03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
فریقین کی رضامندی سے مقررہ پنچائیت کی جانب سے کسی ایک فریق کی غیر موجودگی میں فیصلے کرنے کی شرعی حیثیت
77780فیصلوں کے مسائلثالثی کے احکام

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیان مبین مسئلہ ھذا کے بارے میں کہ مسمی محمد صہیب ولد مولانا محمد صالح اور گلشن آراء بنت فقیر محمد کے نااتفاقی لڑائی جھگڑے کے بناء پر دوطلاق بائن دیدی اور پھر پنچائیت میں سب کے سامنے تیسری طلاق بھی دیدی جسے مجموعی طور پر تین طلاق مغلظہ ہوگئیں۔ طلاق بائن کے دوران میں محمد صہیب اس کرائے کے مکان سے (جس میں میری رہائش تھی) اپنے ضرورت کا کچھ سامان لیکر اپنے والد صاحب کے گھر آگیا اور کچھ سامان میری مطلقہ بیوی میرے بغیر اجازت کے اپنے میکے لے کر چلی گئی اور جبکہ گھر کی چابی اور گھر کا سارا سامان اور راشن وغیرہ میری بیوی کے حوالے تھا، اس دوران میری بغیر اجازت کے کئی مرتبہ میکے کے گھر میں آتی جاتی رہی اور جس دن پنچائیت ہونی تھیاس دن ہم پنچائیت میں حاضر ہوئے،لیکن اس دن پنچائیت کے ذمہ دار مولوی محمد ایوب سے میری مطلقہ بیوی کے والد نے فون پر کہاکے میری بیٹی گلشن آراء پنچائیت میں نہیں آئی اور میکے میں بھی نہیں ہے، اپنے رہائش گھر میں بھی نہیں ہے، معلوم نہیں کہاں چلی گئی؟ چنانچہ اس دن پنچائیت موخر ہوگئی اور دوسرے دن رکھی گئی اور ( دوبارہ جب پنچائیت منعقد ہوئی تو میری مطلقہ بیوی نے)پنچائیت میں اپنے معصوم اور دودھ پینے والے دو بچوں کو اپنا نے سے انکا ر کرتے ہوئے شوہر کے حوالہ کردیا جب کہ میرا یہ موقف تھا کہ ہم مطلقہ کی عدت مکمل ہونے اور بچوں کے سات سال ہونے تک نان و نفقہ دینے کے لیے تیار ہیں اور پنچائیت کے ذمہ دار مولوی محمد ایوب کے کہنے پر اسٹامپ پیپر بھی تیار کرلیا گیا تھااس کے باوجود لڑکی والے بچوں کو ر کھنے کے لیے تیار نہیں تھے۔اس کے بعد ایک دوسرا اسٹامپ پیپر تحریر کیا گیا( جس کی تفصیل یہ ہے کہ) پنچائیت کے ذمہ دار مولوی ایوب نے میرے والد صاحب سے کہا کہ تمام کاغذات تیار ہیں مہر کے پچاس ہزار50000 روپے اور عدت کے خوراکی بیس ہزار 20000 روپے کل ستر ہزار 70000 روپے اور ایک سادہ اسٹامپ پیپر لیکر آئیں اورآپ کے بیٹے محمد صہیب کونہ لائیں۔

مندرجہ بالا صورت حال کے پیش نظر دوطلاق بائن کے دوران میری بیوی میری اجازت کے بغیر میکے کے گھر میں آتی جاتی رہی اور پنچائیت کے فیصلے کے بعد بھی دوران عدت اپنے میکے کے گھر سے بغیر شرعی عذر کے نکلتی رہتی اور شرعی پردہ بھی نہیں کرتی،لہذا اب میرے درج ذیل سوالات ہیں:

1۔ کیا میرے ذمے اس مطلقہ بیوی کا نان نفقہ وسکنی لازم ہیں؟

2۔ کیا اس صورت میں میرے والد میری اجازت اور رضامندی کے بغیر میری طرف سے وکیل بن سکتے تھے اور کیا میری غیر موجودگی میں پنچائیت کمیٹی کوئی فیصلہ سناسکتی تھی؟

3۔ کیا والد بیٹے کی اجازت اور رضامندی کے بغیر از خود وکیل بن جائے تو اس صورت میں پنچائیت کمیٹی کے فیصلے پر عمل کرنا بیٹے پر لازم ہوگا یا نہیں ؟

4۔ پنچائیت کمیٹی نے اپنے تمام منعقدہ اجلاس میں مجھے طلب کیا جب کہ حتمی فیصلہ سنانے والے دن پنچائیت کے ذمہ دار نے میرے والد کو کہا کہ اپنے بیٹے( یعنی مجھے)نہ لائیں اور کمیٹی کے احباب نےسکنی والا فیصلہ سناتے وقت بھی میری رضامندی کے لیے مجھے پنچائیت میں نہیں بلایا اور اجازت لینے کو بھی نہیں کہا گیا۔ اس صورت میں میری رضامندی کے بغیرہونے والے اس فیصلے پر عمل کرنا مجھ پر لازم ہے یا نہیں ؟

