021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
جدہ میقات میں ہے یا محاذات میقات ہے؟
77209حج کے احکام ومسائلحج کے جدید اور متفرق مسائل

سوال

کیافرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ  جدہ حج وعمرہ کے مسائل میں ’’حل‘‘ میں ہے یا ’’آفاق‘‘ میں؟اگر ’’حل‘‘ میں ہے تو یہ میقات کے اندر ہے یا بجائے خود میقات ہے؟کیا جدہ شہر تمام کا تمام محاذی میقات کے حکم میں ہے؟

کیا آفاقی بلا کسی مجبوری کے جدہ پہنچ کر احرام باندھ سکتا ہے ؟کیا محاذات جمیع احکام میں میقات کے قائم مقام ہے؟

قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب مطلوب ہے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

’’جدہ‘‘ ایسامکانی میقات تو بالاتفاق نہیں جس کی توقیت منصوص ہے،کیونکہ وہ فقط ذوالحلیفہ، ذات ِعرق، قرنُ المنازل یلملم اورجحفہ ہیں،لیکن کیاوہ  محاذاتِ میقات پر واقع ہے یانہیں؟ یابالفاظ دیگرکیا وہ فرعی میقات ہوسکتاہے یا نہیں؟ اس بارے میں ہمارے اکابر اورمعاصرعلماءکرام کے درمیان اختلاف پایاجاتاہے۔

مفتی اعظم پاکستان حضرت مفتی محمدشفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ اورحضرت مولانا شیرمحمدصاحب رحمۃ اللہ علیہ(مؤلف عمدۃ المناسک) کی تحقیق کے مطابق جدہ محاذات کے حکم میں ہے،جبکہ حضرت مولانایوسف بنوری رحمہ اللہ،حضرت مفتی ولی حسن ٹونکی رحمہ اللہ اورحضرت مفتی رشیداحمدصاحب رحمہ اللہ کی تحقیق یہ تھی کہ جدہ داخلِ میقات ہے(محاذاتِ میقات نہیں) لہذا  اس تک احرام مؤخرکرناجائزنہیں۔(تفصیل کیلئے ملاحظہ ہوفتاوی بینات: ۳/ ۹۸  تا۱۱۱)ان حضرات کے نزدیک جدہ تک احرام مؤخرکرنابہرصورت موجبِ دم ہے۔

پہلی رائے کے مطابق کسی اورمکانی میقات پر گزرے بغیر اگرچہ جدہ تک میقات مؤخرکرنے کی   فی نفسہ گنجائش ہے،مگرچونکہ اختلاف علماءکے وقت  احوط کواختیارکرنازیادہ بہترہے ، اس لیےحضرت مفتی محمدشفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بحری مسافروں کیلئے جدہ سے احرام باندھنے کے  مسئلہ میں اختلاف ِ علماء نقل کرنے کے بعدلکھاہے:

’’ایسے حالات میں کہ اس مسئلہ میں علماء کااختلافِ رائے ہے، احتیاط اسی میں ہے کہ بحری جہاز میں یلملم ہی سے احرام باندھ لیں ،یاساحلِ جدہ پراترنے سے پہلے احرام باندھ لیں،کیونکہ حسبِ تصریح فقہاءمحلِ اختلاف میں احتیاط کاپہلواختیار کرنابہترہے‘‘(جواہرالفقہ: ۴ /۵۴)

حوالہ جات
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

محمد اویس بن عبدالکریم

دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی

20/ذی قعدہ1443ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

محمد اویس صاحب

مفتیان

آفتاب احمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب