021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
مضاربت میں رب المال کا عمل میں شریک ہونا
57268مضاربت کا بیانمتفرّق مسائل

سوال

مفتی صاحب میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں نے اپنے دوست کے ساتھ ایک کاروبار میں partnership کی اور اس کاروبار میں سرمایہ کاری مکمل میری طرف سے تھی اور کاروباری سرگرمیوں میں ہم دونوں شریک تھے اور طے یہ ہوا کہ کاروبار میں میرا نفع 55 فیصد ہوگا جبکہ میرے دوست کا نفع 45 فیصد ہوگا کیونکہ اس کی طرف سے انویسٹمنٹ نہیں ہوئی تھی۔ یہ صورت جائز ہےیا نہیں۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

صورت مسئولہ میں واقع ہونے والا عقد مضاربت کا ہےچونکہ مضاربت کے مذکورہ عقد میں رب المال(انویسٹر) کے کاروباری سرگرمیوں میں شرکت کی باقاعدہ شرط لگائی نہیں گئی،(جیسا کہ سائل سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا)اس لیے مضاربت کی یہ صورت جائز ہے۔ واضح رہے کہ اس صورت میں کاروبار کی سرگرمیوں میں آپ کی شرکت محض تبرعاً یعنی احسان کے طور پر جائز ہے۔ آپ کسی ایسی سرگرمی کے مجاز نہ ہوں گے جس سے دوسرے فریق کے لیے صوابدیدی طور پر کاروباری فیصلے کرنے میں رکاوٹ آئے۔ اصل ذمہ داری مضارب یعنی آپ کے ساتھی کی ہی ہوگی اور نقصان کی صورت میں سارا مالی نقصان آپ کا شمار ہوگا اور عمل کرنے والے کا صرف عمل ضائع ہوگا۔ اس طرح کاروبار کرنے میں اگرآپ کو رکاوٹ ہو کہ اس طرح آپ کاروباری فیصلوں میں دخل اندازی نہیں کرسکتے تو پھر آپ مضارب یعنی اپنے ساتھی سے کاروبار میں سرمایہ کاری کرنے کی درخواست کریں تاکہ مضاربت کا عقد شراکت داری میں تبدیل ہوجائے اور آپ بھی کاروباری فیصلوں میں اپنی رائے شامل کرسکیں۔
حوالہ جات
"(هي) لغة مفاعلة من الضرب في الأرض وهو السير فيها وشرعا (عقد شركة في الربح بمال من جانب) رب المال (وعمل من جانب) المضارب." (الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار)5/645 ط:دارالفکر بیروت) " (قوله من جانب المضارب) قيد به؛ لأنه لو اشترط رب المال أن يعمل مع المضارب فسدت كما سيصرح به المصنف في باب المضارب يضارب" الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار)5/645 ط:دارالفکر بیروت) ( (وكون الربح بينهما شائعا) فلو عين قدرا فسدت (وكون نصيب كل منهما معلوما) عند العقد. الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار)5/648 ط:دارالفکر بیروت) ( "(قوله: في الربح) كما إذا شرط له نصف الربح أو ثلثه بأو الترديدية س" الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار)5/648 ط:دارالفکر بیروت)
..
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

محمد کامران

مفتیان

فیصل احمد صاحب / سیّد عابد شاہ صاحب