یہ بات ملحوظ رہے کہ ہمارے عرف عام اور اکثر پنچائیت میں دیکھاگیا کہ عدت کی خوراکی میں نان ونفقہ ہوتا ہے لیکن اچانک ہمارے امام صاحب نے سکنی بھی لازم کہہ کر جس گھر میں رہائش ہے اس کے تین ماہ کاکرایہ (جو کہ 32000 ہزار روپے بنتے ہیں اس پر رقم کی کمی زیادتی کی پھر بات کرتے ہوئے) پنچائیت نے 25000 ہزارروپے (دینا میرے ذمے) طے کر دیا جس پر میرے والد صاحب نے میری رضا مندی اور اجازت کے بغیر ہاں کردی اور لڑکی کو اختیار دیا گیا کہ اس گھر یا میکے کے گھر میں رہے اور یہ رقم کسی دستاویزا ت میں تحریر نہیں ہے ۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

پنچائیت کی حیثیت حکم اور ثالث کی ہے۔جب دو فریق کسی شخص یا جماعت کو کسی تنازع کے لیے اپنی رضامندی سے ثالث مقرر کردیں اور وہ شرعی اصولوں کے مطابق فیصلہ کرے تو فریقین پر اس فیصلے کو ماننا لازم ہوجاتا ہے۔صورت مسئولہ میں آپ کا پنچائیت میں فیصلہ کروانے کے لیے از خود مسلسل شرکت کرنا،پنچائیت کے کہنے پر پہلا اسٹامپ پیپر تیار کروانا یہ سب اس بات کی دلیل ہے کہ آپ پنچائیت کو ثالث بنانے پر رضامند تھے،لہذا پنچائیت کے جو فیصلے شرعی اصولوں کے مطابق ہیں وہ آپ پر لازم ہوں گے ،اگرچہ عین فیصلے کے موقع پر آپ خود یا آپ کا اجازت یافتہ وکیل وہاں موجود نہیں تھا۔

عورت شوہر کی اجازت اورشرعی عذرکے بغیر گھر سے نکلے یا میکے میں عدت گذارے تو جب تک وہ لوٹ کر واپس نہ آجائے، نان ونفقہ کی حق دار نہیں ہوتی،البتہ سکنی یعنی رہائش کی حق دار بہرحال پھر بھی رہتی ہے۔لہٰذا اگر آپ کی بیوی واقعتا آپ کی اجازت اور کسی شرعی عذر کے بغیر گھر سے باہر نکلی تھی یا میکے میں عدت گزاررہی تھی تو پنچائیت کی جانب سے آپ کو نان نفقہ کا ذمہ دار بنانا غیر معتبر ،جبکہ سکنی کا ذمہ دار بنانا درست اور معتبر ہے،البتہ بطور ِسکنی طے ہونے والی رقم کی بجائے مناسب رہائش مہیا کردینا کافی ہے،رقم دینا لازم نہیں۔

حوالہ جات

درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (4/ 701)

(كما أن حكم القضاة لازم الإجراء في حق جميع الأهالي الذين في داخل قضائهم كذلك حكم المحكمين لازم الإجراء على الوجه المذكور في حق من حكمهم وفي الخصوص الذي حكموا به. فلذلك ليس لأي واحد من الطرفين الامتناع عن قبول حكم المحكمين بعد حكم المحكمين حكما موافقا لأصوله المشروعة)

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (3/ 609)

(و) تجب (لمطلقة الرجعي والبائن، والفرقة بلا معصية كخيار عتق، وبلوغ وتفريق بعدم كفاءة النفقة والسكنى والكسوة) إن طالت المدة،

(قوله وتجب لمطلقة الرجعي والبائن) كان عليه إبدال المطلقة بالمعتدة؛ لأن النفقة تابعة للعدة... وفي المجتبى: نفقة العدة كنفقة النكاح.وفي الذخيرة: وتسقط بالنشوز وتعود بالعود، وأطلق فشمل الحامل وغيرها والبائن بثلاث أو أقل كما في الخانية… (قوله والفرقة بلا معصية) أي من قبلها، فلو كانت بمعصيتهما فليس لها سوى السكنى كما يأتي. قال في البحر: فالحاصل أن الفرقة إما من قبله أو من قبلها، فلو من قبله فلها النفقة مطلقا سواء كانت بمعصية أو لا طلاقا أو فسخا، وإن كانت من قبلها فإن كانت بمعصية فلا نفقة لها ولها السكنى في جميع الصور.

الفتاوى الهندية (1/ 558)

والمعتدة إذا كانت لا تلزم بيت العدة بل تسكن زمانا وتبرز زمانا لا تستحق النفقة كذا في الظهيرية.

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

16صفر1444 ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

آفتاب احمد صاحب / سیّد عابد شاہ صاحب