| 80530.62 | زکوة کابیان | سونا،چاندی اور زیورات میں زکوة کے احکام |
سوال
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ:
میں اپنے والد کے ساتھ دکان پر ہوتاہوں، وہی میرا خرچہ اٹھاتے ہیں۔میرےپاس سونے کی ایک چوڑی ہے جومیری دادی نے یہ کہہ کر دی ہے کہ یہ تمہاری دلہن کا تحفہ ہےاور میری ابھی تک شادی نہیں ہوئی ہے، میرے پاس کیش زیادہ سے زیادہ ہزار((1000 روپے ہوتے ہیں یعنی خرچی جب ختم ہوجاتی ہے تو والد صاحب سے اور لے لیتا ہوں،میرے پاس تین سو یا چار سو روپے مستقل ہوتے ہیں تو کیا مجھ پر زکوۃفرض ہوگی یا نہیں، نیز قربانی کے حوالے سے بھی رہنمائی فرمادیں؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
صورتِ مسئولہ میں جس دن آپ سونے کے مالک بنے اوراُس دن آپ کے پاس جو نقد رقم تھی اگر اس کی مجموعی قیمت (سونا اور نقدی) ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت کو پہنچتی ہو تو آپ صاحبِ نصاب ہوگئے اب اس پر سال گزرنے کے بعد سونا اور موجود نقد کی مجموعی مالیت کی ڈھائی فیصد زکوۃ آپ پر لازم ہوگی۔
جہاں تک قربانی کا تعلق ہے اس کےلیے ضروری ہے کہ عید الاضحیٰ کے پہلے دن (/10ذالحجہ )کی فجر سے تیسرےدن (/12ذی الحجہ ) کی مغرب تک کے دورانیہ میں آپ کے پاس مذکورہ سونےکے ساتھ کچھ نقدی یا ضرورت سےزائد سامان اتنا ہوکہ سب چیزوں کو ملاکر مجموعہ کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر یا اس سے زائدبنتی ہو توایسے میں آپ پر قربانی واجب ہوگی، ورنہ واجب نہیں ہوگی۔
حوالہ جات
العناية شرح الهداية (2/ 153)
(الزكاة واجبة على الحر العاقل البالغ المسلم إذا ملك نصابا ملكا تاما وحال عليه الحول).
بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (2/ 19)
فأما إذا كان له الصنفان جميعا فإن لم يكن كل واحد منهما نصابا بأن كان له عشرة مثاقيل ومائة درهم فإنه يضم أحدهما إلى الآخر في حق تكميل النصاب عندنا.
الفتاوى الهندية(191/1)
’’وهي واجبة على الحر المسلم المالك لمقدار النصاب فاضلاً عن حوائجه الأصلية، كذا في الاختيار شرح المختار، ولايعتبر فيه وصف النماء، ويتعلق بهذا النصاب وجوب الأضحية، ووجوب نفقة الأقارب، هكذا في فتاوى قاضي خان".
الدرالمختارمع ردالمحتار:(کتابالأضحیة،452/9)
’’وشرائطھا الإسلام والإقامة والیسار الذي یتعلق بہ وجوب صدقة الفطر اھ قوله: ”والیسار الخ“ : بأن ملک مائتي درھم أو عرضاً یساویھا غیر مسکنہ وثیاب اللبس أو متاع یحتاجہ إلی أن یذبح الأضحیة الخ‘‘.
عدنان اختر
دارالافتاءجامعۃ الرشیدکراچی
۲۹؍ذوالقعدۃ ؍۱۴۴۴ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | عدنان اختر بن محمد پرویز اختر | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


