03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
مسجد کمیٹی کے سرپرست کے ترکے میں رہ جانے والی مسجد کی رقم کے احکام
80376وقف کے مسائلمسجد کے احکام و مسائل

سوال

میرے والد محترم(مرحوم)نے محلے کی مسجدکی بنیاد چند مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر غالبا 1998ء میں رکھی ۔یہ جگہ سوسائٹی کی طرف سے منتخب کردہ تھی - والد محترم اس مسجد کے 2017ء تک فنانس سکیرٹری رہے اور آپ نے مسجد کی تعمیر مکمل کروائی۔والد صاحب کے پاس جتنی رقم تھی وہ آپ نے نئی کمیٹی کے حوالے کر دی ۔لیکن کچھ رقم حساب سے اضافی تھی جو آپ نے ان کے حوالے نا کی اور نیت یہ کی کہ اس کو مسجد ہی میں کسی مناسب مقام پر مناسب وقت میں لگا دوں گا۔آپ کا انتقال 14 اپریل 2023ء کو ہو گیا اور آپ 2017ء کے بعد سے لے کر تا وفات مسجد کے سر پرست بھی رہےاس دوران لوگوں نے آپ کو مسجد کے لیے مزید پیسے بھی دیے۔والد صاحب کو بقیہ کمیٹی پر اعتماد نہ تھا او ر خواہش تھی کہ پہلے کی طرح اس تمام رقم کو خود سے ہی مسجد کے کاموں(تعمیراتی و غیر تعمیراتی) میں لگا دوں گا لیکن ایسا نہ ہو سکا۔اب پوچھنا یہ ہے کہ

1۔ کیا اس تمام رقم کو موجودہ کمیٹی کے حوالے کر دیا جائے؟

2۔ کیا ہم رقم دینےمیں کسی مناسب موقع کا انتظار کریں تا کہ درست جگہ پر استعمال ہو جائے یا فورا دے دیں؟

3۔ کیا اولاد کمیٹی کی اجازت/مشاورت سے یا بغیر اس کے اس رقم کو مسجد میں خرچ کر سکتی ہے؟

4۔ کیا ہم کچھ رقم کو کسی خاص مقصد کے لیے بتا کر کمیٹی کو دے سکتے ہیں جیسے سولر سسٹم وغیرہ یا کوئی اور ضروری کام تاکہ رقم درست جگہ میں استعمال ہو جائے کیونکہ موجودہ کمیٹی میں شدید اختلاف ہے اور وہ مشاورت سے کوئی کام نہیں کرپا رہے اور والد صاحب نے بھی اپنی زندگی میں یہ رقم اسی بنا پر ان کے حوالے نہیں کی۔

5۔ والد صاحب کچھ رقم کا ہمیں بتا گئے تھے کہ یہ فلاں فلاں کام کے لیے ہےکیا ہم اسی طرح بتا کر کمیٹی کے حوالے کریں یا مطلقا دے دیں؟

تنقیح:والد صاحب 2019میں عمرے پر جاتےوقت بتاکر گئے تھے کہ اتنی رقم فلاں فلاں کام کے لیے ملی ہوئی ہے۔اور اب کل رقم بتائی گئی رقم سے کہیں زیادہ ہے۔

6۔ کیا ہم (اولاد) ایسا کر سکتے ہیں کہ مسجد کی کل رقم میں سے کچھ کمیٹی کے حوالے کر دیں اور کچھ رقم اپنے پاس رکھ لیں تا کہ اس رقم کو مسجد کی کسی انتہائی اہم ضرورت میں استعمال کر دیں۔اور کیا ہم رقم کا کچھ حصہ (جو کہ مسجد ہی کی ہے)والد محترم کے نام کا خاص کر کے کسی خاص کام کے لیے دے سکتے ہیں تاکہ رقم فورا اور درست کام کے لیے خرچ ہو جائے۔

7۔ کیا رقم کسی اور مسجد کو بھی دی جا سکتی ہے؟

8۔ والد صاحب مسجد کے تما م پیسے اور اپنی ذاتی رقم ایک ہی دراز میں رکھتے تھے اب آیا یہ تمام رقم مسجد کو ہی دے دیں یا ہم اندازہ کرکے کچھ رقم نکال سکتےہیں کہ یہ والد صاحب کی ہوگی(اگرچہ ہم نے نیت یہی کی ہے کہ یہ تمام رقم مسجد میں ہی لگانی ہے)۔

