| 84203 | جائز و ناجائزامور کا بیان | جائز و ناجائز کے متفرق مسائل |
سوال
اسلام ون اپپ کیسا ہے؟
تنقیح:سائل نے کال پر وضاحت کی کہ موبائل میں ایک ایپ ہے جس کا نام اسلام ون ایپ ہے اس میں قرآن کریم کے ترجمے اور احادیث موجود ہیں کیاان کو پڑھنا اور ا ن سے استفادہ لینادرست ہے یا نہیں ؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
ہمار ی معلومات کے مطابق اسلام ون ایپ میں درجہ ذیل فیچرموجود ہیں۔
1۔اذکار:اس میں صبح و شام کے مسنون اذکار،روزمرہ کی سنتیں،قرآنی دعائیں اور درود وسلام وغیرہ موجود ہیں،ان سب کو دیکھنے کےبعد ہمیں ان میں کوئی شرعی مانع نظر نہیں آئی،بلکہ ان میں اکثر اذکار قرآن و سنت سے لی گئی ہیں جن کا حوالہ بھی نیچھے دیاہوتاہے۔
2۔حدیث:احادیث کی کتابوں میں سے صحاح ستہ کے ساتھ ساتھ بیس کتابیں بمعہ اردو وانگلش ترجمہ کے ساتھ موجود ہیں ،ہماری تحقیق کے مطابق اس میں کسی قسم کی کوئی صریح غلطی موجود نہیں ہے۔
3۔ قرآن الکریم:قرآن کریم تین ترجموں کے ساتھ موجودہے ،پہلاترجمہ مولانا فتح محمد جالندہری صاحب،دوسراترجمہ مولانا سید ابو الاعلی مودودی صاحب اور تیسرا ترجمہ مفتی تقی عثمانی صاحب حفظہم اللہ کی ہیں،لہذا پہلے اور تیسرے ترجمے میں ہماری معلومات کے مطابق کوئی صریح غلطی موجود نہیں ہے،البتہ مودودی صاحب کی تحریروں اور کتابوں میں بے شمار باتیں اہلِ حق کے مسلک کے خلاف موجود ہیں،لہذا عوام ان کی تحریروں کے پڑھنے سے اجتناب کریں۔
4۔سیرت:سیرت میں حضور اکرم ﷺ کے ساتھ 33دیگر اصحا ب رسول رضی اللہ عنہم کی سیرت موجود ہے، سیرت نبی ﷺپر عبداللہ فارانی صاحب کی کتاب" سیرت النبی ﷺقدم بہ قدم "اور سیرت صحابہ پر مولانا خلیق احمد کی کتاب" اصحاب الرسولﷺ " کا سرسری مطالعہ کے بعد ان میں کسی قسم کی کوئی نقص نہیں ملا۔
5۔دینیات:دینیات میں مولانا سید ابوالاعلی مودودی صاحب کی کتاب دینیات موجودہے جس میں اسلام ،ایمان اور اطاعت ،نبوت ،ایمان مفصل ،عبادات اور دین و شریعت کے بارے لکھاہے،اس تحریر سے بھی وہی اوپر والی تفصیل کے مطابق پرہیز کریں۔
6۔فقہ:فقہ میں مولانا سید زوار حسین شاہ صاحب کی تصنیف زبدۃ الفقہ موجود ہے،اس میں ہماری معلومات کے مطابق کسی قسم کی کوئی صریح غلطی موجود نہیں ہے۔
7۔تاریخ:تاریخ میں مولانا اکبر شاہ نجیب آبادی کی کتاب تاریخِ اسلام موجود ہے جوکہ اردو میں تاریخ پر لکھی گئی کتابوں میں سے ایک بہترین کتاب ہے۔
8۔صحابہ:اس میں مولانامحمد یوسف کاندھلوی صاحب کی کتاب حیاۃالصحابہ رضی اللہ عنھم موجود ہے جوکہ ایک مستند کتاب ہے۔
9 ۔شعرو شاعری:اس میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی کتاب مجموعہ کلام موجود ہے جوکہ اردو اشعار میں ایک مقام رکھتی ہے۔
اس کے علاوہ نماز کےاوقات اور سمت قبلہ بھی موجود ہے جوکہ ہماری معلومات کے مطابق درست ہےاس میں کوئی صریح غلطی موجود نہیں ہے۔لہذا اس ایپ سے استفادہ کرنے میں کوئی حرج نہیں سوائے مولانا مودودی صاحب کی تحریروں کے،اس سے عوام کےنظریات گمراہ ہونے کا قوی اندیشہ ہے اس لئے ان کی تحریروں کے پڑھنے سے بچنے کا اہتمام کریں۔
حوالہ جات
۔
عبدالعلی
دارالافتا ء جامعۃالرشید،کراچی
03/ محرم الحرام/1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | عبدالعلی بن عبدالمتین | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


