| 68396 | طلاق کے احکام | تین طلاق اور اس کے احکام |
سوال
میں دوکان پر بیٹھا ہوا تھا،والد صاحب دوکان پرتشریف لائے،میرے اور والد کے درمیان جھگڑا ہوا،ہم دونوں کے درمیان کافی بدکلامی ہوئی اور میں اٹھ کر دوکان سے باہر چلا گیا اور باہر کھڑا ہوکر بہت کچھ بولا،میں نے والد صاحب سے کہا :آپ سب کی وجہ سے میری زندگی تباہ ہوئی پڑی ہے جس میں میری بیگم بھی موجود ہے اور غصےمیں میں نے کہا:"میں اس (بیگم)کو طلاق دیتا ہوں"یا یہ کہا "اس کو میری طرف سے طلاق ہے"یہ الفاظ بےشمار دفعہ بولے،شاید دو سے زیادہ دفعہ بولے،یہ کہہ کر میں دوکان سے چلاگیا اورسارے راستے اپنے آپ سے گفتگو کرتا رہا:"اچھاہوا"اس بیگم سے جان چھوٹ گئی،اچھا ہوا میں نے یہ طلاق کے الفاظ بول دیے،کچھ دیر بعد یہ سارا معاملہ میری والدہ کو معلوم ہوا، انہوں نے مجھے کال کی اور ماں سے گفتگو کے درمیان میں نے ماں سے کہا: "میں نے اس بیگم کو نہیں رکھنا،میری طرف سے اب وہ فارغ ہے،میں اس کو طلاق دیتا ہوں" یا یہ کہا کہ" میری طرف سے اس کو طلاق ہے"یہ الفاظ بے شمار دفعہ بولے اور میں نے کال بند کردی۔
اور میں اپنے آپ سے گفتگو کرنے لگاکہ"میری طرف سے طلاق ہے،میں نے اسے اپنےساتھ نہیں رکھنا"یہ گفتگو اپنے آپ سے کئی مرتبہ کی اور یہ گفتگو کرتے کرتے میں اپنے ایک دوست کے پاس چلاگیا،یہ سارا معاملہ اپنے دوست کوبیان کیا اور دوست سے بھی بے شمار دفعہ کہاکہ"اس سے جان چھوٹ گئی،میں نے اسے طلاق دےدی اور وہ میری طرف سے فارغ ہے"اور میں دوست کے پاس بیٹھا رہا ،رات کو دیر سے گھرواپس آیا۔
اسی طرح کچھ دن گزرگئے، میرے والد صاحب نے والدہ صاحبہ سے کہا :اسے کہو :کسی قاری صاحب سے معلوم کرے جو بکواس اس نے کی ہے ،اس سے طلاق تو نہیں ہوئی۔والدہ صاحبہ نے کہا کہ اس نے معلوم کیا ہے:"طلاق واقع نہیں ہوئی"اور میں نےیہ بات ایسے ہی کسی آدمی سے پوچھی تھی،اس نے کہاتھا"ایسے طلاق نہیں ہوتی"اس طرح بات ختم ہوگئی اور دن گزرنے لگے۔
ایک دن ایسے ہی رات کو نیٹ پر طلاق کے متعلق بیان سنا"کہ عورت سنے یا نہ سنے طلاق ہو جاتی ہے"اور پھر میرے دل میں ایک ڈر سا بیٹھا اور مجھے محسوس ہوا بیان سننے کے بعد کہ میری بیوی کو طلاق ہو گئی تھی،میں نے یہ بات گھر میں کسی کو نہ بتائی اور وقت گزرتارہا اور میں اسی بات پر متفق ہوگیا کہ طلاق واقع ہو گئی ہےاور میں دوستوں سے کہنے لگا" میں دوسری شادی کرنے لگا ہوں"اور دوستوں نے پوچھا کہ پہلی بیوی کو طلاق دےدی کیا؟میں یہی جواب دیتا تھاکہ"ہاں طلاق دےدی ہے"یہ بات کافی دوستوں سےکئی بار کہی ہے،اسی طرح وقت گزرتارہا اور بیگم اپنےگھر چلی گئی اس واقعہ کو کافی عرصہ ہوچکاہے۔
اب یہ پوچھنا چاہتاہوں کہ طلاق واقع ہوئی ہے یانہیں؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
مذکورہ بالاصورت میں بیوی کو تین طلاقیں واقع ہو چکی ہیں،لہذا اب یہ عورت آپ کے لیے مکمل طور پر حرام ہوچکی ہے۔ فی الحال اس سےنہ دوبارہ نکاح ہوسکتاہے اورنہ ہی رجوع،اس حالت میں میاں بیوی کا اکھٹے رہنا حرام ہے۔
حوالہ جات
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | متخصص | مفتیان | ابولبابہ شاہ منصور صاحب / شہبازعلی صاحب |


