| 77677 | ہبہ اور صدقہ کے مسائل | ہبہ کےمتفرق مسائل |
سوال
محترم مفتیان کرام
میرے دادا مرحوم کی ایک دُکان تھی۔ اُن کے انتقال کے بعد ان کے ورثاء (بیوی، بیٹے اور بیٹی) نے اُن کی وراثت میں شامل کاروباری رقم کو کاروبار ہی میں رہنے دیا اوربیٹوں نے بیٹیوں کو ان کا شرعی حصہ ادا کردیا۔
یہ رقم جو کاروبار میں ہے اس کا مقصد کوئی جائز مصرف برائے کارِ خیر نظر آئے، اسے برائے ایصالِ ثواب دادا مرحوم ادا کردیا جائے۔
میرے والد مرحوم کے انتقال کے بعد ہم ورثاء چاہتے ہیں کہ ہم اپنے والد مرحوم کے ایصالِ ثواب کی نیت سے ایک رقم مختص کرکے کاروبار میں رہنے دیں اور جب کوئی جائز مقصد نظر آئے وہاں وہ رقم استعمال کی جاسکے۔
آپ سے معلوم یہ کرنا ہے کہ:
1۔ کیا یہ صورتِ حال شرعی طور پر جائز ہے۔
2۔ اگر یہ صورت صحیح نہیں ہے تو صحیح طریقہ کار کی طرف رہنمائی کردیں۔
3۔ کیا کسی فرد کو اس رقم کا مالک/ذمہ دار بنانا چاہئے یا یہ رقم کاروبار میں والد صاحب کے نام سے ہی رہنے دی جائے۔کیا اس رقم پہ سالانہ زکوۃ بنتی ہے یا نہیں؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
صدقہ کرنا باعث اجر اور قرب الہی کا ذریعہ ہے،البتہ صدقہ مکمل ہونے کے لیے کسی کو اس کا مالک بنانا ضروری ہے۔مالک بنائے بغیرصرف نیت کرلینے سے صدقہ مکمل نہیں ہوگا اور وہ پیسے صدقہ کرنے والوں کی ملکیت میں بدستور باقی رہیں گے ،چنانچہ اگر صدقہ کرنے والے افراد ان پیسوں کو ملا کر یا ان کے علاوہ ہی صاحب نصاب ہوں تو اُن پر اس رقم کی زکوۃ دینابھی لازم ہوگی۔
لہذا سوال میں ذکر کردہ صورت کو اگر اختیار کیا جائے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ:
1۔ ورثاء میں کوئی وارث نابالغ ہے تو اس کو اس کا مکمل حصہ دے دیا جائے اور باقی تمام بالغ ورثہ کی رضامندی اس طرح کاروبار میں رقم لگانے کے حوالے سے حاصل کی جائے۔
2۔ جس وارث کا اس رقم میں جتنا حصہ بنتا ہے وہ اس حصے کے بقدر ذمہ دا ر رہے اور زکوۃ کی ادائیگی اپنے ذمے لازم سمجھے۔
3۔ نفع کی جو رقم حاصل ہو اس کو کارخیر میں خرچ کرنے کے حوالے سے تمام شرکاء کی رضامندی حاصل کی جائے۔
ان امور کی رعایت کرنا اگر مشکل ہو توبطور متبادل درج ذیل میں سے کوئی بھی طریقہ اختیار کیا جاسکتا ہے:
1۔ ضرورت مندوں کو اس رقم کا مالک بنادیا جائے اور پھر ان کی اجازت و رضامندی سے اس رقم کو شرکت کے اصولوں کے مطابق اپنے کاروبار میں لگالیا جائے۔
2۔ تمام ورثاء اپنے اپنے شرعی حصوں میں سے جس قدر رقم چاہیں اسے اس طرح وقف کردیں کہ اصل رقم کاروبار میں لگی رہی اور اس سے حاصل ہونے والے نفع کو ضرورت مندوں میں خرچ کیا جاتا رہے۔اس صورت میں اصل رقم سے ورثاء کی ملکیت اور اس میں مالکانہ تصرف کرنے کا اختیار ختم ہوجائے گا،چنانچہ نہ تو اسے اپنی ذاتی استعمال میں لگایا جاسکے گا،نہ اس پر آئندہ وراثت جاری ہوگی اور نہ ہی اس پر زکوۃ لاگو ہوگی۔اس رقم کے انتظامی امور بالخصوص اس کے صحیح استعمال کی نگرانی کے لیے کسی اہل و امانت دارفرد یا کمیٹی کو مقرر کرلینا بہتر ہوگا۔
حوالہ جات
الهداية في شرح بداية المبتدي (3/ 228، دار احياء التراث العربي)
والصدقة كالهبة لا تصح إلا بالقبض"؛ لأنه تبرع كالهبة.
درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (3/ 28)
كل واحد من الشركاء في شركة الملك أجنبي في حصة الآخر ولا يعتبر أحد وكيلا عن الآخر فلذلك لا يجوز تصرف أحدهما في حصة الآخر بدون إذنه.
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (4/ 363)
قلت وإن الدراهم لا تتعين بالتعيين، فهي وإن كانت لا ينتفع بها مع بقاء عينها لكن بدلها قائم مقامها لعدم تعينها، فكأنها باقية ولا شك في كونها من المنقول، فحيث جرى فيها تعامل دخلت فيما أجازه محمد ولهذا لما مثل محمد بأشياء جرى فيها التعامل في زمانه قال في الفتح: إن بعض المشايخ زادوا أشياء من المنقول على ما ذكره محمد لما رأوا جريان التعامل فيها، وذكر منها مسألة البقرة الآتية ومسألة الدراهم والمكيل حيث قال: ففي الخلاصة: وقف بقرة على أن ما يخرج من لبنها وسمنها يعطى لأبناء السبيل، قال: إن كان ذلك في موضع غلب ذلك في أوقافهم رجوت أن يكون جائزا، وعن الأنصاري وكان من أصحاب زفر فيمن وقف الدراهم، أو ما يكال أو ما يوزن أيجوز ذلك قال: نعم قيل وكيف قال يدفع الدراهم مضاربة، ثم يتصدق بها في الوجه الذي وقف عليه وما يكال أو يوزن يباع ويدفع ثمنه لمضاربة أو بضاعة قال فعلى هذا القياس إذا وقف كرا من الحنطة على شرط أن يقرض للفقراء الذين لا بذر لهم ليزرعون لأنفسهم، ثم يوجد منهم بعد الإدراك قدر القرض، ثم يقرض لغيرهم بهذا الفقراء أبدا على هذا السبيل، يجب أن يكون جائزا قال ومثل هذا كثير في الري وناحية دوماوند اهـ.
شیرعلی
دارالافتاء جامعۃ الرشید
2صفر1444 ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | شیرعلی بن محمد یوسف | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