9۔ والد صاحب نے مسجد کی کچھ جگہ پر مدرسہ کی بنیاد بھی رکھی تھی اور الحمدللہ ! مدرسہ بننے کے بعد 2020ء تک حفظ کا شعبہ چلتا رہا۔موجودہ کمیٹی فی الحال مدرسہ نہیں چلا پا رہی اور ان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی مدرسہ نہیں بلکہ مسجد ہی ہے تو کیا ایسا کرنا درست ہے

10۔ کے مدرسہ کی موجود رقم جو کمیٹی کے پاس ہے اسے کسی اور کام یا مسجد میں استعمال کیا جا سکتا ہے؟

تنقیح:سوسائٹی نے کل اراضی جو مسجد کے لیے رکھی تھی اس میں سے پہلی کمیٹی نے باہم مشاورت سے کچھ جگہ مدرسے کے لیے مختص کردی تھی اور اس بات کا سوسائٹی کو علم بھی تھا۔اب تک مدرسے کے لیے مسجد میں ڈبہ بھی موجود ہے۔اور ایک باقاعدہ قاری بھی جو بچوں کو فی الوقت ناظرہ قرآن پڑھاتے ہیں۔ان کی تنخواہ اسی ڈبے سے ادا کی جاتی ہے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

1 تا 7 ۔ والد کی جانب سے مسجد کے لیے جتنی رقم چھوڑی گئی وہ سب ان کے ورثاء کے پاس امانت ہے اور ان کے ذمے لازم ہے کہ اس پوری رقم کو فوری طور پر اس مسجد کمیٹی کے حوالے کردیں جس مسجد کے لیے یہ رقم دی گئی تھی۔اس رقم کو نہ تو کسی اور مسجد کو دیا جائے ،نہ ہی مسجد کمیٹی کی اجازت کے بغیر ازخود مسجد کے کسی مخصوص کام میں لگایا جائے اور نہ ہی کسی خاص مد کی تعیین اپنی طرف سے کی جائے،البتہ جتنی رقم کے متعلق والد صاحب نے خود بتادیا تھا کہ فلاں کام کے لیے وصول ہوئی ہے تو کمیٹی سے اس کی وضاحت کردی جائے تاکہ متعلقہ مد میں اس کا استعمال ہوسکے اور باقی رقم مطلقا حوالہ کردی جائے۔

8۔اگر یقین یا غالب گمان نہیں کہ کتنی رقم مسجد کی اور کتنی ذاتی تھی تو احتیاطا کل رقم مسجد میں دے دی جائے۔

9۔سوسائٹی کی جانب سے مسجد کے لیے مختص کیے گئے پلاٹ سے عرفا مراد یہ ہوتی ہے کہ اسے علاقے کی ضروریات کے مطابق مسجد اور مصالح مسجد میں استعمال کیا جائے گا،لہذا اہل محلہ کے ضرورت کے مطابق مدرسے کے لیے الگ جگہ رکھنا غلط نہیں ،لیکن یہ جگہ بھی بنیادی طور پر مسجد ہی کی ملکیت شمار ہوگی اور بوقت ضرورت اسے مسجد میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

10۔مدرسے کی ضروریات کے لیے دی گئی رقم کو مدرسے میں ہی استعمال کرنا ضروری ہے۔

حوالہ جات

الدر المختار مع رد المحتار (4/ 367)

قال في الحاوي القدسي:قال في الحاوي القدسي: والذي يبدأ به من ارتفاع الوقف أي من غلته عمارته شرط الواقف أولا ثم ما هو أقرب إلى العمارة، وأعم للمصلحة كالإمام للمسجد، والمدرس للمدرسة يصرف إليهم إلى قدر كفايتهم، ثم السراج والبساط كذلك إلى آخر المصالح، هذا إذا لم يكن معينا فإن كان الوقف معينا على شيء يصرف إليه بعد عمارة البناء اه

البحر الرائق ش مع الخالق وتكملة الطوري (5/ 261)

وليس لأحد الناظرين التصرف دون الآخر عندهما خلافا لأبي يوسف.

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

11ذو القعدہ 1444ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب