۱۰۹) وقوله تعالى فَلَا تَخْضَعْنَ بالقَول (الأحزاب: ۳۲) وقوله تعالى: وَلَا تَبرجْنَ الآية (الأحزاب:۳۳).
وإن لم يكن محركاً وداعياً، بل موصلاً محضاً، وهو مع ذلك سبب قريب بحيث لا يحتاج في إقامة المعصية به إلى إحداث صنعة من الفاعل، كبيع السلاح من أهل الفتنة، وبيع الأمرد ممّن يعصى به، وإجارة البيت ممن يبيع فيه الخمر، أو يتخذها كنيسة أو بيت نار وأمثالها، فكله مكروة تحريماً بشرط أن يعلم به البائع والآجر، من دون تصريح به باللسان، فإنه إن لم يعلم كان معذوراً، وإن علم وصرّح كان داخلاً في الإعانة المحرمة. وإن كان سبباً بعيداً بحيث لا يُفضى إلى المعصية على حالتها الموجودة، بل يحتاج إلى إحداث صنعة فيه، كبيع الحديد من أهل الفتنة وأمثالها، فتُكرَهُ تنزيهاً.
حاشية ابن عابدين = رد المحتار ط الحلبي (6/ 391):
قوله (وجاز تعمير كنيسة) قال في الخانية: ولو آجر نفسه ليعمل في الكنيسة ويعمرها لا بأس به لأنه لا معصية في عين العمل.
فقہ البیوع:(2/1064)
السابع:أن یؤجر المرأنفسہ للبنك بان یقبل فیہ وظیفۃ،فان کانت الوظیفۃ تتضمن مباشرۃ العملیات الربویۃ،أوالعملیات المحرمۃ الأخری،فقبول ھذہ الوظیفۃ حرام، وذلك مثل التعاقد بالربوا أخذا أوعطاء، أوخصم الکمبیالات،أوکتابۃ ھذہ العقعود ،أو التوقیع علیھا.…من کان موظفاًفی البنك بھذہ الشکل،فان راتبہ الذی یاخذ من البنك کلہ من الأکساب المحرمۃ...أما اذا کانت الوظیفۃلیس لھاعلاقۃ مباشرۃ بالعملیات الربویۃ،مثل وظیفۃ الحارس أو سابق السیارۃ..فلایحرم قبولھا ان لم یکن بنیۃ الاعانۃ علی العملیات المحرمۃ،وان کان الاجتناب عنھاأولی،ولا یحکم فی راتبہ بالحرمۃ.
فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
14/ربیع الثانی/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


